وحدت نیوز(اسلام آباد) جماعت اہل حرم پاکستان کے زیر اہتمام اتحاد امت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور ملک کے نامور شیعہ سنی علماءنے کثیر تعداد میں شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے مقررین نے اتحاد امت کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور کہا کہ عالم استکبار عالم اسلام کو تباہ کرنے کے لیے ہماری وحدت پر کاری ضرب لگانا چاہتا ہے۔ ہمیں اتحاد کو ڈھال بنا کر اس وار کو روکنا ہو گا۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ عالمی استعماری قوتوں کا غلبہ ٹوٹ رہا ہے۔اسرائیل سیاسی طور پر عدم استحکام کا شکار ہے۔وہاں ایک سال کے دوران تین بار انتخابات ہو چکے ہیں۔لبیا، مصر اور افغانستان بھی سیاسی بحران سے دوچار ہیں۔طاقت کی ڈور امریکہ کے ہاتھوں سے نکلتی جا رہی ہے۔امریکہ اپنی عالمی اجارہ داری برقرار رکھنے کے لیے مسلم ممالک کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔مختلف اسلامی ممالک میں مذہبی، سیاسی، معاشرتی بحران اور بڑھتی ہوئی مذہبی منافرت ان اسلام دشمن عالمی طاقتوں کا ایجنڈا ہے۔مذہبی، علاقائی اور مسلکی تعصب ہمارے ایک قوم بننے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔نفرتوں کی جو آگ ہمارے درمیان سلگائی جا رہی ہے ہم نے باہمی محبت کے جذبوں سے اسے راکھ کا ڈھیر بنانا ہے۔اس کام میں اللہ تعالیٰ اور اس کے ملائکہ ہماری مدد کریں گے۔
انہوں نے کہا کچھ قوتیں اس ملک میں سیاسی بحران کھڑا کرنا چاہتی ہیں۔ارض پاک کو دانستہ طور پر مشکلات کا شکار بنایا جاتا رہا ۔قوم کو صبر و استقامت اور دانش و بصیرت کے ساتھ ملک دشمنوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہو گا۔اس طرح کے اجتماعات اتحاد بین المسلمین کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔یہ کاوش اسی انداز سے جاری رہنی چاہیے تاکہ کسی تیسرے دشمن کو شر انگیزی کا موقع نہ مل سکے۔
کانفرنس میںمفتی گلزار نعیمی,ڈاکٹر راغب نعیمی،متحدہ اہلحدیث کے رہنما اسامہ بخاری، علامہ محمد نفیس قادری، پروفیسر ظفر اقبال، مفتی ابوبکر اعوان، ڈاکٹر شمس الرحمان شمس، مولانا محمد شریف ہزاروی، مولانا ڈاکٹر منیر احمد، میر آصف اکبر،علامہ عارف حسین واحدی و دیگر علما، دانشور اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔