وحدت نیوز(سبی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی ایک روزہ دورے پر ضلع سبی آئے اس موقع پر مرکزی امام بارگاہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ کو اتحاد اور وحدت کی ضرورت ہے وطن عزیز میں صدیوں سے شیعہ سنی مسلمان بھاٸی بھاٸی بن کر رہتے ہیں اور ان کے درمیان اخوت اور بھائی چارے پر مبنی تعلق قائم ہے۔ جبکہ اسلام دشمن سامراجی قوتیں مسلمانوں کو آپس میں لڑانا چاہتی ہیں لڑاو اور حکومت کرو کی سامراجی پالیسی کے تحت پاکستان کے اندر امریکی ڈالروں کے نتیجے میں فرقہ وارانہ منافرت کو ہوا دی جا رہی ہے۔ لہذا شیعہ سنی علماء اور اکابرین کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ محبت اور اخوت کی فضا کو قائم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ چہلم شہدا کربلا کے موقع پر پورے ملک میں تاریخی جلوس برآمد ہوں گے جس میں لاکھوں کروڑوں کی تعداد میں عاشقان اہلبیتؑ شریک ہوکر امام عالیمقام ع سے تجدید عہد کریں گے۔ امام حسینؑ عالی مقام نواسہ رسول ص کسی ایک فرقے کے نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ اور عالم انسانيت کے رہبر ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر فول پروف سیکورٹی انتظامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ ناٸیجریا کے عالمی شہرت یافتہ انقلابی رہنما علامہ ابراہیم زکزاکی جو بغیر جرم و خطا گزشتہ کٸی سال سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں انہیں فی الفور رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نائجیریا کی حکومت غیر آئینی طور پر ایک عالمی لیڈر کو قید میں رکھے ہوئے ہے جبکہ شیخ زکزاکی کی طبیعت صحیح نہیں ہے اور ان کے علاج کے لئے بھی کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ نائجیریا کی اعلی عدالت سپریم کورٹ ابراہیم زکزاکی کی فوری رہائی کے احکامات صادر کرے گی۔اس موقع پر اجلاس سےمجلس وحدت مسلمین ضلع سبی کے سیکرٹری جنرل بشیر حسین کربلائی اور دیگر نے خطاب کیا۔