وحدت نیوز (راولپنڈی) راولپنڈی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے بھرپور مزاحمت اور کورونا ایس او پی کی بنیاد پر اجتماع میں ڈالی جانے والی تمام تر رکاوٹوں کے باوجود مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینیؒ کی 33ویں برسی کے موقع پر لیاقت باغ راولپنڈی میںعظیم الشان قرآن واہلبیتؑ کانفرنس کا باقائدہ آغاز ہوگیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اجتماع کا آغاز قاری محمد رضا نے تلاوت کلام الہیٰ سے کیا۔ نظامت کے فرائض چیئرمین کانفرنس نثار علی فیضی، ملک اقرار حسین اور مولانا ڈاکٹر یونس حیدری کررہے ہیں۔ اجتماع میں پنجاب بھر سے بھرپورجبکہ ملک کے مختلف اضلاع سے نمائندہ شرکت کی صورت میں لاکھوں فرزندان شہید عارف حسینی ؒ جس میں خواتین ، مرد ، بزرگ ، جوان اور بچے شامل ہیں جوق در جوق شریک ہورہے ہیں ۔
قرآن واہل بیت ؑ کانفرنس میں وحدت یوتھ پاکستان کےسینکڑوں رضا کارسکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، کانفرنس سے قومی وبین الاقوامی مذہبی وسیاسی شخصیات خطاب کریں گی جبکہ خصوصی خطاب قائد وحدت مرکزی سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کریں گے، یہ فقید المثال اجتماع رات دیر گئے اختتام پزیر ہوگا ۔