وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بلوچستان کے علاقے مچھ میں شیعہ ہزارہ کمیونٹی کے متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اسرائیل اور امریکہ سمیت دیگر ملک دشمن قوتیں ارض پاک کو غیر مستحکم کرنے کے لیے ایک بار پھر متحرک ہو چکی ہیں۔ ملک میں موجود تکفیری سہولت کاروں کے ذریعے افراتفری اور انتشار پیدا کرنے کے ایجنڈے پر کام کیا جا رہا ہے۔گزشتہ دنوں ایف سی اہلکاروں کی شہادت اور دہشت گردی کی حالیہ کارروائی میں ایک ہی ہاتھ ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی،سیاسی اور اقتصادی استحکام کو تباہ کرنا ان عالمی قوتوں کے لیے نفع بخش ہے جو طاقت کے توازن کو مغرب سے مشرق کی جانب منتقل ہونے سے روکنا چاہتی ہیں۔ موجودہ حالات میں ریاستی اداروں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔انہیں مزید چوکنا ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں سے نبردآزما ہونے کے لیے پوری قوم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔بلوچستان حکومت کو چاہیے کہ وہ شیعہ ہزارہ برادری کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔انسانی جان کے ضیاع کی تلافی کسی طور ممکن نہیں۔شیعہ ہزارہ قبیلہ ماضی میں بھی کڑی آزمائش سے گزرا ہے۔ہم میں مزید لاشیں اٹھانے کی سکت باقی نہیں رہی۔ ظلم وزیادتی پر مشتعل ہونا فطری امر ہے۔اگر تکفیری دہشت گردوں پر قابو نہ پایا گیا تو ملکی صورتحال ایک بار پھر شدید تناؤکا شکار ہو جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں موجود یہود و ہنود اور را کے آلہ کاروں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے اور ملک دشمنوں کو عبرت ناک انجام سے دوچار کیا جائے چاہے وہ جس روپ میں بھی ہوں۔