وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے عالم تشیع کے عظیم عالم ، فیلسوف، استاد عرفان و اخلاق آیت اللہ محمد تقی مصباح یزدی ؒ کے اچانک انتقال پر دلی رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیاہے ۔
مرکزی میڈیا سیل سے جاری اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہاکہ عالم تشیع آج ایک عظیم فقیہ سے محروم ہوگیا ہے ، ان کی شخصیت حوزہ علمیہ قم کیلئے کسی نعمت عظمیٰ سے کم نہ تھی، ان کے محضر سے کسب فیض کرنا میرے لیئے کسی خوش نصیبی سے کم نہیں تھا۔
مرحوم آیت اللہ مصباح یزدیؒ نے ہزاروں شاگرد پروان چڑھائے جو آج دنیا بھرمیں مکتب اہل بیت ؑ کی ترویج وتشہیر میں شب وروز مصروف عمل ہیں،مکتب محمد وآل محمدؑ کیلئے ان کی علمی وعملی خدمات کو تاابد یاد رکھا جائے گا۔
اس عظیم سانحہ ارتحال پر مرحوم آیت اللہ محمد تقی مصباح یزدی ؒ کے تمام پسماندگان،عالم اسلام بالخصوص رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای کی خدمت اقدس میں ہدیہ تعزیت اور تسلیت عرض کرتا ہوں ۔