وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وزیر اعظم عمران خان کی طرف گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنانے کا اعلان پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اس فیصلے سے ان لاکھوں افراد کے دل جیت لیے ہیں جو گزشتہ ستر سالوں سے استحصال اور محرومی کی چکی میں پس رہے تھے۔جی بی کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین کا اولین مطالبہ وہاں کے عوام کی خواہشات کے مطابق آئینی حقوق کا حصول ہے۔تحریک انصاف اور ایم ڈبلیو ایم کے درمیان سیاسی اشتراک کا بنیادی نکتہ بھی یہی ہے کہ ملک کے دیگر صوبوں کی طرح جی بی کے عوام کو بھی ان سہولیات سے محروم نہ رکھا جائے جن کے وہ حقدار ہیں۔
انہوں نے کہا جی بی کے عوام ملک کے عظیم محب وطن اور مضبوط نظریاتی و جغرافیائی دفاع ہیں۔تحریک پاکستان سے قیام پاکستان تک ان کا جرات مندانہ کردار کسی سے پوشیدہ نہیں۔ایک طرف ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لیے دشمنوں کے آلہ کار محرومی کا رونا رو کر ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں جبکہ دوسری طرف جی بی کے عوام اپنے خطے کو وطن عزیز کا حصہ بنانے پر زور دے رہے ہیں۔حب الوطنی کی اس سے بڑی کوئی دلیل نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے کہا گلگت بلتستان صوبے کی تشکیل تحریک انصاف حکومت کا سب سے بڑا کارنامہ ہو گا جسے تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔یہ وقت جی بی کے عوام کے لیے بھی اس اعتبار سے سازگار ہے کہ وہ سیاسی و مذہبی جماعتیں کھل کر سامنے آ جائیں گی جو بظاہر عوامی حقوق کی دعویدار ہیں لیکن ان کے پس پردہ مقاصد مختلف ہیں۔عوام ایسے نمائندوں کو ہمیشہ کے لیے مسترد کریں جو جی بی کے آئینی صوبہ بننے کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔