وحدت نیوز(نواب شاہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے نواب شاہ اصغر آباد میں حضرت سیدہ سکینہ بنت الحسین علیہما السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آل رسول نے دین اسلام کی بقا کے لٸے جو لازوال قربانی دی وہ تاریخ انسانی میں بے مثال ہے مصائب و آلام میں شکر خدا کرتے ہوۓ دین کے تحفظ اور بقا کے لئے آل رسول نے یزید اور یزیدی کارندوں کے سامنے صدائے حق بلند کی اور یزید کے کردار کو بے نقاب کیا انہوں نے کہا کہ آج یزیدی ٹولہ ایک مرتبہ پھر بے نقاب ہو چکا ہے اور وہ یزید پلید کے مکروہ کردار پہ پردہ ڈالنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اہل سنت کے علماء اور اکابرین نے ہمیشہ آل محمد سے محبت اور مودت کا درس دیا ہے مگر ناصبی گروہ نے ہمیشہ یزید اور یزیدیوں کی طرفداری کرکے اسلام دشمنی کا ثبوت دیا ہے لہذا اہل سنت کے عوام کو ناصبیوں کی مکروہ سازشوں سے اپنے آپ کو بچانا چاہٸے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں شیعہ سنی مسلمان مل کر شہدا کربلا کو خراج عقیدت پیش کریں گے حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ تکفیری عناصر اور کالعدم جماعتوں کی شرانگیزی سرگرميوں پر گہری نظر رکھے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کے انکشافات کے بعد یہ ضروری ہو چکا ہے کہ حکومت اور ریاستی ادارے ان شر پسند عناصر پر گہری نظر رکھیں جو امریکہ اسرائیل اور بھارت جیسے اسلام دشمن ممالک سے ڈالر اور ریال لے کر اس ملک میں فتنہ و فساد برپا کرنا چاہتے ہیں۔