مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امام عالی مقام، نواسہ رسولﷺ حضرت حسین علیہ السلام کے یوم ولادت کے پر مسرت موقع پر محبان اہلبیت اطہار علیہم السلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حسینی فکر کو مشعل راہ بنا کر طاغوت و استعمارکا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ دنیا میں جتنی بھی حسینی تحریکیں ہیں سر بلند و سرخرو جبکہ مد مقابل پامال و رسوا ہیں۔ امام حسین علیہ السلام وہ شخصیت ہیں جنہوں نے انسانیت کو معراج عطا کی ہے.آپ نے جرات و استقامت کی وہ تاریخ رقم کی جس کی دنیا میں کوئی مثال موجود نہیں اور نہ ہی قیامت تک ہو گی۔
انہوں نے کہا آج دنیا کی استکباری قوتیں تمام تر وسائل رکھنے کے باوجود بھی حسینی پیروکاروں سے خائف ہیں۔جب بھی حق وباطل کا معرکہ ہو دنیا کی نظریں کربلائی فکر کا پرچار کرنے والوں پر جا کر رکتی ہیں۔ دنیا اس حقیقت سے آگاہ ہو چکی ہے کہ انسانیت کی فلاح درحسین علیہ السلام سے وابستگی کے بغیر ممکن نہیں۔ مسیحیت کے عظیم مذہبی رہنما پوپ فرانسِس کی آیت اللہ سید علی سیستانی کے در پر حاضری اس حقیقت کو آشکار کر رہی ہے کہ غیر مسلموں کے نزدیک بھی اگر اسلام کی کوئی شخصیت قابل احترام ہے تو وہ اولاد حسین ع ہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام سے ہماری وابستگی ہم پر اس ذات کریم کا خصوصی انعام ہے۔آج کا مقدس دن ہم سے اس عہد کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم نے اپنے آپ کو حسینی اپنے عمل و کردار سے ثابت کرنا ہے۔ ہمارا کردار ہماری گفتار کی تصدیق کرے۔حقیقی معنوں حسینی وہی ہو گا جس کوامام عالی مقام خود کہیں گے کہ یہ میرا سچا محب ہے۔