وحدت نیوز (مظفرگڑھ) مجلس وحدت مسلمین ضلع مظفر گڑھ کے سیکرٹری جنرل علی رضا طوری نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کو میڈیا پر مسکراتے چہروں کے ساتھ پیش کرنا 80 ہزار پاکستانیوں کی شہادت سے غداری ہے۔ ملک بھر میں دہشتگردی کی کاروائیاں کی گئیں، نعشوں کو راکھ بنایا گیا، سکیورٹی فورسز کے جوانوں اور آفیسرز کے سروں کو قلم کرکے ان سے فٹ بال کھیلا گیا، آرمی پبلک سکول کے بچوں کے خون سے ہولی کھیلی گئی اور اب مسکراتے چہروں کے ساتھ میڈیا پر انٹرویو دیتے ہوئے اعتراف کر رہے ہیں اور کچھ قوم کے غدار صحافیوں کی جانب سے تو یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ان کو معاف کر کے قومی دھارے میں لایا جائے۔ کیا یہ سب کچھ قوم کے شہداء کے خون کے ساتھ غداری نہیں۔؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی امام بارگاہ امامیہ مظفر گڑھ میں ہونے والے ضلعی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک بھر میں دہشتگرد ایک دفعہ پھر سر اٹھانے لگے ہیں، جس کی حالیہ مثال پاراچنار میں ایک مہینے کے بعد پھر 17 جنازے تحفے میں دیئے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا ایک دھماکے سے دوسرے دھماکے کے وقفے کو ہم امن کہیں۔؟ ڈیرہ اسماعیل خان میں کوٹلی امام حسینؑ کی زمین پر ناجائز قبضہ، کوہاٹ اور پاراچنار میں مومنین کی زمینوں پر ناجائز قبضے۔ لیکن جب حکمران خود کرپشن میں شامل ہوں تو پورے ملک میں انارکی پھیلتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کاغذوں میں مزدوروں کی اجرت بڑھائی جاتی ہے لیکن زمینی حقائق میں استحصال کیا جا رہا ہے، غریب کے منہ سے نوالہ چھینا جا رہا ہے، موٹروے اور ائیر پورٹوں سے غریب کا پیٹ نہیں بھرتا، ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کارخانے روز بروز بند ہو رہے ہیں اور مزدور بے روزگار ہو رہا ہے، خدارا حکمران کچھ ہوش کے ناخن لیں اور غریبوں کے منہ سے روٹی چھیننے کی کوشش نہ کریں۔ ایم ڈبلیو ایم کی ضلعی کابینہ کے اجلاس میں طے پایا کہ مجلس وحدت مسلمین ضلع مظفر گڑھ میں 12 مئی بروز جمعہ، شام چار بجے ’’حسینؑ سب کا‘‘ کانفرنس کا انعقاد کرنے جا رہی ہے جس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو دعوت دی جائیگی۔ اجلاس کی صدارت علی رضا طوری نے کی جبکہ دیگر شرکاء میں سید عمران رضا ایڈووکیٹ، شفقت علی کاظمی، سید نعیم کاظمی، علامہ سید عابد فاطمی، سید اسد عباس شاہ، عدنان حیدر تہیم ایڈووکیٹ، عامر بک، شوکت بک اور دیگر نے شرکت کی۔
وحدت نیوز(گلگت) ہماری منزل ملک میں عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کا قیام ہے،ہم کسی طور اپنے اہداف سے پیچھے ہٹنے والے نہیں چاہے پوری دنیا ہماری دشمن بنے۔مجلس وحدت مسلمین آج پورے ملک کے محروم و مستضعف عوام کی آواز بن چکی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شعبہ خواتین کی کوارڈینیٹر خواہر سائرہ ابراہیم اور خواہر جمیلہ نے اسکرداس نگر میں خواتین کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ذمہ پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہیں۔عالمی حالات کے تناظر میں خواتین پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں اور ان ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہوئے بغیر فلاحی معاشرے کا قیام محض ایک خواب ہے۔بدخواہ حکمرانوں نے خطے کے عوام کے گرد سازشوں کا جال پھیلادیا ہے اور اپنے مذموم مقاصد کے حصول کی خاطر عوام کو تقسیم درتقسیم کیا ہے تاکہ یہ لوگ متحد ہوکر اپنے حقوق کیلئے کھڑے نہ ہوجائیں۔انہوں نے کہا کہ اس ملک کے بنانے میں ملت تشیع کے اکابرین کی محنتیں ہیں اور گلگت بلتستان کو آزادی کی نعمت دلانے کا سہرا بھی ملت تشیع کے سر ہے لہٰذا آج وطن عزیز جن مشکلات سے دوچار ہے ان مشکلات سے نکالنا ملک عزیز کو نکالنا بھی ہماری اولین ذمہ داریوں میں سے ہے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خواہر جمیلہ نے کہا کہ حکمرانوں نے لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم کیا ہوا ہے اور عوام کے ساتھ جھوٹے وعدے کئے جارہے ہیں ۔اس خطے کے مظلوم عوام کی داد رسی کی بجائے ان کے زخموں پر نمک پاشی کی جارہی ہے۔ہمارے جوانوں کو قید و بند اور شیڈول فور میں ڈال کر خوف و حراس پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن مجلس وحدت مسلمین حکمرانوں کی اس خواہش کو ہرگز پورا نہیں ہونے دے ۔ہمیں قید و بند اور شیڈول فور کے ذریعے خوف زدہ نہیں کیا جاسکتا بلکہ قید و بند اور شیڈول فور ہمارے لئے باعث عزت و افتخار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ قوم کی مائیں بیٹیاں علم اور ہنر کے میدان میں اپنا نام پیدا کریں اور ان ظالم و جابر حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے صالح قیادت کو اسمبلی تک پہنچانے کیلئے مجلس وحدت کے ہاتھ مظبوط کریں۔
وحدت نیوز(منڈی بہاوالدین) علامہ راجہ ناصر عباس جعفری مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک روزہ دورے پر ملکوال پہنچے جہاں سے وہ رکن تشریف لے گئے اور باوا پیر ہادی شاہ صاحب کی طرف سے منعقد کی گئی مجلس عزا سے خطاب کیا رکن پہنچنے پے باوا ہادی شاہ اور ضلعی مجلس وحدت مسلمین کی ٹیم نے آغا کو خوش آمدید کہا رکن میں سنی شیعہ عوام کی کثیر تعداد سے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کیا جسکے بعد بکھی شریف کے انتہائی معزز ہمارے بھائی اور مجلس وحدت مسلمین کویت کے سیکرٹری جنرل عرفان شاہ صاحب کے والد محترم مرحوم کا جنازہ پڑھایا جسکے بعد قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب 16 چک کراڑی والا خطاب کے لیئے پہنچے جہاں کثیر تعداد میں سنی و شیعہ افراد استقبال کے لیئے منتظر تھے ۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے 16 چک پہنچنے پر فضا لبیک یا حسین ع کے نعروں سے گونج اُٹھی 16 چک کراڑی والا خطاب میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ سنی و شیعہ تمام حسینیوں کو مل کر اس معاشرے کو حسین ع کا پسندیدہ معاشرہ بنانا ہو گا ہمیں اگر فلاح پانی ہے تو حسین ع کا عملی پیروکار بننا ہو گا حسین ع نے بھی وقت کے ظالم جابر اور فاسق شخص کے خلاف قیام کیا تھا اور ہمارے لیئے بھی یہی کربلا کا درس ہے کہ ہم حسین ع کے عاشق اس وقت کے ظالم اور جابر حکمرانوں کے خلاف آواز حق بلند کریں تا کہ اس ملک کو نقصان پہنچانے والے طالبان ظالمان اور لشکروں کا خاتمہ ہو سکے اور یہ پاکستان ہمارا وطن قائد اعظم و اقبال رح کا حقیقی پاکستان بن سکے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے وفد نے امام حسین ؑ، حضرت عباس علمدارؑ اور حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت کی مناسبت سے شہدائے وحدت کی قبور پر حاضری دی اور انکے خانواادوں سے ملاقات کی۔ وفد میں ایم کراچی کے رہنما عباس اشرف تقوی، ضلع شرقی کے رہنما علامہ احسان دانش، جعفر حسین زیدی، زمان رضوی و یگر شامل تھے۔ وفد نے ایام ولادت کے موقع پر شہداء کی قبور پر پھول چڑھائے، بعدازاں خانوادہ شہداء سے ملاقات میں ایام ولادت کی مبارک باد پیش کی۔ وفد نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی جانب سے خانوادہ شہداء کو تحائف بھی پیش کئے۔ اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ شہداء کے خون کی تاثیر یہ ہے کہ آج اسلام اپنے حقیقی افکار کے ساتھ نئی نسل تک پہنچ چکا ہے، یقینا یہ شہداء ہی کے خان کا اثر ہے کہ ملت جعفریہ تما م تر سازشوں کے باوجود میدان میں حاضر ہے۔ درایں اثناء رہنماؤں نے خانوادہ شہداء کو اکیس مئی کو نشتر پارک میں منعقدہ استحکام پاکستان و امام مہدی کانفرنس عج میں شرکت کی بھی دعوت دی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ ٹرسٹ پاکستان شعبہ ویلفیئر مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید باقر عباس زیدی کا مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پوری دنیا میں مئی کے پہلے منگل کو دمہ Asthma سے بچاؤ کا عالمی دن منایا جاتا ہے. 2 مئ بروز منگل خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ ٹرسٹ پاکستان شعبہ ویلفیئر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں دمہ سے آگاہی کا دن منایا جارہا ہے. ملک کی 17 جگہوں پر دمہ سے بچاؤ کے لیے آگاہی واکس منعقد کی جائیں گی اس موقع پرخیرالعمل ٹرسٹ کے زیرانتظام چلنے والے فری میڈیکل سنٹرز میں فری میڈیکل کیمپس لگانے جائیں گے. واک 2 مئی بروز منگل بوقت شام 5 بجے تا 6 بجے سپر مارکیٹ سپورٹس گراونڈ اسلام آباد سے شروع ہو کر اسلام آباد نیشنل پریس کلب پر ختم ہو گی. واک میں سول سوسائٹی، طلباء وطالبات، ڈاکٹرز، مزہبی سکالرز، شہری انتظامیہ تعلق رکھنے والے افراد شریک ہونگے۔
وحدت نیوز(سکردو) پاکستان کی وفاقی حکومتیں ہر بار مختلف وعدے وعید لیکر گلگت بلتستان پر حکمرانی کرتے آئے ہیں لیکن ستر سالوں سے یہاں کے عوام کو بنیادی آئینی و انسانی حقوق سے جان بوجھ کر محروم رکھا ہے۔ الیکشن کے دوران بلند و بانگ دعوئے اور ہر پراجیکٹ کا کئی کئی بار افتتاح کرکے حکومت بنانیوالی جماعت سے اس خطے کے لاکھوں کی آبادی کیلئے ایک سڑک بنانے کی اہلیت نہیں تھی، اور افسوسناک بات یہ کہ یہاں کے منتخب نمائندے ہی اپنے عوام کی نمائندگی کی بجائے پارٹی کی نوکری کرکے فخر محسوس کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار شہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سکریٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی، مرکزی رہنماعلامہ اعجاز بہشتی، صوبائی سکریٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی، مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان سرفراز نقوی اور دیگر مقررین نے چنداہ سکردو میں کیا۔
مقررین نے سوال اٹھایا کہ جب ملک کی اعلیٰ عدلیہ کے ججز میں سے کچھ نے مجرم اور کچھ نے ملزم قرارد ے دیا تو ایسے میں وزیر اعظم کو اپنے عہدے سے چمٹے رہنے کا کوئی حق حاصل نہیں رہتا، اور انہی کی بنائی ہوئی جے آئی ٹی کے سامنے انکوائری کسطرح سے شفاف اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق ہوسکتا ہے؟ اسلئے تھوڑی سی بھی غیرت باقی ہے تو میاں صاحب کو چاہئے کہ استعفیٰ دیکر گھر جائیں جب تک انکوائری مکمل ہوکر سپریم کورٹ سے باقاعدہ فیصلہ نہیں ہو جاتا۔ گلگت بلتستان میں تعلیمی اداروں کی زبوں حالی اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کی ناپیدگی پر تشویش کا اظہا رکرتے ہوئے مرکزی صدر آئی ایس او نے کہا کہ سمجھ میں نہیں آتی یہاں کی حکومتیں اپنے عوام کو کیوں جان بوجھ کر اندھیروں میں رکھنا چاہی ہے۔ جب دنیا جہان سے لوگ اس جنت نظیر خطے کو دیکھنے آتے ہیں، ہر قدرتی وسائل سے یہ خطہ مالامال ہے، اور کسی بھی بد امنی سے پاک ہے تو ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ یہاں ترقی کا دور دورہ ہوتا، عوام خوشحال ہوتا ، تعلیم ، صحت اور دیگر ضروریات زندگی کیلئے ترس نہیں رہے ہوتے، لیکن ان معاملات میں بدترین صورتحال کو دیکھ کر یہی سمجھ میں آتی ہے کہ یہاں کے عوامی نمائندے عوام سے مخلص ہے نہ اپنے خطے سے،بلکہ صرف شہوت اقتدار ہی ان کا اوڑھنا بچھونا لگتا ہے۔
آغا سید علی رضوی اورعلامہ اعجاز بہشتی نے کہا کہ صوبائی حکومت کی نا اہلی کی بدترین مثال اس سے بڑھ کر اور کیا ہوسکتی ہے کہ یہ اقتصادی راہداری میں گلگت بلتستان کیلئے حصہ لے سکی،کئی بار افتتاح کے باوجود سکردو روڈ بنا سکی،وعدوں کے باوجود بلتستان یونیورسٹی کیلئے کام ہوا نہ بجلی لوڈشیڈنگ پر قابو پاسکی بلکہ ان کا سارا ہم و غم سیاسی انتقام کیلئے دہشت گردی ایکٹ کا استعمال،عوامی فنڈز پر ٹھیکہ دار نوازی ،اقربا پروری اور جھوٹے وعدے ہی ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد اسکینڈل میں عوام کے منہ پر کالک ملنے والے بھی ہاتھ میں تسبیح لیکر جھوٹے بیانات دیتے نہیں تھکتے۔