وحدت نیوز(کوئٹہ) فلسطین فاؤنڈیشن بلوچستان کے زیراہتمام مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے سالانہ آزادی القدس کانفرنس کی دعوتی مہم کے سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی سے ملاقات کی۔اور ان سے آزادی القدس کانفرنس کے انعقاد کے سلسلے میں مشاورت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فلسطینی عوام گزشتہ ستر سال سے ایک مظلوم قوم کی حیثیت سے اسرائیل کے مظالم برداشت کر رہے ہیں۔ جبکہ امریکہ اور دیگر عالمی سامراجی قوتیں مظلوم فلسطینیوں کو ان کا حق دینے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ غاصب اسرائیل کو سپورٹ کرنے کے لئے ڈیل آف سینچری کے نام سے ایک شرمناک منصوبہ تیار کیا گیا ہم تحریک آزادی فلسطین کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ فلسطین کے عوام مظلوم ہیں ہیں اور بیت المقدس اور قبلہ اول کی تحریک آزادی کو دنیا بھر کے مسلمانوں کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں۔ درایں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے فلسطین کانفرنس کے سلسلے میں نیشنل پارٹی کے رہنما سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ممتازعالم دین مولانا انوارالحق حقانی جماعت الدعوہ کے صوبائی امیر مولانا رانا محمد اشفاق کو دعوت دی۔