وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے زائرین امام حسینؑ کی ایران و عراق بائی روڈ روانگی پر پابندی کے خلاف کراچی سے ریمدان بارڈر کی جانب اچانک مارچ کا اعلان کردیا ہے۔اپنے ویڈیو پیغام میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے زائرین پر عائد غیر منصفانہ پابندیوں کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے تمام زائرین اور قافلوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر کراچی سے روانہ ہوکر مارچ میں شریک ہوں۔
اس موقع پر انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو بھی دوٹوک پیغام دیتے ہوئے واضح کیا کہ زائرین کو ان کے مذہبی حق سے محروم کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ یہ اقدام صرف زائرین کے حق میں نہیں بلکہ ملتِ جعفریہ کے دینی، آئینی اور شہری حقوق کے تحفظ کی جنگ ہے، جس سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹا جائے گا۔