وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کی صوبائی پولیٹیکل کونسل کا اجلاس جامعہ شہید مطہری ملتان میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے کی۔ اجلاس میں صوبائی پولیٹیکل کونسل کے اراکین صوبائی سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی، سید طاہر عباس گردیزی، سید نعیم حیدر کاظمی، رحمت حسین کھوسہ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، علامہ قاضی نادر حسین علوی اور دیگر موجود تھے۔ اجلاس میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا گیا۔ اجلاس میں خصوصی طور پر علامہ ملازم نقوی معاون مرکزی سیکرٹری سیاسیات اور عارف رضا زیدی ممبر مرکزی پولیٹیکل ایگزیکٹو کونسل نے خصوصی شرکت کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لیا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ الیکشن مہم جلد شروع کی جائے گی۔ اجلاس کے بعد ''وحدت نیوز'' سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن اہمیت کا حامل ہے، ہم اس بلدیات میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، اُنہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے دورہ جات کیے جائیں گے اور مختلف اضلاع میں اپنے اپنے نمائندوں کا اعلان کیا جائے گا۔