وحدت نیوز(کوئٹہ)علمدار روڈ کوئٹہ پر جشن عید غدیر کے مرکزی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ غدیر کا پیغام فلاح انسانیت اور نظام ولایت و امامت امت مسلمہ کے اتحاد کا ضامن ہے لہذا شیعہ سنی مسلمانوں کو حضرت سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وصیت کے مطابق قرآن کریم اور عترت اھل بیت علیھم السلام کے گرد جمع ہونا چاہئے جو امت کی عزت و سربلندی کے ضامن ہیں۔ غدیر خم کے میدان میں سید لولاک نے ایک شخصیت کی ولایت و امامت کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ تا قیامت ایک نظام کا اعلان کیا جسے نظام ولایت کہا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر دور کے منصف مزاج اھل سنت علماء نے حدیث غدیر کا اعتراف کیا اور عشق آل محمد ص کے جرم میں قید و شہادت کی صعوبتیں برداشت کیں امام نسائی سے لے کر مولانا طارق جمیل اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری تک ان علماء کی طویل فہرست ہے جنہوں نے ناصبی سازش کے مقابلے میں عشقِ اھل بیت علیھم السلام کا درس دیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کی محفل جشن غدیر میں اھل سنت علماء کرام کی شرکت اتحاد امت کا عملی ثبوت ہے۔ اھل سنت کے علماء کرام اور عوام کو ناصبی ٹولے کی شرانگیزی پر گہری نظر رکھنی ہوگی جو یزید پلید کے وکیل صفائی بن کر آل امیہ کے فضائل بیان کرتے ہیں۔اس موقع پر تقریب جشن سے امام جمعہ کوئٹہ مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید محمد ہاشم موسوی، علامہ شیخ ولایت حسین جعفری ،علامہ موسی حسینی و دیگر نے خطاب کیا اور شعرائے کرام نے بارگاہ امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔