وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سربراہ آغا علی رضوی کی قیادت میں ایک وفد نے کمشنر بلتستان ریجن سے ملاقات کی۔ملاقات میں کورونا وائرس کے بچاو کے لیے ملک بھر میں اٹھانے جانے والے اقدامات کے نتیجے میں آنے والی مشکلات بلخصوص پنڈی اسلام آباد سے سکردو آنے والے مسافرین کے لیے ناکافی ٹرانسپورٹ اور بلتستان میں قرنطینہ میں رکھنے والے محترم ذائرین کے تحفظات اور شکایات سے بھی آگاہ کیا۔
آغا علی رضوی نے کہا کہ رستے میں موجود زائرین کو باعزت طریقے سے بھرپور سہولیات کے ساتھ بلتستان پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قرنطینہ میں موجود تمام زائرین کو بھرپور سہولتیں دی جائیں بلخصوص انکو دئے جانے والی طبی سہولت، بجلی کی فراہمی اور اشیائے خوردو نوش میں کسی قسم کی شکایت برداشت نہیں کی جائے گی، نیز انکی عزت و احترام انکے ساتھ مشفقانہ اور تکریمانہ برتاو کو ہر صورت میں یقینی بنائی جائے۔ قرنطینہ میں موجود زائرین، ہوٹل انتظامیہ، ڈیوٹی پر مامور پیرامیڈیکل سٹاف اور پولیس اہلکار کے لیے بھی ماسک،دستانے اور دیگر حفاظتی ضروریات کو یقینی بنایا جائے۔
آغا علی رضوی نے کہا کہ اس مہلک مرض کے خلاف زائرین کی قربانیاں قابل تعریف ہیں علما،سماجی کارکنان،عمائدین،جوان اور عوام حفاظتی اقدامات کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور اس چیلنج سے پوری قوم کو مل کر نمٹنا ہوگا۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی خصوصی ہدایت پر ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی رات گئے وفد کے ہمراہ ملتان میں زائرین کے لیے قائم کیے گئے قرنطینہ سنٹر پہنچ گئے، زائرین کی رہائش گاہ کا جائزہ لیا، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طیب خان نے اُنہیں قرنطینہ سنٹر کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی، ثقلین نقوی، ضلعی سیکرٹری جنرل مرزا وجاہت علی، قیصر عباس، فخر نسیم، ڈویژنل صدر آئی ایس او ملتان شہریارحیدر اور دیگر بھی موجود تھے۔
علامہ اقتدار نقوی نے قرنطینہ سنٹر میں زائرین کی رہائش گاہ کا جائزہ لیا اور اطمینان بخش قراردیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طیب خان نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ زائرین ہمارے بھائی ہیں اور ملتان میں ان کے لیے بہتر اقدامات کیے گئے ہیں، تمام زائرین کو الگ الگ کمروں میں رکھا گیا ہے اور اُن کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ بارہ سو سے زائد زائرین کی رہائش اور طعام کا اہتمام کیا گیا ہے، اس کے علاوہ بچوں اور خواتین کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے، طیب خان کے مطابق زائرین کے لواحقین کے لیے بھی خصوصی جگہ بنائی گئی ہے، علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ سکھر اور ڈیرہ غازیخان کی نسبت ملتان میں زائرین کے لیے بہتر اقدامات کیے گئے ہیں، ہم اُمید کرتے ہیں کہ جس طرح سکھراور ڈیرہ غازیخان میں زائرین کے ساتھ سلوک کیا گیا ہے اس طرح کا ملتان میں نہیں ہوگا۔
وحدت نیوز (جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے عزم و ہمت اور قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ مشکل وقت میں ہمیں ایک دوسرے کا سہارا بننا چاہئے۔ زائرین کے لئے تفتان بارڈر پر قرنطینہ کے ناقص انتظامات کے باعث ایک طرف زائرین کو شدید تکالیف سے گذرنا پڑا تو دوسری جانب یہ وائرس کے پھیلنے کا باعث بنا۔ حکومت تفتان بارڈر پر انتظامات کو بہتر بنائے۔
انہوں نےکہا کہ مجلس وحدت مسلمین اور ملت جعفریہ کے رضاکار جوانوں نے عزم و ہمت سے زائرین کی خدمت کرکے خدمت کی بہترین مثال قائم کی۔ ایم ڈبلیو ایم کے کارکنوں میں ہر مشکل وقت میں ملک و ملت کی خدمت کا پر خلوص جذبہ موجود ہے۔ انہوں نےکہا کہ مختلف متاثرہ ممالک سے آنے والے مسافروں کے لئے قرنطینہ کا کوئی پروگرام نہیں جبکہ فقط زائرین کے لئے قرنطینہ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ جس نے بہت سارے سوالات کو جنم دیا ہے۔ زائرین کے خلاف متعصبانہ رویوں کو ختم کیا جائے۔ حکومت زائرین کے لئے قائم کئے گئے قرنطینہ مراکز میں انتظامی نقائص کو برطرف کرتے ہوئے زائرین کی بہتر خدمت کی مثال قائم کرے۔
انہوں نےکہا کہ ملک میں جاری لاک ڈاون کی صورت میں دھاڑی دار مزدوروں اور خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کے لئے تین وقت کا کھانا نا ممکن ہوچکا ہے۔ حکومت معاشرے کے غریب اور مستضعف طبقات کے لئے خصوصی اہتمام کرے۔
وحدت نیوز(گلگت) حکومت زائرین کے ساتھ ہونے والی بد سلوکی ختم کرے ۔ متعدی بیماری کی روک تھام کیلئے مجوزہ تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے اور زائرین کو تفتان بارڈر سے گلگت بلتستان پہنچانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں ۔ تفتان بارڈر پر قرنطینہ گزارنے والے زائرین کو ;C-130 کے ذریعے گلگت پہنچایا جائے ۔
مجلس وحدت مسلمین کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ تفتان بارڈر پر زائرین کے ساتھ غیرانسانی سلوک روا رکھنا انسانیت کی تذلیل ہے ۔ قرنطینہ کے نام پر خواتین،بزرگوں اور بچوں کے ساتھ انتہائی زیادتی کی جارہی ہے ۔ قرنطینہ میں زائرین کو بہتر سہولتیں فراہم کرکے اور بیمار زائرین اور کرونا وائرس کے شکار لوگوں کے دل جیت لئے جائیں ۔ عوام کو خوف میں مبتلا کرنے کی بجائے کرونا وائرس سے پیدا شدہ صورت کا مقابلہ کرنے اور اس بیماری کی روک تھام کی کوششیں تیزکی جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ تفتان بارڈر پر قرنطینہ گزارنے والے افراد کو بسوں میں ذلیل کرنے کی بجائے ;C-130 کے ذریعے گلگت پہنچاکر سکریننگ کی جائے ۔ کرونا وائرس کے پھیلاءو کو روکنے کی ہرممکن تدبیر کی حمایت کرتے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ زائرین کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ جو زائر تفتان میں سکریننگ اور قرنطینہ گزار چکے ہیں انہیں باربار سکریننگ اور قرنطینہ پر مجبور کیوں کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زندہ قو میں بہترین تدابیر اختیار کرکے اس قسم کے قدرتی آفات سے مقابلہ کرتے ہیں اور وبائی بیماریوں کو ماربھگاتے ہیں لیکن یہاں تو بہترین تدابیر اختیار کرنے کی بجائے عوام کو خوف وہراس میں مبتلا کردیا گیا ہے ۔
انہوں نے راولپنڈی میں پھنسے طلباء وطالبات کو فوری طور گلگت پہنچانے کیلئے اضافی بسیں چلانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ کرایوں میں من مانی اضافہ کرنے والی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کئے جائیں اور گلگت بلتستان کے طلباء وطالبات کی پریشانیوں کو فوری طور پر ختم کیا جائے ۔
وحدت نیوز(بہاولپور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں ڈکٹیٹروں کی حکومت ہے اور عرب ممالک پر بادشاہ حکومت کر رہے ہیں۔ امام خمینی (رح) نے فرمایا تھا کہ حق مانگنے سے نہیں بلکہ حق چھیننے سے ملتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی ایس او بہاولپور ڈویژن کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ پاکستان میں کامیابی چاہتے ہیں تو رہبر معظم سید علی خامنہ ای کے فرمان پر عمل کرتے ہوئے قیام کریں اور میدان میں حاضر رہنا ہوگا۔ ہمیں خانقاہیت کو ترک کرکے میدان میں نکلنا ہوگا۔ امام خمینی (رح) کے انقلاب کی کامیابی قوم کو میدان میں حاضر رکھنا ہے، حالانکہ امام کے پاس کوئی اسلحہ نہیں تھا۔ لیکن قوم کی آمادگی اُن کی کامیابی کا سبب بنی۔
اُنہوں نے کہا کہ ہمارا افتخار ہے کہ ہمارے لیڈر سید علی خامنہ ای ہیں۔ پوری دنیا میں ایسا کوئی لیڈر نہیں جو ہمارے عظیم رہنما کے مدمقابل ہو۔ آئی ایس او پاکستان رہبر کبیر امام خمینی، شہید قائد علام عارف حسین الحسینی، ڈاکٹر محمد علی نقوی اور دیگر شہداء کی امانت ہے۔
وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پا کستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نے راولپنڈی میں پھنسے ہوئے طلباء کو سکردو پہنچانے کے لیے فوری اقدامات اٹھانے اور ان کی مشکلات کے حل کے لیے کمشنر بلتستان اور ڈپٹی کمشنر سکردو سے ٹیلی فون پہ رابطہ کیا۔
کمشنر بلتستان اور ڈپٹی کمشنر سکردو نے یقین دہانی کرائی کہ راولپنڈی میں پھنسے ہوئے طلباء اور مسافرین کو سکردو پہنچانے کے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ طلباء کو مشکل پیش آنے سے قبل ہی انتظامیہ کو اقدامات اٹھانا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ طلباء سے مسلسل رابطے میں ہے اور فوری ریلیف ملنی چاہیے۔ کمشنر بلتستان اور ڈپٹی کمشنر کی یقین دہانی پر آغا علی رضوی نے اس امید کا اظہار کیا کہ فوری مسائل کا حل بلتستان انتظامیہ نکالے گی۔