وحدت نیوز(کوئٹہ) عشرہ محرم الحرام کی دوسری مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان اور مرکزی عزاداری سیل کے چیئرمین علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین عالی مقام علیہ السلام نے امت کی اصلاح کے لئے یزیدی سلطنت کے مقابلے میں قیام فرمایا تاکہ یزیدیت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا جائے۔ کربلا تاریخ انسانی کا سب سے بڑا واقعہ ہے جس نے انسانی معاشرے پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ کربلا فقط ایک حادثہ ہی نہیں بلکہ نظام حیات ہے۔ کربلا کے پیروکاروں نے عصر حاضر کے یزید کو ہر میدان میں رسوا کیا ہے اور وہ باطل کی ہر شیطنت کے مقابل ڈٹ کر کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عاشقان اھل بیت علیھم السلام کی سر زمین ہے یہاں یزیدیت کے پیروکاروں کے لئے کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کربلا اعلی انسانی اقدار کی تجلی گاہ کا نام ہے جہاں شجاعت ایثار فداکاری وفا عبادت و عبودیت الہی اور عشق خدا کی معراج ہے۔ کربلا صراط مستقیم الہی کا نام ہے جو ہر دور کے انسان کی ضرورت ہے ہمیں اپنی نوجوان نسل کو کربلائی اقدار اور اوصاف کا درس دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا عزاداری تحریک کربلا کا تسلسل ہے جو ہر دور کے یزیدیت کے خلاف قیام کا درس دیتی ہے۔ عزاداری ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے جس کی آئین پاکستان ہمیں ضمانت دیتا ہے کسی بھی مقام پر عزاداری مجلس عزا اور جلوس عزاء میں رکاوٹ غیر قانونی عمل ہے حکومت اور انتظامیہ عزاداروں کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کریں۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا عزاداری سیل مرکز صوبہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر عزاداروں کی خدمت اور معاونت کے لئے آمادہ ہے۔