وحدت نیوز(جیکب آباد) مدرسہ خاتم النبیین کے زیر اہتمام ممتاز عالم دین حضرت علامہ قاضی سید نیاز حسین نقوی کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور مجلس عزا منعقد ہوئی مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے مدرسہ المصطفی خاتم النبیین کے پرنسپل اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ علامہ قاضی نیاز حسین نقوی کی مذہب و ملت کے لئے خدمات کو ہمیشہ سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ مرحوم اتحاد بین المسلمین کے داعی تھے اتحاد امت کے لئے ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے آپ نے قابل قدر خدمات انجام دیں آپ نے تبلیغات اسلامی کے لیے ملک کے مختلف علاقوں میں پرخلوص جدوجہد کی بلوچستان کے محروم علاقوں سے لے کر سندھ اور پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مساجد کی تعمیر دینی کتب کی نشر و اشاعت مدارس علمیہ کی تاسیس سمیت گرانقدر دینی خدمات انجام دیں۔
ان کامزید کہنا تھا کہ ایک بہترین قاضی اور جج کے طور پر آپ کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا شفیق اور مہربان انسان ہونے کے ساتھ ساتھ مذہب و ملت کے ایک پرخلوص خادم کی حیثیت سے ملت جعفریہ پاکستان کے اتحاد و وحدت کے لیے کوشاں رہے آپ کی وفات سے وطن عزیز پاکستان ایک جید عالم دین محب وطن شخصيت اور امن و اتحاد کی توانا آواز سے محروم ہوگیا۔