وحدت نیوز(سکھر)ٹھکراٹھو ضلع سکھر میں جشن مولود کعبہ سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اھل سنت کے امام حاکم نیشابوری نے کتاب المستدرک میں لکھا کہ یہ بات تواتر سے ثابت ہے کہ حضرت امیرالمومنین علی کی ولادت کعبہ میں ہوئی۔ مولود کعبہ مولا علی علیہ السلام کی ذات گرامی میں تمام انسانی فضائل و کمالات جمع ہوئے اسی لئے رسول اللہ نے فرمایا کہ آدم کا علم نوح کا عزم ابراہیم کی خلت موسی کی ہیبت عیسی کا زہد اور حضرت محمد مصطفی کا جلال و جمال سب ذات علی میں جمع ہے۔ یعنی آپ انبیائے الہی کے وارث ہیں اسی لئے انبیاء کی صفات نے آپ کی ذات میں تجلی کی۔
انہوں نے کہا کہ عادلانہ معاشرے کا قیام انبیائے کرام کا ھدف تھا مولا علی ؑنے عدل و انصاف کی جو حکومت قائم کی وہ آج بھی تاریخ انسانی کا سنہری باب ہے۔ حضرت علی علیہ السلام نے حضرت مالک اشتر رضی اللہ عنہ کو مصر کا گورنر مقرر کرتے جو تفصيلی تحریر وہ آج دنیا بھر کے حکمرانوں کے لئے بہترین آئین حکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولا علی سے عشق و محبت ایمان کی نشانی ہے جبکہ مولا علی سے بغض و عداوت منافقت اور گمراہی ہے۔ مولا علی سے عشق و محبت کا یہ تقاضا ہے کہ ہم ان کے نقش قدم پر چلیں۔ جب تک ہمارے گفتار اور کردار سے کردار علوی کی خوشبو نہ آئے دعوائے محبت ادھورا ہے۔