وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جیکب آباد کے زیراہتمام حضرت سیدہ ثانی زہرا جناب زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت با سعادت کی مناسبت سے ڈی سی چوک پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر تقریب جشن سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ سیدہ زینب کبری سلام اللہ علیہا نے دین اسلام کی بقا کے لئے عظیم قربانی دی آپ پیکر شرم و حیا مظہر شجاعت و صداقت اور اعلی انسانی اقدار کی علمبردار تھیں۔ لہجہ حیدر کرار میں آپ کے خطبات نے یزیدی سلطنت کی بنیادوں کو ھلا دیا۔
انہوں نے کہا کہ باپ کی زینت، ثانی زہرا اور شریکۃالحسین جیسے القاب آپ کی عظمت پر بین دلیل ہیں۔ آپ نے کربلا کے پیغام کو پوری دنیا تک پہنچایا اور یزیدی سلطنت کے پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دیا۔ آپ کی بے مثال جرات اور للکار نے باطل کے ایوانوں میں لرزہ طاری کر دیا آج بھی اہل حق کے لئے سیرت زینب کبریٰ اور کردار زینبی مشعل راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالم انسانیت آپ کے بے مثل کردار اور عظیم احسانات کو تا ابد یاد رکھے گی۔ آپ کی ذات میں پنجتن پاک کا پاکیزہ کردار متجلی ہوا آپ علی مرتضیٰ کے لئے زینت بنیں۔ تاریخ انسانی نے آج تک ایسا انسان نہیں دیکھا جس نے دین خدا کے دین کی راہ اس طرح طرح سے اپنا سب کچھ لٹا دیا ہو اور سب کچھ خدا کی راہ میں دے کر بھی کہا ہو کہ میں نے کربلا کے مقتل شام کے بازار میں جمال خدا دیکھا۔اس موقع پر تقریب جشن سے سید احسان شاہ بخآری وسیم لطیف مہر سعید کربلائی و دیگر نے خطاب کیا۔