وحدت نیوز (آرٹیکل) بعض لوگ آج ان کی شہادت کو اکیس برس ہونے کے باوجود سمجھ نہیں پائے کہ ان کی شخصیت میں اس قدر جاذبیت اور مقناطیسیت کیوں تھی، بلاشبہ وہ شہادت سے پہلے کی زندگی میں تو بے حد جاذبیت رکھنے والے شہید قائد کے بعد سب سے بڑی شخصیت تھے، مگر ان کی شہادت کے بعد بھی ان کی جاذبیت اور مقناطیسیت کا یہ عالم بہت سے لوگوں کو ورطہء حیرت میں ڈالے ہوئے ہے اور وہ انگشت بدندان ہیں کہ اکیس برس ہونے کو آئے، نوجوان آج بھی ان کی شخصیت کو آئیڈیالائز کرتے ہیں، ان کے مزار پہ دیوانہ وار آتے ہیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ان کی یاد میں گریہ ہوتا ہے، ان کی باتوں، ان کی کہانیوں، ان کے کارناموں، ان کے شجاعانہ قصوں، ان کے فلاحی منصوبوں، ان کے یادگار اور پر اثر لیکچرز، ان کے دلنشین خطابوں، ان کے حیران کر دینے والے منصوبوں اور ان کی زندگی کے ان گنت و لامتناہی سلسلوں کا تذکرہ ہوتا ہے، انہیں خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے، انہیں سلام عقیدت اور نذرانہ محبت پیش کیا جاتا ہے۔
یہ سب واقعی بہت حیران کر دینے والا ہے اور ہر اس شخص کیلئے اس میں حیرت کا مقام ہے، جس نے شہید ڈاکٹر کو زندگی میں نہیں دیکھا اور جس کو ان کی قربت نصیب نہیں ہوسکی اور جو ان سے فیض نہیں پا سکا یا جسے ان سے کسی بھی وجہ سے رغبت نہیں تھی، مگر ہر اس دوست کیلئے جس نے ان کی قربت حاصل کی، جس نے انہیں کام کرتے دیکھا، جس نے انہیں متحرک اور مسلسل فعال پایا، جس نے انہیں لوگوں کا درد محسوس کرتے دیکھا، جس نے انہیں قومیات میں اپنی زندگی کے قیمتی ایام، ماہ و سال خرچ کرتے دیکھا، جس نے انہیں ایثار و قربانی کی عملی تصویر بنے دیکھا، جس نے انہیں نوجوانوں کے مسائل حل کرتے دیکھا، جس نے انہیں افق پاکستان پر روشن اور چمکتے، دمکتے دیکھا، اس کے سامنے یہ محبتوں اور عقیدتوں کے نچھاور ہونے والے پھول اور جاذبیت کے یہ نمونے کسی بھی طور انجانے اور غیر فطری نہیں، ہاں۔۔یہ اس خلوص کا انعام ہی تو ہے جو وہ لوگوں پر نچھاور کرتے تھے، یہ اس قربانی اور ایثار کا بدل ہی تو ہے جو وہ کسی عام سے انسان کیلئے دیتے ہوئے شرم محسوس نہیں کرتے تھے، یہ اس درد کا حاصل ہی تو ہے جسے اپنے سینے میں سجائے وہ کراچی سے لیکر بلتستان تک اور کوئٹہ سے لیکر پاراچنار تک کے مومنین کیلئے محسوس کرتے تھے۔
بھلا کوئی اور ہے تو اسے سامنے لایا جائے کہ جو ان کا مقابلہ کرسکے، جس کی خدمات اور کارناموں کی فہرست اور خلوص و مہربانی کا معیار ان کے عشر عشیر بھی ہو، جس کے دن اور رات، ماہ و سال مسلسل قومی زندگی کا آئینہ ہوں، جس پر اعتماد کیا جاتا ہو، جو امید اور آسرا محسوس ہوتے ہوں، جو ظاہر و باطن میں ایک جیسے ہوں، جو گفتار و کردار میں یکساں ہوں، جو اندر و باہر ایک ہی طرح کے ہوں، جو دور اور نزدیک، سفر و حضر اور دکھ و خوشی میں ایک ہی جیسے ہوں، جن کی رفتار سب سے تیز ہو، جس کا کردار سب سے بلند ہو، جس کی نگاہ سب سے دور بین ہو، جس کا ہدف سب پہ بھاری ہو، جس کا جینا خوشنودی خدا کیلئے ہو اور جس کا مرنا راہ آئمہ و انبیاٗ ہو، ہمیں تو کوئی اور ان کے مقابل نظر نہیں آتا، اگر کوئی ہوتا تو اس کی خوشبو بھی آج سب کو مہکا رہی ہوتی، سب کو جلا رہی ہوتی، سب کو اپنی طرف کھینچ رہی ہوتی، میرے خیال میں اس میدان میں ان کے مقابل دور دور تک کوئی نظر نہیں آتا۔
تحریر۔۔۔۔۔۔۔ارشاد حسین ناصر
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خلیج تعاون کونسل کی طرف سے حزب اللہ کو دہشت گرد قرار دیے جانے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں مسیحی اقلیتی برادری سمیت مختلف مکتبہ فکر کے لوگ حزب اللہ کے جھنڈے تلے اسلامی مقدسات اور لوگوں کے ناموس کی حفاظت کر رہے ہیں،سعودی حکومت کے نزدیک حزب اللہ کے دہشت گرد ہونے کی سب سے بڑی وجہ اسرائیل دشمنی ہے،اسرائیلی ایما ء پر آل سعود اور خلیجی ریاستوں کا یہ فیصلہ قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ آل سعود خطے میں اسرائیلی عزائم اور اس کے مفادات کی تکمیل کے لیے سرگرم ہیں۔مسلمان نما یہ حکمران اسلام کے لبادہ اوڑھ کر صیہونی طاقتوں کو تقویت دے رہے ہیں جس کے عالم اسلام پر بدترین اثرات مرتب ہوں گے۔اسرائیل کے ہاتھ لاکھوں بے گناہ مسلمان کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔اس کے باوجود سعودی عرب کی طرف سے اسرائیلی کے کسی بھی اسلام دشمن اقدام کی مذمت نہ کرنا آل سعود اور اسرائیلی گٹھ جوڑ کا منہ بولتاثبوت ہے،داعش سے مقابلے کیلئے34ملکی اتحادتشکیل دینے والی سعودی حکومت کو عالم بشریت کی فلاح اور نجات کا ذرہ برابر احساس ہوتا تو داعش کو کچلنے میں مصروف حزب اللہ کو دہشت گرد قرار دینے کے بجائے اس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرتی،جو کہ داعش کے فتنے کو شام میں ہی دفن کرنے کا عزم کربیٹھے ہیں ، داعش کے مقابل حزب اللہ اور اس کے اتحادیوں کا کردار قابل تحسین ہے جو کہ عالم انسانیت کو اس نجس وجود سے نجات دلانے کیلئے شب وروز کوشاں ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت دنیا بھر میں داعش کی بربریت کے خلاف آواز بلند کی جار رہی ہے لیکن خلیجی ممالک ان مسلمان قوتوں کو نیچا دکھانے میں پیش پیش ہیں جو اسلام کی سربلندی اور بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ عالم اسلام پر ان نام نہاد مسلمانوں کی حقیقت آشکار ہو چکی ہے۔سعودی عرب کا متنازعہ کردار لمحہ فکریہ ہے۔ عالم اسلام کو یہ سوچنا چاہیے کہ آخر سعودی عرب اسرائیل کو مضبوط کرنے کے لیے امت مسلمہ کی غیرت کو داو پرکیوں لگا رہا ہے۔ حزب اللہ اسلامی تعلیمات کی حقیقی پیروکار ہے اور اس نے اپنے عمل سے اسلام کی حقانیت کو ثابت کیا ہے،حزب اللہ کی صداقت اور ایمان کا یا عالم ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد اسرائیل بھی سید حسن نصراللہ کے کلام کو پتھر پر لکیر اور سو فیصدسچ قراردیتا ہے۔ داعش کی طرف سے مقدسات اسلامی کی بے حرمتی کے خلاف حزب اللہ سب سے بڑی ڈھال ہے۔حزب اللہ کو دہشت گرد قرار دینا آل سعود کی متعصبانہ سوچ کا نتیجہ ہے۔سعودی عرب عالم اسلام کا مشاہدہ صیہونی چشمہ پہن کر کر رہا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ اسےاصل مسلمان(حزب اللہی) دہشت گرد اور مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے(داعشی) امن کے علمبردار دکھائی دے رہے ہیں۔
وحدت نیوز (آرٹیکل) دور کسی گاؤں میں ایک غریب کسان رہتا تھا۔ اس کے تمام تر جائیداد ایک کھیت، رہنے کے لئے ایک کمرہ اور ایک گھوڑا تھا کمرہ کے ساتھ ہی گھوڑے کو باندھنے کے لئے چھوٹا سا اصطبل تھا یہ اصطبل اس قدر چھوٹا تھاکہ گھوڑا اِدھر اُدھر ہل نہیں سکتا تھا۔ کسان رات کو گھوڑے کو اصطبل میں بند کرتااور صبح نکال کر اس چھوٹی سی کھیت کے پاس چرانے لے جاتااور اس پر سفر کرتا اور محنت مزدوری کر کے اپنے پیٹ کی آگ بجھاتا تھا۔
کسان کا گھوڑے کو بند کرنے کا طریقہ کچھ مختلف تھا وہ شام ہوتے ہی گھوڑے کو سر کی طرف سے اصطبل کے دروازے کے پاس کھڑا کرتا اور پیچھے سے مار کر اسے آگے کی جانب دھکیلتا اور پھر گھوڑے کو اندر اصطبل میں بھیج کر دروازہ بند کرتا تھا۔ جب صبح گھوڑے کو نکالنا ہوتا تو پیچھے کی جانب سے رسی کو پکڑ کر کھینجتا یوں گھوڑا ریورس پوزیشن میں ہی پیچھے کی طرف آتے اور اصطبل سے باہر نکلتا۔
ایک دن کوئی امیر شخص وہاں آیااور اس نے وہ گھوڑا خریدنا چاہا اس امیر شخص نے گھوڑے کی قیمت ادا کی اور گھوڑے کو لے کر واپس اپنے گھر پہنچا۔ امیر شخص نے جب اس گھوڑے کی عادتیں دیکھیں تو کافی پریشان ہو،ا ہوا کچھ یوں کہ اس امیر شخص کے پاس بیس کے قریب گھوڑے موجود تھے اور ان کے لئے اس نے بڑا اصطبل خانہ بنوایا ہوا تھا تاکہ گھوڑے آرام سے اس میں بیٹھ سکیں اور گھوم پھر سکیں، لیکن غریب آدمی کے گھوڑے کی عادتیں باقی سب سے مختلف تھی۔۔۔اس بڑے اصطبل خانہ میں بھی یہ گھوڑا بالکل سیدھے طریقہ سے داخل ہوتا تھا اور تھوڑا سا چل کر رک جاتا تھا اور ہوشیار پوزیشن میں کھڑا رہتا تھا اور نہ ہی ادھر اُدھر ہلتا جلتا تھا، باقی سارے گھوڑے ادھر ادھر پھرتے تھے مگر یہ گھوڑا اپنی جگہ پر ساکت کھڑا رہتا، امیر مالک کو مزید حیرت تب ہوئی جب صبح اس نے اصطبل خانے کا دروازہ کھولا تو سارے گھوڑے باہر نکل آئے مگر اُس غریب کا گھوڑا لاکھ کوشش کے باوجود باہر نہیں نکلا نہ ہی وہ دائیں بائیں موڑا،امیر آدمی جب تمام طرح سے ناکام ہوچکاتو اس نے غریب آدمی کو بلا نے بھیجا اور تمام واقعہ سنایا، غریب آدمی اپنے گھوڑے کی عادتوں سے واقف تھا وہ سمجھ گیا کہ کس طرح گھوڑے کو باہر نکلنا ہے۔ غریب آدمی اصطبل خانے گیا اور دیکھا کہ دروازہ کھولا ہوا ہے مگر گھوڑا اپنے جگہ پر ساکت کھڑا ہے غریب آدمی نے گھوڑے کی رسی کو پکڑا اور پیچھے کی جانب کھنچا رسی کو کھنچنا تھا کہ گھوڑا فورا ریورس پوزیشن میں پیچھے کی جانب چلنا شروع کیا اور اس طرح اصطبل خانے سے باہر نکل آیا اور پھر باقی گھوڑوں کی جانب جانے لگا امیر آدمی اس گھوڑے کی حرکت دیکھ کر حیران رہ گیا۔
ایسے ہی کچھ صورت حال پاکستانی عوام کی بھی ہے ہم لوگ ہر وقت ظلم، ناانصافی، غربت، بے روز گاری، دہشت گردی اور کرپشن وغیرہ کا رونا روتے ہیں۔ آئے روز کہی نہ کہی مظاہرے، خودکشی، خودکش بم دھماکہ اور اسکولوں پر حملوں جیسے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں اور عوام بھی اس کے عادی ہوچکے ہیں۔ پہلے ایسے سانحات کبھی کبھی رونما ہوتے تھے لیکن اب ایسے واقعات کا ہونا تعجب نہیں ہوتا بلکہ کم اور زیادہ کے مرنے پر بات ہوتی ہے اور کم نقصان پر شکر ادا کرتے ہیں ۔
ناانصافی کا بول بالا ہے امیر امیر سے امیر تر اور غریب غریب سے غریب تر ہو تا جا رہا ہے....آبادی مسلسل بڑھ رہی ہے اور بے روزگاری عام، حکمران ملکی اقتصاد کو بہتر بنانے کے بجائے اپنی اقتدار کو بچا نے میں مصروف ہے، قومی خزانے خالی ہیں، قرضے مسلسل بڑھ رہے ہیں مگر حکمرانوں کے پرسنل اکاؤنٹس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ان کے بچے غیر ملکی اعلی اسکولوں اور یونی ورسٹیوں میں پڑھتے ہیں اور غریب کے پاس اتنی بھی وسعت نہیں کی گلی محلے میں کھولے ہوئے کاروباری اسکولوں میں اپنے بچوں کو پڑھا سکیں۔ عوامی آمدو رفت کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور ذاتی فائدہ مند والی سڑکیں اور میٹرو آباد۔۔میڑو تو بنا یا گیا ہے مگر اس روڑ پر چلنے والے رکشے گاڑیوں کے لئے کوئی متبادل نظام نہیں۔
بحر حال تمام تر مشکلات اور اشرف المخلوقات ہونے کے باوجود ہم پاکستانیوں میں اور اس گھوڑے میں کوئی فرق نہیں ہم چارر سال غربت، بے روزگاری، ناانصافی اور ظلم کا رونا روتے ہیں مگر جیسے ہی الیکشن قریب آتے ہیں ہم اپنے پورانے رویش پر واپس آجاتے ہیں اور ان ہی حکمران جماعتوں کے پیچھے پڑ جاتے ہیں جن کو کئی دفعہ آزما چکے ہیں اور ان کے ہرجھوٹ اور فریب سے ہم واقف ہوچکے ہیں ، جنہوں نے ہر دفعہ عوام کو لولی پوپ اور جھوٹے دعووں کے سوا کچھ نہیں دیا اور اپنی حکومتی مدت پوری کرنے کے بعد ملک کو مزید قرضوں میں ڈوبو کر عوام کے تن سے لباس اتار کر چلے جاتے ہیں۔۔۔۔ہم بھی اپنی عادتوں سے مجبور انہی حکمران جماعتوں کو ووٹ دے کر ان کو اقتدار میں لے آتے ہیں پھر کچھ مہینوں کے بعد احتجاج جلسہ جلوس اور رونا دھونا شروع ہو جاتا ہے۔
عوام کو ان حکمرانوں کے تمام تر مفادات کا علم ہے مگر پھر بھی ہر بار ایک ہی غلطی دہرا تے ہیں کیونکہ ہم نے اپنے لگام کو ان حکمرانوں کے ہاتھوں میں دیا ہوا ہے اور وہ جس طرح چاہیں ہمیں چلاتے ہیں اور ہمیں اس چیز کا عادی بنا دیا گیا ہے کہ ان کے سوا کوئی نہیں پاکستان میں تمام تر طاقت ان ہی چند خاندانوں کے پاس ہے اور ہم بھی اپنی طاقت(عوامی طاقت) سے بے خبر اس کے عادی ہوچکے ہیں۔ نہیں معلوم وہ وقت کب آئے گا کہ ہم سندھی ،بلوچی، پنجابی ، مہاجراور دیگر علاقائی و خاندانی سیاست کے فریب کردہ خول سے باہر نکلیں گے اور اپنے زہن کو وسیع کر کے ملکی اور عوامی مفادات کے لئے کام کریں تاکہ وطن عزیز پاکستان کو درپیش مسائل کا حل نکال سکیں اور عالمی دنیا میں پاکستان کے امیچ کو بہتر بنایا جاسکیں، مگر افسوس ہم اس وسیع دنیا میں جہاں تمام تر سہولیات اور آرائش موجود ہیں، زندگی گزارنے کے اصول موجود ہیں اسلام اور قرآ ن موجود ہیں جس سے ہم اپنی تمام مشکلات کا حل نکال سکتے ہیں مگر ہم نے صرف چند پیسوں کے عوض، کچھ دنیا داری کی لالچ میں ہمیشہ اپنی غلامی کی عادتوں کو بر قرار رکھا ہوا ہے جس کی وجہ سے ہم نے اس وسیع اورروشن دنیا کو بھی اپنے اوپر تنگ کیا ہو ہے۔
تحریر۔۔۔۔۔۔ ناصر رینگچن
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلین پاکستان شعبہ تبلیغات کے مرکزی سیکریٹری علامہ اعجازحسین بہشتی نے یمن پر جاری سعودی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مکتب تشیع دنیا کے ہر کونے میں موجود مظلوموں کی حمایت اور ظالموں سے اظہار نفرت کرتے رہیں گے خواہ وہ نائجیرایا ہو یا یمن ہم ہمیشہ حق کی حمایت میں باطل سے ٹکرائیں گے چاہے اس کے لئے جان و مال کی قربانی ہی کیوں نہ دینا پڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت عالم اسلام میں فتنہ و فسا د کی جڑ آل سعود ہے جنہوں نے اپنے آقاؤں کی خوشنودی کے لئے مسلمانوں کا قتل عام کیا ہوا ہے اور ہر جگہ ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔
آل سعود روزانہ کی بنیاد پر نہتے معصوم یمنی عوام پر بمباری کر رہے ہیں جس سے اب تک سینکڑوں بچے ،خواتین سمیت ہزاروں بے گناہ لوگ شہید ہوچکے ہیں، سعودی عرب کی اس وحشیانہ کاروائی پر عالم اسلام کے ٹھیکہداروں کی خاموشی نہایت ہی افسوسناک ہے۔اب دنیا کا ہر باشعور فرد یہ جانتا ہے کہ آل سعود مجرم اور ظالم ہے اور کوئی بھی انسانیت دوست شخص آل سعود کے وجود کو پسند نہیں کرتا۔
وحدت نیوز (آرٹیکل) وقت اور انسان کا بہت پرانا تعلق ہے ۔ہمارا یہ جہان وقت کے اعتبار سے تین حالتوں سے خالی نہیں ۔ ماضی ،حال اور مستقبل۔ لیکن اگر دقّت سے مشائدہ کیا جائے تو ہم اس نتیجے پر پہنچیں گے کہ ترقی و تکامل اور استفادے کے اعتبار سے انسان صرف اور صرف ایک ہی زمانے یعنی حال میں ہے ۔کیونکہ نہ تو انسان اپنے آنیوالے لمحے کی خبر رکھتا ہے کہ آیا وہ اس میں موجود ہوگا بھی یا نہیں ۔اور نہ ہی گزرے ہوئے اوقات سے استفادہ ممکن ہے ۔لہذا انسان جو کچھ بھی ہے حال میں ہے ۔نہ تو گزرے پر اظہار تاسّف و افسوس اُسے آگے بڑھا سکتا ہے ۔اور نہ ہی آنیوالے وقت میں داخل ہونے کی فقط تمنّا و خواہش اسے کسی منزل تک پہنچا سکتی ہےاور نہ ہی انسانی زندگی و حیات میں اس قدر بقاء و پائیداری ہے کہ انسان اس پر اعتماد کرتے ہوئے عزّت ، وسربلندی کے مختلف راستوں کو طے کرےاور نتیجۃً صحیح راستے کا انتخاب کرکے اپنی منزل و مراد کو حاصل کرے۔
تو یہاں سوال یہ پیدا ہوتاہے کہ آیا کوئی ایسا راستہ و راہِ عمل ہے کہ جس کو اختیار کرتے ہوئے انسان اپنے لمحات کو ضائع کیے بغیر اپنی اس مختصر سی زندگی میں ہی اپنی منزل و مقصود کو پالے؟
تو اس کا جواب ہاں میں دیا جاسکتاہے ۔جی ہاں!
وہ راستہ جو انسان کو ماضی سے فائدہ اٹھا کر مستقبل کو سنوارنے پر اکساتاہے وہ ہے انسان کا تاریخی کرداروں سے استفادہ کرنا ۔اور یہ ایک معتبراور مؤثر ترین راہِ عمل ہے ۔
ابتداءِ زمانہ و خلقت ِ آدم سے لےکر موجودہ انسان کے حالیہ سانس تک ، اس دورانیے میں رونما ہونے والے ہر کردار ، حدوث ،تغیّر و تبدّل کو تاریخ کا نام دیا جاتاہے ۔ تاریخ ایک ایسا جامع مضمون ہے کہ جو ہر اچھے و بْرے ، امیر وغریب ،آقاو غلام اور ظالم و مظلوم جیسے کرداروں کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہے ۔
لہذا اگر آج کا مصروف ترین انسان بھی یہ چاہے کہ وہ اپنے قیمتی لمحات کو ضائع کیے بغیر ترقی و تکامل کی راہوں پر گامزن ہو ، تو حتماً اسے چاہے کہ وہ تاریخ کے عظیم و کامیاب ترین کرداروں کو اپنی نگاہ میں رکھتے ہوئے زندگی کے پْر خطر راہوں کو طے کرے ۔اگر انسان تاریخ ساز شخصیات کا مطالعہ کرتا رہے تو یقیناً وہ غفلت و جہالت سے جی چرانے لگے گا اور ترقی و عزت کی شاہراہ پر چلنا شروع ہوجائے گا چونکہ انسان کے ارتقا کے لئے ضروری ہے کہ اس کے سامنے کوئی رول ماڈل ، آئیڈیل و ہیرو موجود رہے۔
مثالی انسان ایسے کردار ہوتے ہیں کہ جن کو دیکھ کر انسان زندگی کے مراحل کو طے کرنے اور مشکلات کو بطریق احسن حل کرنے کی سوچتا ہے۔
ہر انسان کی نظر میں ایک آئیڈیل کردار ہوتاہے۔ انسان کی ہر ممکن کوشش ہوتی ہے کہ اپنی زندگی کے ہر لمحے کو اپنے آئیڈیل و ہیرو کی طرز ِزندگی کے مطابق ڈھالے ۔
ہمارے ہاں چونکہ شخصیات کو متعارف کروانے سے زیادہ شخصیات کشی کا روج ہے اس لئے آج ہمار ی نوجوان نسل کے رول ماڈل اہلِ مغرب میں سے کو ئی کردار یاٹی وی ڈراموں اور فلموں کے ہیرو ہی ہوتے ہیں۔
اسلامی شخصیات کی عزت و تکریم نہ کرنے کا نتیجہ یہ ہے کہ ہمارے ہاں اب سب کچھ تعلیم، لباس ، رہن وسہن ،زبان ، سب کچھ مغربی اقدار میں ڈھلتا جارہاہے ۔
اگر ہم آج بھی اپنی دینی و علمی شخصیات کو ان کا مناسب مقام دینے پر راضی ہوجائیں اور اپنی نوجوان نسل کے سامنے کسی بھی دینی و علمی شخصیت کے بارے میں صرف وہی کہیں جس کا ہمیں سو فیصد علم ہو تو آج بھی ہماری نسل ہمارے علمائے کرام کو اپنا آئیڈیل اور رول ماڈل بنا سکتی ہے۔
مجھے اس وقت بہت افسوس ہوتا ہے کہ جب ہمارے جوان علمائے کرام کے بارے میں نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہیں،اور بعض تو عمامے کو ٹائر تک بھی کہتے ہیں۔اس میں جوانوں کا قصور نہیں بلکہ ان بزرگوں کا قصور ہے جنہوں نے ہماری نوجوان نسل کے دل سے روحانیت اور لباسِ روحانیت کا احترام کھرچ کھرچ کر نکال دیاہے۔
اس کڑے وقت میں شہید علامہ غلام محمد فخرالدین ہمارے لئے ان تاریخی و زندہ کرداروں میں سے ہیں جن کی متحرک زندگی کا مطالعہ کرنا ہم سب کے بہت ضروری ہے۔
قابلِ فخر ہیں وہ برادران جنہوں نے شہید کے بارے میں آراو نظریات کو جمع کیا۔میں اپنے قارئین سے گزارش کروں گا کہ وہ اس لنک سے شہید منیٰ کی زندگی پر تالیف کی جانے والی کتاب کو ڈاون لوڈ کرکے اس کا مطالعہ ضرور کریں۔
https://www.docdroid.net/v8uF92k/-book-1.pdf.html
آخر میں دست بستہ یہی عرض کروں گا کہ اپنے مکتب کی جو خدمت ہم عوام النّاس کو،اپنی اتنظیموں،اداروں اور علمائے کرام کی اخلاقی،انقلابی اور انتھک جدوجہد سے آشنا کرکے انجام دے سکتے ہیں وہ اداروں اورعلمائے کرام کے باہمی اور اندرونی اختلافات کو لوگوں میں پھیلا کر انجام نہیں دے سکتے۔
تحریر۔۔۔۔۔۔۔۔۔ساجد علی گوندل
This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it.
وحدت نیوز (گلگت) محکمہ معدنیات کا قبلہ درست نہ کیا گیا تو علاقے میں بلوچستان جیسے مسائل پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔شروع دن سے محکمہ معدنیات کو نااہل اور نان ٹیکنیکل افراد کے رحم و کرم پر چھوڑنے سے ادارہ آج تک ترقی نہ کرسکا۔سیکرٹری منرلز کا رویہ مقامی لوگوں کے ساتھ انتہائی ہتک آمیز ہے اور ایسے رویے علاقے میں منافرت پھیلانے کا باعث بنیں گے، چیف سیکرٹری مذکورہ سیکرٹری کے خلاف فوری ایکشن لیکر عوامی تشویش کو دور کرے۔ سابقہ ادوار میں گلگت بلتستان کے کل رقبے سے زیادہ رقبے کے لیز ایشو کئے گئے۔صوبائی حکومت معدنی وسائل پر توجہ دے تو وفاقی کی خیرات کی ضرورت نہیں رہے گی۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں معدنی وسائل کی کوئی کمی نہیں لیکن حکومت کی عدم توجہی سے منرل ڈیپارٹمنٹ کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے۔سابقہ دور میں بھاری کمیشن کے عوض ایک غیر ملکی کمپنی کو لیزز ایشو کئے گئے اور بہت سے غیر مقامی کمپنیوں کو گلگت بلتستان کے وسائل سے ہاتھ صاف کرنے کا موقع فراہم کیا گیا لیکن عوامی مزاحمت کے نتیجے میں انہیں خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔منرلز کنسیشن رولز 2003 ناردرن ایریازناتوڑ رولز کی طرح گلگت بلتستان کے عوامی حقوق پر ایک ڈاکہ ہے جس میں مقامی عوام کے حقوق کا کوئی خیال نہیں رکھا گیا ہے جبکہ مجوزہ منرلز رولز 2014 اراکین کونسل کی نا اہلیت کی نذر ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ معدنیات کے کالی بھیڑوں کا احتساب کیا جائے جنہوں نے ایک ہی لوکیشن پر کئی کئی کمپنیوں کو ایکسپلوریشن لائسنس اور مائننگ لیزز ایشو کئے ہیں جس کی وجہ سے آج کئی علاقوں میں لیز ہولڈرز کے ما بین تنازعات پیدا ہوگئے ۔منرلز ڈیپارٹمنٹ کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں جیمز اور منرلزکے کاروبار سے وابستہ ہزاروں خاندان بری طرح متاثر ہوچکے ہیں جبکہ مقامی لوگوں کو ان معدنی وسائل کے استفادے سے دور رکھنے کی پالیسی نہ تو وفاقی حکومت کے مفاد میں ہوگی اور نہ ہی یہ علاقہ ترقی کرسکے گا۔ ادارے میں ٹیکنیکل افراد کو کھڈے لائن لگادیا گیا اور سفارشی بنیادوں پر من پسند افراد کو نوازنے کی کوشش کے سنگین نتائج برآمد ہونگے۔انہوں نے چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا کہ منرلزڈیپارٹمنٹ میں ہونے والی بے ضابطگیوں کا نوٹس لیکر ادارے کو منفعت بخش بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں اور جیمز اینڈ منرلز کے شعبے سے وابستہ افراد کی تشویش کو دور کریں۔