وحدت نیوز(ساہیوال) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی نے ساہیوال کے دیہی علاقے سنگوراکہ میں اہل تشیع کی اس مسجد کا دورہ کیا جسے شرپسندوں نے گزشتہ دنوں شہید کر دیا تھا اور متولی کو شدید نتائج کی دھمکیاں دی تھیں۔انہوں نے مذکورہ واقعہ پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے علاقے کے امن کو تباہ کرنے کی سازش قرار دیا۔
دریں اثنا مرکزی رہنما نے ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل عبد الخالق اسدی اور ضلعی سیکرٹری جنرل مولانا ملازم حسین کے ہمراہ ساہیوال میں شیعہ عمائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد سے خطاب بھی کیا۔انہوں نے کہاکہ ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سزا ملنے تک خاموش نہیں بیٹھیں گے یہ ہمارے قومی وقار کا مسئلہ ہے۔وڈیو ریکارڈنگ میں مسجد پر حملہ کرنے والے افراد کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔متشدد فکر کے حامل افراد کے ساتھ لچک کے نتائج انتہا پسندی کی صورت میں گزشتہ تین دہائیوں سےپوری قوم بھگت رہی ہے۔دوسروں کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے والے کسی معافی کے مستحق نہیں۔مسجد کو شہید کرنے پر اکسانے والے مولوی اور دیگر کے خلاف اندراج مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی جائیں تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات کا سدباب ہو سکے۔ علاقے کے شیعہ اکابرین نے ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مسجد کی بلا تاخیر تعمیر نو کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا پولیس انتظامیہ کے متعصبانہ طرز عمل کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے پُرامن احتجاج سے عدالتی چارہ جوئی تک تمام آپشنز کو استعمال کیا جائے گا۔وڈیو کے ذریعے شناخت شدہ مجرمان کی پولیس حراست سے آزادی علاقے میں اشتعال پیدا کرنے کی سازش ہے۔اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والوں کا بھی احتساب ضروری ہے۔