وحدت نیوز(خیرپور) اصغریہ آرگنائزیشن یونٹ بنگل خان چانڈیو کے زیراہتمام جشن مولود کعبہ کی تقریب منعقد ہوئی تقریب سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے صدر انتظار مہدی زرداری برادر فتح علی باقری و دیگر نے خطاب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حضرت امیرالمومنین امام علی علیہ السلام کا طرز سیاست دنیا بھر کے سیاست دانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ آپ نے سیرت انبیاء پر چلتے ہوئے اقتدار کی بجائے اقدار کی سیاست کو فروغ دیا۔ امام علی علیہ السلام کا دور حکومت دنیا بھر کے حکمرانوں کے لئے قابل تقلید ہے۔
انہوں نےکہا کہ آپ کا زھد و تقوی اور دنیا سے بے رغبتی حیرت انگیز ہے۔ آپ نے جن عظیم انسانوں کی تربیت کی وہ تاریخ بشریت کا ناز قرار پائے۔ مالک اشتر میثم تمار عمار یاسر جیسے سرفروش مجاہد اور قابل فخر کردار کہ جن پر بشریت کو ناز ہے۔تقریب جشن مولود کعبہ کے موقع پر اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام کوئز مقابلہ میں بہترین پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔
تقریب میں یوسی بافو کے چیئرمین رئیس نثار علی چانڈیو، علامہ سرفراز مہدی چانڈیو و دیگر شریک ہوئے۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان کےسیکرٹری سیاسیات حسنین رضا کربلائی کی ہولی کے موقع پروفد کے ہمراہ ہندو برادری کی تنظیم (پی- ایم-ڈی-پی)پاکستان مائنارٹیز ڈیموکریٹک پارٹی کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر اور بالمیک مندر کے پوجاری یشراج رجیت راجو لال چند سے ملاقات اور ان کے مندر جا کے ہندو برادری کو اُن کے مذہبی تہوار ہولی پر مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر حسنین رضا کربلائی کا کہنا تھا مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں تمام اقلیتی برادریوں کو حقوق اور ان کو تحفظ دینے پر یقین رکھتی ہے اور ان کے حقوق کی فراہمی کا حکومت سے مطالبہ کرتی ہے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا اسلام ایک امن پسند مذہب ہے جو اپنے حقوق کے ساتھ ساتھ دوسرے مذاہب کے حقوق کے تحفظ کی بھی بات کرتا ہے اور ان کو عزت کی نظر سے دیکھتا ہے، اسلام ہی وہ واحد مذہب ہے جس کا پہلا درس انسانیت ہے اور ہمیں فخر ہے الحمد اللہ پاکستان دنیا کے چند ممالک میں سے ایک ہے جہاں تمام مذاہب اور اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ۔
اس موقع ہندو اقلیتی تنظیم (پی-ایم-ڈی-پی) پاکستان مائنارٹیز ڈیموکریٹک پارٹ کے رہنما روی داس، بابر داس، صابر داس بھی موجود تھے جنہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے وفد کو ہولی کے موقع پر ہندو برادری کی خوشی میں شامل ہونے پر اُن کا شکریہ ادا کیا،مجلس وحدت مسلمین کے وفد میں برادر گلفام حیدر ،نجف عباس کربلائی اورحیدر کربلائی بھی شامل تھے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے مشقی پرواز کے دوران پاک فضائیہ کے ایف سولہ طیارے کے حادثے اور ونگ کمانڈر نعمان اکرم کی شہادت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے پوری قوم کے لیے المناک سانحہ قراردیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ غمزدہ خاندان اور پاک فضائیہ کے دُکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ قومی سلامتی کے لیے پاک فضائیہ کا جرات مندانہ کردار اور قربانیاں ہماری تاریخ کا سنہری باب ہے جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے شہید ہواباز کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی ہے۔
واضح رہے کہ یوم پاکستان کی فضائی مشقوں میں مصروف پاک فضائیہ کا جنگی ایف 16طیارہ آج شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد کے نزدیک گر کر تباہ ہوگیا جس میں ونگ کمانڈرنعمان اکرام شہید ہوگئے تھے۔
اس افسوس ناک واقعے میں جام شہادت نوش کرنے والے ونگ کمانڈر نعمان اکرم 2019میں شیر افگن ٹرافی جیت چکے تھےجوکہ پاک فضائیہ میں ایک بہت بڑا اعزازمانا جاتا ہے۔ذرائع کے مطابق ونگ کمانڈرنعمان اکرم ایک قابل تجربہ کار اور دلیر فائٹر پائلٹ تھے ۔
وحدت نیوز(کشمور) بخشاپور ضلع کشمور اور حوالدار بروہی جیکب آباد میں منعقدہ جشن مولود کعبہ کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حضرت امیرالمومنین امام علی علیہ السلام کی پوری زندگی دین اسلام کی سربلندی اور باطل کے خلاف جدوجہد میں گذری۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے آپ کو معیار حق قرار دیا اور فرمایا حق علی کے ساتھ ہے اور علی حق کے ساتھ ہیں۔
انہوں نےکہا کہ کسی بھی انسان کی شناخت کا بہترین معیار ان کی گفتگو اور کلام ہے اسی لئے نہج البلاغہ معرفت مولا علی ع کا ذریعہ بھی ہے اور عظمت علی علیہ السلام پر بہترین سند بھی ہے۔انہوں نےکہا کہ عصر حاضر میں سیرت علوی بشریت کی ھدایت و رہبری کا بہترین معیار ہے۔ اپنی عظمت کردار امام علی علیہ السلام ہر دور کے انسانوں کے محبوب ترین پیشوا بن گئے دنیا بھر میں ہر مذھب رنگ و نسل کے انسان مولا علی ؑ سے محبت کرتے ہیں۔
وحدت نیوز(تھرپارکر)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اندرون سندھ کے اضلاع میرپورخاص، تھرپارکر اور عمرکوٹ کا دورہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اندرون سندھ کے مختلف اضلاع کا چار روزہ دورہ کیا، اس دوران مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ مختار امامی، سیکریٹری جنرل سندھ علامہ سید باقر عباس زیدی، صوبائی رہنماء علامہ نقی حیدری، ارشد اللہ مکتبی، یعقوب حسینی، ندیم جعفری، علامہ نقی حیدری، اسد کربلائی و دیگر رہنماء بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے گوٹھ گلشیر خان میرپورخاص شوگر مل میں علاقہ عمائدین و شہریوں سے ملاقات کی اور خطاب کیا۔ گوٹھ سنجر خان بنگلانی میں جشن مولود کعبہ کے فقید المثال اجتماع سے علامہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی امام بارگاہ پیر پنج میں مقامی شہریوں سے ملاقات کی اور حالات حاضرہ پر خطاب کیا۔ اس موقع پر شہریوں نے علامہ ناصر عباس جعفری کا شاندار استقبال کیا، جبکہ علاقہ معززین اور امام بارگاہ کی انتظامیہ کی جانب سے انہیں سندھ کی ثقافتی اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا۔ سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے عمرکوٹ پریس کلب کے صدر عمران شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، عمران شاہ سے ان کی والدہ ماجدہ کے انتقال پر تعزیت پیش کی اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے چھاچھرو سٹی میں ایم ڈبلیو ایم کے شعبہ فلاح و بہبود و خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ ٹرسٹ کے زیر اہتمام چلنے والے امام حسن عسکریؑ کلینک کا دورہ کیا، کلینک کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں موجود عملے اور مریضوں سے ملاقات کی۔ دراین اثنا علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امام بارگاہ حیدری چھاچھرو سٹی میں مقامی شہریوں سے خطاب بھی کیا۔
وحدت نیوز(سکردو) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان آغا علی رضوی نے اپنے ایک تعزیتی بیان میں روندو حادثے پر شدید صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روندو میں پیش آنے والا دلخراش سانحہ انتہائی افسوسناک ہیں۔دکھ کی اس گھڑی میں حادثے میں جان بحق ہونے والے مسافرین کے لواحقین کو تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ غم کی اس گھڑی میں پوری قوم لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہے۔ بلتستان میں دو درجن سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع کا ازالہ ممکن نہیں اسوقت پورا گلگت بلتستان سوگ کے عالم میں ہے۔ اس دلخراش واقعے پر گلگت بلتستان میں تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گلگت سکردو روڈ پر حادثہ معمول بن چکا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ایسے حادثات کی پیش بندیاں کرنے والے ذمہ داران غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس حادثے کے ذمہ داران کا تعین کر کے ان کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کے لیے ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔ گلگت سکردو روڈ کی بروقت اور معیاری تکمیل سے بھی ایسے حادثات میں کمی ہو سکتی ہے۔