وحدت نیوز(ڈیرہ اسماعیل خان)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے سیلاب متاثرہ ڈیرہ اسماعیل خان کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، انہوں نے تحصیل پہاڑ پور کے گاؤں بستی سیدان میں متاثرہ جامعہ مسجد میں نمازیوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی صدر مولانا غضنفر نقوی سمیت عمائدین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری تعلیم عارف علی جانی، ضلعی عیدیداران سید تہور زیدی، ارتضیٰ، مولانا اظہر ندیم، سید ظہیر نقوی اور سید سبط حسن بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ناصر عباس شیرازی ایم ڈبلیو ایم ضلع اسلام آباد کے صدر اسد اور نوجوانوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ امدادی سامان کی 6 گاڑیاں لیکر ڈیرہ اسماعیل خان آئے، جو سامان متاثرین میں تقسیم کیا گیا۔
اس کے علاوہ ناصر شیرازی نے بستی فتح میں بھی متاثرہ گھروں کا دورہ کیا، علاقہ عمائدین سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ دکھ اور مشکل کی اس گھڑی مین اپنے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر تعمیر نو کے مرحلے میں بھی جائیں گے لیکن اولین ترجیح فوری ریلیف کی فراہمی ہے۔ اس کے علاوہ ناصر شیرازی نے چاہ سید منور شاہ ڈیرہ اسماعیل میں مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام کنٹرول سنٹر کا بھی وزٹ کیا۔ سیلاب سے متاثرہ گاؤں حاجی مورہ کے دورہ کے دوران انہوں نے مقامی مرکز برائے تقسیم امداد زیر اہتمام مجلس وحدت مسلمین کا معائنہ کیا۔ ناصر عباس شیرازی نے بہترین ریکارڈ مرتب کرنے اور منظم و بلاتفریق متاثرین کی مدد کرنے پر مقامی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔