وحدت نیوز(جیکب آباد) ضلع جیکب آباد کی سیاسی سماجی اور مذہبی تنظیموں کا اہم اجلاس مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے احتیاطی تدابیر ، لاک ڈاون کی صورت حال اور غریب اور دھاڑی دار مزدوروں کی مشکلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ غریب عوام اور مزدور طبقہ فاقہ کشی پر مجبور ہے جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومت فقط اعلانات تک محدود ہے اگر اس وباء کے سبب لاک ڈاون میں مزید اضافہ کیا گیا تو لوگ فاقے سے مریں گے۔اس موقع پر جدوجہد کمیٹی کے جنرل سیکرٹری سید غلام شبیر نقوی نے کہا کہ کرونا وائرس کو قوم کے درمیان اختلاف کا سبب نہ بنایا جائے ہمیں متحد ہو کر اس وباء کو شکست دینی ہے۔
جسقم رہنما عبدالمنان سندھی نے کہا کہ وڈیروں اور منتخب نمائندوں کو اس وقت غریب عوام کے درمیان ہونا چاہیے تھا مگر کروڑوں روپے الیکشن پر خرچ کرنے والے آج ایک روپیہ غریب ووٹر پر خرچ کرنے کے لئے تیار نہیں۔جماعت اصلاح المسلمین کے رہنما عبدالباقی طاہری ، ڈومکی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے رہنما استاد عبدالفتاح ڈومکی، مسلم لیگ ف کے رہنما مقدم فداحسین لاشاری ،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مقدم فداحسین لاشاری ،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما احسان علی سہاگ، سندھ ترقی پسند پارٹی کے رہنما صاحب خان، اقلیتی رہنما دیشی رام کمار و دیگر شریک ہوئے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسدعباس نقوی نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کو خط کے ذریعے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے تبلیغی جماعت پر کورونا وائرس پھیلانے کے الزامات پر سپیکر پنجاب اسمبلی کا دو ٹوک موقف بلاشبہ لائق تحسین اور حالات کے عین متقاضی ہے، کسی بھی وبا کے پھیلاؤ کو کسی مخصوص مسلک یا طبقے کیساتھ جوڑ کر نفرت پھیلانا بلاشبہ غیر مناسب اور ناقابل قبول عمل ہے، جو قوتیں ملک میں کورونا وائرس کے نام پر مسلکی بحث چھیڑنا چاہتی ہیں وہ کسی بھی طور پر پاکستان کی خیرخواہ نہیں، ان کی طرف سے کہے جانیوالے اس جملے نے ابہام اور شکوک و شبہات پیدا کر دیئے ہیں کہ ایک مخصوص طبقہ تبلیغی جماعت کیخلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے۔
اسد نقوی نے کہا کہ مختلف شرپسند عناصر سپیکر پنجاب اسمبلی کے بیان سے جلتی پر تیل ڈالنے کا کام لے رہے ہیں، آپ کو یہ واضح کرنا چاہیے کہ وہ کون سا طبقہ ہے جو تبلیغی جماعت کے بارے میں منفی پروپیگنڈے میں مصروف ہے، اس سے قبل ایران سے واپس آنیوالے زائرین کو بھی انہی الزامات کا سامنا رہا ہے، تاہم اب حقائق کھل کر سامنے آ چکے ہیں اور وقت نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ سارے الزامات لغو اور دشمنوں کی کارستانی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی چونکہ ایک سیاسی جماعت کے قائد بھی ہیں جن کے ووٹرز میں ہر طبقے کے لوگ موجود ہیں، ان کا یہ اخلاقی فرض تھا کہ وہ تبلیغی جماعت کی طرح زائرین کے سروں پر بھی دست شفقت رکھتے اور اسی انداز سے ان کا بھی دفاع کیا جاتا تاہم ایسا نہیں کیا گیا۔
اسد عباس عباس نقوی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ قاف اور مجلس وحدت مسلمین ماضی کی حلیف جماعتیں ہیں جن کے پائیدار تعلقات رہے ہیں اور مسقبل میں بھی ایسے ہی تعلقات قائم رہنے کے خواہشمند ہیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی کو چاہیے کہ وہ اس سلسلے میں اپنا موقف کھل کر بیان کریں تاکہ بے سروپا پروپیگنڈہ کرنیوالے عناصر کی حوصلہ شکنی اور آپ کی پوزیشن واضح ہو اور زائرین سے ہونیوالے ناروا سلوک کیخلاف بھی آواز بلند کریں۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس ڈیزاسٹرمینجمنٹ سیل ذیلی ادارہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے سید زین رضوی کی زیر نگرانی کورونا وائرس کے لاک ڈاؤن کے سبب شہرقائد کے متاثرہ ڈیلی ویجز ملازمین کیلئے راشن بیگز کی فراہمی کا دوسرا مرحلہ بھی مکمل کرلیا گیا۔
المجلس ڈیزاسٹرمینجمنٹ سیل کراچی ڈویژن کے چیئرمین سید زین رضوی نےوحدت نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اب تک ضلع وسطی، غربی،جنوبی، شرقی، ملیر، لانڈھی کورنگی کے 1500سے زائد متاثرہ خاندانوں میں بلاتفریق رنگ ونسل مذہب ومسلک تقسیم یہ راشن بیگز تقسیم کیئے گئے ہیں ۔ الحمد اللہ راشن بیگز کی تقسیم کے تیسرے مرحلے کی تیاریوں آغاز بھی کردیا گیا ہے ، مخیرحضرات زیادہ سے زیادہ مالی تعاون فرماکر اس کارخیرمیں بھرپورحصہ لیں۔
وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے وفد نے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی کی قیادت میں قرنطینہ سنٹر ملتان میں ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک سمیت چیف وہپ قومی اسمبلی ایم این اے ملک عامر ڈوگر، صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طیب خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، صوبائی رہنما مہر سخاوت علی سیال اور ثقلین نقوی موجود تھے۔ علامہ اقتدار نقوی نے اعلیٰ حکام سے ملاقات کے دوران زائرین کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ زائرین کی خوراک کے حوالے سے کافی شکایات ہیں، ضلعی انتظامیہ اس حوالے سے فوری اقدامات کرے۔
علامہ اقتدار نقوی کا کہنا تھا کہ دیگر قرنطینہ سنٹرز کی طرح ملتان کے زائرین کو ٹیسٹ رپورٹ نیگٹیو آنے پر جلد اپنے علاقوں کے لیے روانہ کیا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ ملتان میں زائرین نے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے، اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ انہیں فی الفور اپنے گھروں کو روانہ کیا جائے، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ان کو فی الفور حل کیا جائے گا۔ الحمداللہ ملتان کے زائرین میں بہت کم افراد کے رزلٹ پازیٹو آئے ہیں اور جن کے رزلٹ پازیٹو آئے، وہ بھی جلد روبصحت ہو جائیں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین نے عراق اور ایران میں پھنسے زائرین کی واپسی میں رکاوٹیں دور کرنے کے لیے اسلام ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔درخواست میں وطن واپس پہنچنے والے زائرین کے علاج معالجے اوردیگر سہولیات کی فراہمی کی بھی استدعا کی گئی۔درخواست کو سماعت کے لیے منظور کر لیا گیاہے۔
درخواست گزار نے وفاق،وزارت دفاع، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خارجہ اور چیئرمین پیمرا کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیارکیا کہ زیارات کی غرض سے جانے والے مسافروںکو پاکستان واپس نہیں آنے دیا جا رہا ہے جس کے باعث زائرین اور ان کے اہل خانہ شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔ حکومت کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے شہریوں کی بحفاظت واپسی کے لیے فوری انتظامات کرے۔
درخواست میں کہا گیا کہ عدالت زائرین کی وطن واپسی کے لیے خصوصی پروازیں چلانے یا انہیں زمینی راستے سے واپس لانے کے احکامات صادر کرے درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ وطن واپس پہنچنے والے زائرین کے علاج معالجے پر توجہ نہیں دی جا رہی ۔کرونا وائرس جیسی وبا کے معاملے میں بے احتیاطی سنگین غلطی ثابت ہو سکتی ہے۔حکومت زائرین کی صحت سے متعلق معاملات پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے اقدامات کا اعلان کرے۔درخواست پر باقاعدہ سماعت (آج) بروز بدھ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کے روبرو ہو گی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) جنگ گروپ کے چیئرمین،پبلشر اور نامور صحافی میر جاوید الرحمن کے انتقال پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس شعبہ صحافت کا عظیم نقصان قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم کی طویل صحافتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔جنگ گروپ نے میر جاوید الرحمن کی سربراہی میں جس جرات،جذبے اور لگن سے صحافتی سفر جاری رکھا وہ مثالی ہے۔انہوں نے مرحوم کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔