وحدت نیوز (قم) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے وفد کے ہمراہ حوزه علمیہ قم المقدسہ کی آفیشل نیوز ایجنسی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا،حوزه خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام والمسلمین راجہ ناصر عباس جعفری نے وفد کے ساتھ قم المقدسہ میں حوزه نیوز ایجنسی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور اس ادارے کی فعالیتوں کو قریب سے مشاہدہ کیا،اس دوران حوزہ نیوز ایجنسی کی چیف ایڈیٹر جناب حسن صدرایی عارف نے حوزه کی آفیشل میڈیا کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری امور خارجہ علامہ سید شفقت حسین شیرازی، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری امور خارجہ علامہ سید ظہیرالحسن نقوی دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔
حجت الاسلام والمسلمین راجہ ناصر عباس جعفری نے حوزه نیوز ایجنسی کی کاردگی کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ دینی میڈیا دنیا بھر کے مظلوموں کی آواز کو دنیا تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرے گا،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس نے اس دوره میں پاکستان کی موجوده صورتحال اور مجلس وحدت مسلمین کے کردار کے بارے میں حوزه نیوز ایجنسی سے تفصیلی گفتگو کی،واضح رہے کہ حوزه نیوز ایجنسی حوزه علمیہ قم المقدسہ کے آفیشل اور نہایت معتبر خبررساں اداروں میں سے ایک ہے۔