وحدت نیوز(گلگت) پاکستان پیپلز پارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش ہے۔پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کے بنیادی حقوق کیلئے مخلص ہوتی تو اپنی تین باریوں میں مسئلہ حل کرچکے ہوتی۔گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کی راہ میں مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی ہی سب سے بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں کانفرنسز کرنے سے قبل اپنے مرکزی رہنماؤں اعتزاز احسن اور رضا ربانی کو قائل کروائیں۔جب یہ دونوں جماعتیں اقتدار میں ہوتی ہیں تو گلگت بلتستان کے بنیادی مسائل سے صرف نظر کرتے ہیں اور جب اقتدار چھن جاتا ہے تو ان کو گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق یاد آنے لگتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی اور نواز لیگ چاہے تو اب بھی اسمبلی میں قرارداد پیش کرکے گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دلواسکتے ہیں اور اس وقت گلگت بلتستان کے پارٹی رہنماؤں کا بیانیہ کچھ اور ہوتا ہے اور مرکزی رہنماؤں کا کچھ اور۔پیپلز پارٹی کی گلگت بلتستان کے حقوق کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کھسیانی بلی کھمبہ نوچے کے مصداق ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے اس کانفرنس کو آل پارٹیز کانفرنس کا نام دینا ہے ایک دھوکہ ہے جبکہ گلگت بلتستان میں موجود اکثریتی سیاسی جماعتوں نے اس کانفرنس کو مسترد کرتے ہوئے شرکت سے انکار کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان جماعتوں کا اپنا قبلہ درست نہیں اور ہرمرتبہ یہ ایک نئے نعرے کے ساتھ عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کرتے ہیں ۔گلگت بلتستان کے عوام اب بیدار ہوچکے ہیں جو اب کھوکھلے نعروں کو ہرگز قبول نہیں کرینگے۔
وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے پی بی 26 کوئٹہ میں مرکزی الیکشن آفس کا افتتاح بدست محترم میجر ریٹائرڈ نادر علی صاحب ہوا،جناب جعفرعلی جعفری نے پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا جناب ذاکر حسین صاحب نے کہا کہ ہمیں درست نمائندے کا انتخاب کرنا چاہیئے جو اسمبلی میں جا کر ہمارے حقوق کا دفاع کر سکے ،جناب امان اللہ نے کہا کہ تمام امیدوار ہمارے دست و بازو ہیں لیکن ان تمام امیدواروں میں سے سب بہترین نمائندہ جناب آغا رضا ہیں ۔
جناب حاجی طاہر نظری نے کہا کہ ہزارہ ٹاون کے مسائل بہت زیادہ ہیں ایسے کسی نمائندے کا انتخاب کریں جو ان مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت و قابلیت کا حامل ہو۔ آغا رضا کی گزشتہ کارکردگی کسی سے پوشیدہ نہیں انہوں پانچ سالہ مدت میں بے مثال خدمات انجام دیں ہیں۔
علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ ہر کام کیلئے اہلیت کا ہونا ضروری ہے ہزارہ ٹاون کے باشعور عوام جانتے ہیں کہ آغا رضا ان تمام امیدواروں میں سب سے مناسب امیدوار ہیں
مہمان خصوصی جناب میجر ریٹائرڈ نادر علی نے کہا کہ آغا رضا ایک تجربہ کار اور آزمودہ نمائندہ ہیں ان کا انتخاب آپ عوام نے کرنا ہے ہم ان کی قابلیت اور کارکردگی کی بنیاد پر مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں ۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے نامزد امیدوار سید محمد رضا (آغا رضا ) نے جملہ حاضرین اور حمایت کرنے والے معتبرین اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ھوئے کہا کہ ہزارہ ٹاون بروری کے با شعور عوام اپنی ووٹ کی طاقت سے مخلص نمائندے کا انتخاب کریں گے انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی ہر میدان میں عوام کی نمائندگی کی ہے اور آئندہ بھی اپنی قومی ذمہ داریوں کو بہ طریق احسن انجام دیتے رہیں گے ۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ سید مبارک علی موسوی نے کہا ہے کہ دسمبر 2014 میں ہونے والے سانحہ آرمی پبلک اسکول کا غم آج بھی قوم کے دل میں زندہ ہے، اے پی ایس سمیت تمام شہداء کے اہلخانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، علامہ مبارک موسوی نے سانحہ اے پی ایس کے چارسال مکمل ہونے پر پیغام میں کہا کہ معصوم بچوں کا لہو بہا کر ظلم وبربریت کا سفاک باب لکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف کامیابی سے لڑنے پر پاک فوج، تمام سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کے معترف ہیں۔علامہ مبارک علی موسوی نے مزید کہا کہ سانحہ اے پی ایس قومی المیہ ہونے کے ساتھ تجدید عہد کا بھی دن ہے، قوم آج یہ عہد کرے کہ اپنے شہدا کے خون کے رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ملک میں انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خلاف متحد رہیں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے وفد کے ہمراہ گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون سے اسلام آباد میں ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کی ستر سالہ محرومیوں کا ازلہ کرنا ناگزیر ہو چکا ہے،مسئلہ کشمیر کے حل تک گلگت بلتستان کو عبوری صوبے کا سیٹ اپ دیا جانا چاہئے،سینٹ و قومی اسمبلی میں نمائندگی ہو تاکہ اپنے مسائل کو بخوبی حل کر سکیں،گلگت بلتستان کی عوام سے زیادہ مخلص پاکستانی آج تک نہیں دیکھے ،ارباب اختیار کو گلگت بلتستان کےعوام کی بڑھتی ہوئی تشویش کو سمجھنا ہوگا ،پاکستان عوام گلگت بلتستان کی وفاوں کا مقروض ہے۔
گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے کہاکہ گلگت بلتستان کے مسئلہ پر مجلس وحدت مسلمین کے بیانیے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،ایم ڈبلیو ایم کی قیادت نے گلگت بلتستان کے ہر اہم ایشو پر قائدانہ کردار ادا کیا ہے،تحریک انصاف کی حکومت بھی گلگت بلتستان کی محرومیوں کے ازالے کے لئے سنجیدہ ہے،گلگت بلتستان کے حوالے سے عوام کو جلد خوشخبری سنائیں گے ،اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری اسدعباس نقوی، مرکزی ڈپٹی پولیٹیکل سیکریٹری محسن شہریار،ایم ڈبلیوایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات حسنین زیدی، ایم ڈبلیوایم یورپ کے سیکریٹری جنرل شیخ مشرف حسینی ، ایم ڈبلیوایم گلگت بلتستان کے سیکریٹری جنرل آغا علی رضوی اور محمد علی بھی موجودتھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چار سال گزر گئے مگر سانحہ اے پی ایس کے اصل مجرم کو سزا نہیں ملی، احسان اللہ احسان کو سرکاری مہمان بنا کر شہدائے اے پی ایس کے ورثاء کے زخموں پر نمک پاشی کی گئی ہے، حکومت سانحہ اے پی ایس سمت تمام سانحات کے مجرموں کو جلد از جلد ان کے انجام تک پہنچائے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو تکفیری اور شدت پسند عناصر نے جو زخم پہنچائے ہیں، وہ تاریخ کا تکلیف دہ اور سیاہ ترین حصہ بن چکے ہیں، دہشتگرد قومی مجرم ہیں، انہوں نے معصوم پاکستانیوں کے لہو سے ہولی کھیلی ہے اور پاکستان کے امن کو تباہ برباد کرکے ملک کو شدید اقتصادی نقصان بھی پہنچایا ہے، ضیاء الحق سے شروع ہونے والی شدت پسندی کی وباء نے تین دہائیوں سے زیادہ عرصہ پاکستان کو جن مشکلات اور تکالیف سے دوچار کیا ہے، اس کا اندازہ لگانا ناممکن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کا کوئی خطہ، کوئی ایک خاندان ایسا نہیں ہوگا، جو دہشتگردی سے بلاواسطہ یا بلواسطہ متاثر نہ ہوا ہو، چار سال قبل پشاور اسکول پر ہونے والا دہشت گردانہ حملہ اور اس میں شہید ہونے والے معصوم بچوں کا لہو ابھی تک اپنے قاتلوں کا پوچھ رہے ہیں، شہدائے اے پی ایس کے ورثاء کے غم میں برابر کے شریک ہیں، ارباب اختیار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سانحہ اے پی ایس سمیت ملک میں ہونے والے دیگر سانحات کے مجرمان کو بھی پکڑ کر انہیں جلد از جلد قرار واقعی سزا دی جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مسئلہ فلسطین پر دنیا کی خاموشی مجرمانہ ہے ،قبلہ اول کی آزادی میں سب سے بڑی رکاوٹ خود مسلم امہ کے حکمران ہیں جو غاصب اسرائیل کے ساتھ یارانہ بنانے کے لئے سرگراداں ہیں، ان خیالات کا اظہار سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام اسلام آباد میں منعقدہ حمایت فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوا کیا انہوں نے کہ پاکستانی عوام کے دل فلسطین کے مظلومین کے ساتھ ہیں اور پاکستانی عوام کسی بھی صورت اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کو قبول نہیں کرئے گی پاکستانی قوم گذشتہ ستر سال سے زیادہ عرصے سے مسئلہ فلسطین پر اپنے فلسطین بھائیوں کے موقف کی تائید کرتی رہی ہے اور اپنے قائد حضرت محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق اسرائیل کو غاصب قرار دیتی ہے ۔مسئلہ فلسطین ایک سلگتا ہوا المیہ ہے جس کے حل کے لئے اب تک کی جانے والی کوششیں کسی صورت سنجیدہ نہیں کہی جاسکتیں کیونکہ اب تک فلسطینی مسلمانوں نا صرف مظالم میں اضافہ ہواہے بلکہ وہ دھیر ے دھیرے اپنے علاقے سے محروم ہوتے چلے گئے ہیں ۔امریکہ اور اس کے حواریوں کے مسلط کردہ ناسور نے دنیاکے امن کو برباد کر رکھا ہے ۔ فلسطینوں کے قتل میں امریکہ اور اسے کے حواری برابر کے شریک ہیں ۔عرب حکمرانوں کی خیانتوں نے مسئلہ فلسطین کو گھمبیر بنا دیا ہے۔مظلوم فلسطینوں کی استقامت اور حوصلے ہی غاصب اسرائیل کی نابودی کا سبب بنیں گے مجلس وحدت مسلمین پاکستان ہر پلٹ فارم پر اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گی ۔