وحدت نیوز(جعفرآباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایک وفد کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد عبدالرزاق خجک سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایام محرم میں بہتر انتظامات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور شیلڈ دی۔ اس موقع پر چہلم امام حسین علیہ السلام کے انتظامات گنداخہ میں پانی کا مسئلہ و دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے انہیں ماہ محرم کے انتظامات میں بھرپور تعاون کرنے پر سرٹیفکیٹ اور شیلڈ دیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ نواسہ رسول امام حسین عالی مقام علیہ السلام پوری انسانیت کے محسن ہیں اور پوری امت مسلمہ کے رہبر ہیں۔ ایام عزا میں انتظامیہ پولیس اور دیگر اداروں کی خدمات کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر ہم نے ڈپٹی کمشنر کو ایوارڈ شیلڈ پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گنداخہ کے عوام پینے کے پانی اور زرعی مقاصد کے پانی کے حوالے سے مشکل کا شکار ہیں جس کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر صاحب کو خصوصی طور پر توجہ دینی چاہٸے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد عبدالرزاق خجک نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران انتظامات کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں اور ملت جعفریہ کے رضاکاروں اور اکابرین کے تعاون پر بھی میں آپ کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ ایم ڈبليو ایم کے کارکنوں اور ذمہ داران کا ایام محرم کے دوران بھرپور تعاون رہا۔ انشاء اللہ عنقریب چہلم کے حوالے سے بھی اجلاس طلب کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ زرعی زمینوں کے پانی کی کمی دور کرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں جب کہ پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے بھی بعض این جی اوز کے ساتھ مل کر انتظامات کیے گئے ہیں انہوں نے یقین دلایا کہ اس سلسلے میں وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع جعفرآباد کے رہنما بھی موجود تھے.