وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات اور وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سید اسد عباس نقوی نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان کی امداد وبحالی ہمارا قومی و دینی فریضہ ہے، ملک سیلاب کی زد میں ہے عوام فلاحی سرگرمیوں میں دل کھول کرمدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ وحدت یوتھ کے رضا کار سیلاب متاثرین کے دکھوں کا مداوا کرنے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہیں۔
رواں ہفتے امدادی سامان کی بڑی کھیپ جنوبی پنجاب روانہ کی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں بلوچستان اورسندھ میں امدادی سامان بھیجا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہورمیں سیلاب متاترین کیلئے فنڈر یزنگ کرنیوالے وحدت یوتھ کے رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اسد نقوی نے مزید کہا کہ حالیہ غیر معمولی بارشوں کے نتیجہ میں آنیوالے سیلاب نے بڑی تعداد میں جانی و مالی نقصان کے علاوہ سڑکوں اور سرکاری عمارتوں کو بھی بھاری نقصان پہنچایا ہے جن کے ازالہ کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ بے آسرا و مصیبت زدہ سیلاب متاثرین کی دل کھول کر امداد کریں، پاکستانی قوم ہمیشہ سے ایسے حالات و واقعات میں بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کرتی ہے، اس وقت ہم سب کوایک بڑے انسانی المیے اور اموات سے بچنے کے لیے اپنی کوششیں تیز تر کرنا ہوں گی۔