وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے اربعین امام حسینؑ کے موقع پر راستوں کی بندش کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت کراچی ڈویژن کے صدر علامہ شیخ محمد صادق جعفری نے کی، جو محفل شاہ خراسان سے شروع ہو کر امام بارگاہ علی رضا تک نکالی گئی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی، صوبائی نائب صدر علامہ مختار امامی، عزاداری ونگ سندھ کے صدر علامہ انور علی جعفری، کراچی ڈویژن کے صدر علامہ شیخ محمد صادق جعفری اور ضلعی وسطی کے صدر علامہ ملک غلام عباس نے کہا کہ عزادارانِ امام حسینؑ کو ان کے آئینی، قانونی اور مذہبی حقوق سے محروم کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ریلی میں ماتم داری دستہ امامیہ کراچی ریجن نے کی۔ اس موقع پر تحریک بیداری امت کے قافلہ سالار و دیگر ذمہ داران، اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ریجن کے صدر سروش رضا اپنی کابینہ کے ہمراہ ریلی میں شریک تھے۔ علمائے کرام نے مطالبہ کیا کہ عزاداری کے راستوں کی بندش کا سلسلہ فی الفور ختم کیا جائے اور اربعین کے موقع پر زائرین اور عزاداروں کو سہولیات فراہم کی جائیں۔