وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے ملک میں بے قابو ہوتی ہوئی مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کو عوام کے لیے ناقابل برداشت بوجھ قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ عوام کو محض خوشنما وعدوں اور بلند وبانگ دعووں سے مطمئن نہیں کیا جاسکتا۔موجودہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ اشیائے خوردونوش اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے متوسط طبقے کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں بڑھتی ہوئی مہنگائی تحریک انصاف کی مقبولیت کے لیے سخت دھچکا ثابت ہو گی۔اگر حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام رہی تو اس کا سیاسی مستقبل حوصلہ افزاء نہیں ہو گا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر مہنگائی کے خاتمے کے لیے اقدامات کرے۔ضلعی سطح پر پرائس کنٹرول کے محکمے کی فعالیت، ناجائز منافع خوروں کے خلاف عملی اقدامات اور ذخیر اندوزوں کو قانون کے شنکجے میں لا کر خاطر خواہ نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔