قوم پاک وطن کے ان بہادر سپاہیوں کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن کی عزت و سربلندی اور وقار و آزادی کیلئے اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا،علامہ مقصود ڈومکی

06 ستمبر 2022

وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ قوم پاک وطن کے ان بہادر سپاہیوں کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن عزیز پاکستان کی عزت و سربلندی اور وقار و آزادی کے لئے اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا۔ پاک فوج کے جوانوں نے جذبہ حب الوطنی اور شوق شہادت میں اپنے سے بڑے دشمن کا شجاعت و بہادری سے مقابلہ کیا اور ہر مشکل وقت میں ملک و قوم کی حفاظت کی۔ پوری قوم اپنی بہادر افواج پر فخر کرتی ہے اور اپنی بہادر افواج کی پشت پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین و دستور کسی بھی ملک و قوم کے اتحاد اور ترقی کا ضامن ہے۔ پاکستان اسلامی جمہوریہ ہے۔ جس کا دستور قرآن و سنت کی روشنی میں اسلامی قوانین کے مطابق نظام مملکت چلانے کا پابند کرتا ہے۔ جبکہ دستور کے مطابق حق حاکمیت عوام کے منتخب صالح نمائندوں کو حاصل ہے۔ ایک جمہوری ملک میں فوجی آمریت کا کوئی جواز نہیں۔ آئین پاکستان نے فوج کے لئے جو ذمہ داریاں مقرر کی ہیں انہی حدود میں رہنے والی فوج ہی عوام کی محبت کا مرکز ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ان عظیم شہداء کو ہم سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جنہیں حیدر کرار مولا علی مرتضیٰ علیہ السلام کی شجاعت اور شہادت کی پیروی کے باعث نشان حیدر سے نوازا گیا۔ پاکستانی قوم اپنے شہداء کے پاکیزہ خون کو ضائع ہونے نہیں دے گی۔ اور قرآن و سنت کی روشنی میں ایک ایسی اسلامی جمہوریہ کا خواب شرمندہ تعبیر کرے گی جس کا خواب بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح اور حکیم الامت حضرت علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے دیکھا تھا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree