The Latest
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے "مردہ باد امریکہ" احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں دونوں جماعتوں کے کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع خواتین کی جانب سے بھی بھرپور شرکت کی گئی۔ مظاہرے کی قیادت ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ حسن رضا ہمدانی،آئی ایس او کے ڈویژنل صدر حیدر عباس، علامہ سید وقارالحسنین نقوی، سید سجاد نقوی، سید عظیم سبزواری سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سید اسد عباس نقوی کا کہنا تھا کہ امریکہ یاد رکھے، یہ کوئی غلام قوم نہیں، غلام حکمران تھے، جو ماضی میں امریکہ کی ہر بات کے سامنے سرتسلیم خم کرتے رہے، مگر عوام نے ماضی میں کبھی امریکہ کو تسلیم کیا اور نہ آئندہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے تمام مسائل کا ذمہ دار امریکہ ہے، امریکہ کو اب پالیسیاں تبدیل کرنا ہوں گی اور پاکستان سے مستقل بنیادوں پر نکلنا ہوگا۔
ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری سیاسیات سید اسد نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امریکی مداخلت کی پُرزور مذمت کرتے ہیں، امریکہ کی جانب سے وزیراعظم کو کھلی دھمکیاں دینا قابل مذمت ہیں۔ علامہ حسن رضا ہمدانی نے کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ حکمرانوں کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا ہے، جب مطلب پورا ہو جاتا ہے، تو انہیں ٹشو پیپر کی طرح پھینک دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب دور بدل گیا ہے، اب قوم بیدار ہے، اب ملت پاکستان امریکی غلامی کو کسی طور تسلیم نہیں کرے گی۔
علامہ ہمدانی کا کہنا تھا کہ آج کا یہ مظاہرہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس کی ہدایت پر کیا جا رہا ہے، آج پورے ملک میں پاکستان کے غیور عوام امریکہ کیخلاف سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ جس طرح افغانستان سے بے آبرو ہو کر نکلا ہے، وہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت بند کر دے ورنہ پاکستان کے عوام افغانستان سے بھی بدترین ذلت کیساتھ امریکہ کو نکال باہر کریں گے۔ مظاہرے کے اختتام پر امریکی پرچم نذر آتش کئے گئے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کی کال پر جمعہ کے روز امریکہ کے خلاف اسلام آباد،لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔شرکاء نے امریکہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور امریکی پرچم نذرِ آتش کیے گئے۔
مقررین نے اپنے خطابات میں عالم اسلام کے خلاف امریکی ہتھکنڈوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔اسلام آباد میں امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس ٹو کے سامنے مظاہرہ کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔
مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ ظہیر الحسن کربلائی اور سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین اسلام آباد انجنیئر ظہیر نقوی کر رہے تھے،علامہ ظہیر الحسن کربلائی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری ہمیں اپنی جان سے بڑھ کر عزیز ہے۔جن حکمرانوں نے اپنے اقتدار کی بقا کے لیے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا وہ پوری قوم کے مجرم ہیں۔پاکستان کی سالمیت کے خلاف جو بھی آواز اٹھے گی ہم اس کی بھرپور مخالفت کریں گے۔تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ امریکہ صرف اپنے مفادات کا یار ہے۔جو طاقتیں امریکہ کو اپنے اقتدار کی بقا کا ضامن سمجھتی رہیں انہیں امریکہ کے ہاتھوں ہی ذلت و رسوائی اٹھانا پڑی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے۔ہمارے داخلی و خارجی معاملات میں مداخلت بدترین جارحیت ہے۔ہمیں امریکہ کے سفیر کو ملک سے بے دخل کرنے میں دیر نہیں کرنی چاہئے۔ امریکہ سے تعلقات کے بدلے ہمیں ستر ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دینا پڑی ہے۔پاکستان کے امن و امان کی تباہی اور معاشی و اقتصادی بدحالی کی تمام تر ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے۔
انجنیئر ظہیر نقوی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی غیرت و حمیت کا یہ تقاضا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی طرف سے باہمی اختلافات کو نظر انداز کر کے امریکی سازشوں کے خلاف یکساں اور ٹھوس مؤقف اختیار کیا جائے۔ملکی خودمختاری پر کسی کو طاقت کے بل بوتے پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان آغا سید علی رضوی کی سربراہی میں ایم ڈبلیو ایم کی اعلیٰ حکومتی شخصیات اورگلگت بلتستان کے کے رہنماؤں کے وفد کی سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات۔ملاقات میں موجودہ ملکی صورتحال،گلگت بلتستان کے مختلف ایشوز سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایم ڈبلیو ایم جی بی کے وفد میں ممبر گلگت بلتستان کونسل شیخ احمد علی نوری،منسٹر ایگریکلچر گلگت بلتستان کاظم میثم،معاون خصوصی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان الیاس صدیقی،صوبائی رہنما ایم ڈبلیو ایم الحاج محمد علی شامل تھے۔اس موقع مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ احمد اقبال رضوی،سیدناصر شیرازی اور اسدعباس نقوی بھی شریک تھے۔
وحدت نیوز(بیروت) ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ اختلافات کے باوجود ہم اس حساس موقع پر پاکستان کے اندر امریکی مداخلت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بیروت دفتر میں عرب ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے کہا امریکہ کی تاریخ رہی ہے وہ چھوٹے ممالک میں دھونس دھمکی یا لالچ و طمع کے ذریعے مداخلت کرتا اور ان کی داخلی و خارجہ پالیسی پر اثر انداز ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں داخلی سطح پر اس وقت اقتدار کی ایک رسہ کشی جاری ہے جو مکمل طور پر پاکستان کا داخلی معاملہ ہے اور ہم آئین اور قانون کے تناظر میں اس کا حل دیکھنا چاہتے ہیں لیکن ایسے میں امریکی حکام کی طرف سے پاکستان کے خلاف دھمکی آمیز اور غیر سفارتی زبان کا استعمال انتہائی قابل تشویش ہے۔
ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا گزشتہ کچھ عرصہ کی پاکستان میں تعینات امریکی سفیر کی نقل و حرکت پر بھی پاکستان کی غیور عوام کو شدید تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا اب وقت ہے کہ پاکستان قوم امریکہ کی مداخلت اور دھونس دھمکیوں کے مقابلے میں اٹھ کھڑی ہو اور بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے آزاد خارجہ پالیسی کے خواب کو پورا کیا جائے۔
ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے پاکستان کی حالیہ داخلی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا پاکستان میں اپوزیشن جماعتیں حکومتی اتحاد کے خلاف اکھٹی ہوچکی اور ان کا مطالبہ ہے کہ آئینی لحاظ سے پی ٹی آئی حکومت پارلیمان میں اکثریت کھو چکی ہے لہذا وزیراعظم عمران کو استعفی دینا چاہئے جس کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کروائی ہے۔
انہوں نے کہا پارلیمانی نظام حکومت میں یہ دیگر پارلیمانی جماعتوں کا حق ہے کہ وہ جب محسوس کریں کہ حکومت اکثریت کھو چکی ہے تو وہ اس کے خلاف قانون اور آئین کی رو سے اقدام کریں لیکن اقتدار میں تبدیلی کی ایسی کسی مہم کا خیر مقدم نہیں کیا جاسکتا جو کسی بین الاقوامی سازش یا کسی غیر ملکی عنصر کی پشت پناہی کے نتیجے میں شروع کی گئی ہو، انہوں نے کہا بیرونی عناصر کی ایما پر ایسی کوئی بھی کوشش قابل مذمت اور قوم کے اجتماعی مفادات کے خلاف ہے۔
ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا پاکستان کا مفاد اسی میں ہے کہ وہ ایک خود مختار اور آزاد خارجہ پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنائے اور عالمی محاذ آرائی اس کی پالیسی پر اثر انداز نہ ہو اور داخلی طور پر بین الاقوامی عناصر پر کم سے کم انحصار ہو۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کے داخلی و خارجی معاملات میں امریکی مداخلت کی شدید الفاظ میں مذمت اور امریکہ کے سفیر کو ملک سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سے تعلقات کے بدلے ہمیں ستر ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دینا پڑی ہے، پاکستان کے امن و امان کی تباہی اور معاشی و اقتصادی بدحالی کی تمام تر ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے، قومی غیرت و حمیت کا یہ تقاضا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی طرف سے باہمی اختلافات کو نظر انداز کرکے امریکی سازشیوں کے خلاف یکساں مؤقف اختیار کیا جائے، ماضی میں متعدد قومی معاملات پر وزیراعظم کا غیر ذمہ دارانہ رویہ ملت تشیع کے لئے مایوس کن رہا، پشاور اور کوئٹہ کے سانحات میں حکومت کی بے حسی نے ہمارے دلوں کو زخمی کیا۔
علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ان سارے اختلافات کے باوجود امریکہ کے خلاف وزیراعظم کے موقف کی تائید کرتے ہیں، ملکی خود مختاری پر کسی کو طاقت کے بل بوتے پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، امریکہ کے خلاف جمعہ کے روز ملک بھر میں مظاہروں کی اپیل کرتے ہیں، امریکی پرچم نظر آتش کرکے پاکستانی قوم امریکی حکومت کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھمکی کب دی گئی، کیوں دی گئی، یہ وقت ایسے سوالوں کا نہیں بلکہ دھمکی دینے والے کو دندان شکن جواب دینے کا ہے، امریکہ کا اصل چہرہ کھل کر سامنے آنے کے بعد کسی کے لئے اب کوئی ابہام باقی نہیں، پوری قوم امریکی مداخلت کو اپنی خود مختاری پر حملہ سمجھتے ہوئے اس کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) ڈی آئی جی کوئٹہ سید فدا حسین شاہ سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ کوئٹہ بلوچستان کو امن کی ضرورت ہے۔ دھشت گردی کے نیٹ ورک کے خلاف سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ مجلس وحدت مسلمین امن و اتحاد کے فروغ کے لئے مصروف عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کے درمیان مذہبی رواداری یکجہتی اور اتحاد و اخوت کی ضرورت ہے۔ جس کے لئے ایک ایسا نصاب تعلیم ترتیب دیا جائے جو قوم اور نوجوان نسل میں اتحاد اخوت حب الوطنی اور ھمآھنگی کو فروغ دے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی سید فدا حسین شاہ نے کہا کہ دھشت گردی ملک و قوم کے دشمن ہیں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تندھی سے سماج دشمن دھشت گردوں کا تعاقب کر رہے ہیں۔ ہم کوئٹہ کو امن کا گہوارہ دیکھنا چاہتے ہیں۔اس موقع علامہ علی ڈومکی نے ڈی آئی جی فدا حسین شاہ کو بلوچ تاریخ اور مفتی نظام الدین شامزئی کی معروف کتاب عقیدہ ظہور مہدی تحفہ دی۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان اور نصاب کمیٹی کے کنوینیر مقصود علی ڈومکی نے تنظیم نسل نو ہزارہ مغل کے چیرمین نادرعلی ہزارہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما مبارک علی ہزارہ اتحاد تاجران بلوچستان کے سرپرست حاجی محمد طاہر نظری اور ادارہ نور الولایة کے سربراہ مولانا موسی حسینی سے ملاقات کی اور انہیں 2 اپریل کو کوئٹہ میں متنازعہ نصاب تعلیم کے حوالے سے ہونے والی شیعہ قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ مذہب کی تعلیم ہر بچے کو اس کے اپنے مکتب فکر کے عقائد، حدیث اور فقہ کے مطابق پڑھائی جائے جس کے لیے نصاب سازی، درسی کتب کی تدوین، تدریس اور امتحانی نظام کی تشکیل میں ہر مکتب فکر کے جید علماء شریک ہوں۔آئین مذہبی تعلیم کے حوالے سے کسی ایک مسلک کی تعلیمات کو کسی دوسرے مسلک پر مسلط کرنے سے منع کرتا ہے لہذا نصاب میں مذہبی تعلیمات شامل کرتے ہوئے اس آئینی اصول کو ملحوظ رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مذہب کی تعلیم کے لیے شیعہ بچوں کے لیے 1975 کے نصاب کی طرز پر علیحدہ نصاب ترتیب دیا جائے۔اسلامیات کے نصاب سے متنازعہ شخصیات کے ابواب حذف کیے اور ان کی جگہ مسلمہ اور متفقہ اسلامی شخصیات شامل کی جائیں۔ مختلف نصابی کتب سے دل آزار مواد کو نکالا اور صرف مشترکہ اور متفقہ مذہبی مواد شامل کیا جائے۔امام مہدی عج مسلمانوں کا متفقہ اور مسلمہ عقیدہ ہے اسے مستقبل کی امید اور مسلمانوں کی عظمت رفتہ کی بحالی کے تناظر میں نصاب میں شامل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ نصاب کے لیے متعارف کروائے گئے اقداری نظام پر نظر ثانی اور اسے علامہ اقبال رح کے اسلامی اقداری نظام سے ہم آہنگ کیا جائے اور اس میں خودی، غیرت، حمیت، ظالم سے نفرت اور مظلوم کی حمایت، شجاعت، حریت اور سماجی انصاف جیسی اعلی اقدار شامل کی جائیں اور نصاب و درسی کتب میں اس کے مطابق تبدیلی کی جائے۔
علامہ راجہ ناصرعباس کی اپیل پر کل جنوبی پنجاب بھرمیں یوم نصاب کے موقع پر احتجاجی مظاہرے منعقد ہوں گے
وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی کال پر یکم اپریل جمعہ کو ملک بھر میں متنازعہ یکساں قومی نصاب کے خلاف یوم احتجاج منایا جائے گا، جنوبی پنجاب کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ جنوبی پنجاب کی مرکزی احتجاجی ریلی نماز جمعہ کے بعد امام بارگاہ ابوالفضل العباس سے چوک کمہارانوالہ تک نکالی جائے گی، ریلی میں ایم ڈبلیو ایم کے علاوہ دیگر مذہبی رہنماء شرکت اور خطاب کریں گے۔ واضح رہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے پلیٹ فارم سے یکساں قومی نصاب میں موجود متنازعہ نکات کے خلاف احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کی کال دی گئی ہے۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹریٹ کا باقاعدہ افتتاح یکم اپریل جمعۃ المبارک کو ہوگا، سیکرٹریٹ کا افتتاح ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی کریں گے، اس موقع پر مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، علامہ اقتدار حسین نقوی اور دیگر صوبائی رہنماء بھی موجود ہوں گے۔
ایم ڈبلیوایم جنوبی پنجاب کا صوبائی سیکرٹریٹ گلشن واحد فیز 1، نزد حمیدہ رشید انسٹیٹیوٹ ننگانہ چوک پر واقع ہے، محل وقوع کے اعتبار سے صوبائی سیکرٹریٹ ملتان کے عین وسط میں بنایا گیا ہے، افتتاح کے موقع پر مسجد و امام بارگاہ ولی العصر میں نماز جمعہ کا بھی افتتاح کیا جائے گا۔
وحدت نیوز(چنیوٹ) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین چینیوٹ کی جانب سے منجی بشریت و شہداء اسلام کے عنوان سے سالانہ ایک روزہ کنونشن ٹھٹھی شرقی امامبارگاہ چینیوٹ میں منعقد ہوا ، کنونشن میں ضلع چینیوٹ کے تمام یونٹس سے بھرپور شرکت تھی منجی بشریت و شہداے اسلام کنونشن میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن صوبائی اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی ، اور مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی محترمہ معصومہ نقوی نے خصوصی شرکت کی۔
اپنے خطاب میں سیدہ زہرا نقوی نے کہا کہ اگر ہماری قوم اخلاص قلبی کیساتھ متحد ہوجاے تو کسی میں جرات نہ ہو کہ ہمیں اس بے دردی سے شہید کرے ، یہ ہمارے اختلافات اور کمزوریاں ہیں جن سے ہمارا دشمن فائدہ اٹھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے امام عج کے منتظر تو ہیں لیکن کیا ہم نے ان کی آمد کے لیے اپنی سرزمین کو تیار کر لیا ہے؟ ہم بے شمار قربانیاں دینے کے باوجود اب تک امام کے ظہور کے لیے آمادہ نہیں ہوسکے کیونکہ ہم متحد نہیں ہیں ہمیں دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے بصیرت، حکمت اور آپس میں وحدت قائم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ خدا کی آخری حجت کے ظہور کے لیے اپنی سرزمین کو تیار کر سکیں۔
کنونشن کے دوران ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین چینیوٹ کی خواہران نے شہداے پشاور کے حوالے سے زبردست خاکہ پیش کیا جبکہ جامعہ بعثت کی طالبات نے بھی بہترین انداز میں انقلابی ٹیبلو پیش کیا۔