The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ ایک دن وہ لمحہ ضرور آئے گا جب دنیا ظلم کے اندھیروں سے نکل کر انصاف کی روشنی میں نہائے گی۔ ہم ظالم صہیونی حکومت کے ظلم و بربریت کو پاش پاش ہوتا دیکھیں گے اور مظلوم فلسطین کو فتح و آزادی کی روشن صبح نصیب ہوگی۔ یہ صرف ایک سیاسی جدوجہد نہیں، بلکہ حق و باطل کی جنگ ہے، جس میں آخرکار فتح حق کی ہی ہوگی۔
وہ دن ضرور طلوع ہوگا جب الاقصیٰ کی آزاد فضا میں اذان کی صدائیں گونجیں گی، بچوں کی مسکراہٹیں خوف پر غالب آئیں گی، اور دنیا دیکھے گی کہ جو قوم صبر، قربانی اور ایمان کے راستے پر قائم رہتی ہے، اسے خدا کی مدد ضرور نصیب ہوتی ہے۔ فلسطین آزاد ہوگا، کیونکہ یہ وعدہ صرف انسانوں کا نہیں، رب کا وعدہ ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) قومی اسمبلی میں وحدت مسلمین کے پارلیمانی لیڈر انجینئرحمید حسین اور ضلع خیبر سے منتخب ایم این اے محمد اقبال آ فریدی نے آ ج قومی اسمبلی میں اجلاس کے دوران قبائلی علاقوں میں بد امنی اور شاہراہوں کی بندش کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروایا ۔
انھوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میںسپیکرڈیسک کے سامنے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر قبائلی اضلاع میں شاہراہوں کے کھلنے اور عوام کے خلاف دھشتگردوں اور ریاستی اداروں کی جانب سے کیے جانے والے مظالم کی نشاندھی کی گئی تھی ۔ قبائلی اضلاع سے منتخب دیگر اراکین پارلیمنٹ نے بھی انکی مطالبات کے حق میں آواز اٹھائی ۔
واضح رہے کہ ضلع کرم میں گزشتہ آٹھ ماہ سے شاہراہ عوام کے آمد و رفت کے لیے بند ھیں جبکہ ضلع خیبر میں وادی تیراہ اور دیگر علاقوں میں دھشتگردوں کے خلاف کاروائیوں سے وھاں کے مقامی آ بادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین احسان علی ایڈووکیٹ، مسعود الرحمان، محبوب ولی اور شبیر مایار کی بلاجواز گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ یہ اقدام نہ صرف بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ گلگت بلتستان کے عوام کے جائز آئینی، سیاسی اور معاشی حقوق کی آواز دبانے کی ایک ناکام کوشش ہے۔حکومت گلگت بلتستان آئے روز جبر و استبداد کے ذریعے عوام کی نمائندہ آوازوں کو دبانا چاہتی ہے، مگر تاریخ گواہ ہے کہ جب جب ظالم نے زبان بندی کی کوشش کی، تحریکیں اور بھی مضبوط ہوئیں۔
ہم حکومت کو واضح الفاظ میں بتا دینا چاہتے ہیں کہ عوامی نمائندوں کی گرفتاریوں اور غیر آئینی ہتھکنڈے عوام کے جذبے کو دبا نہیں سکتے۔میں عوامی ایکشن کمیٹی کی پرامن جدوجہد اور اس کے رہنماؤں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے بے باک آواز بلند کی اور ریاستی جبر کے آگے سر نہیں جھکایا۔ یہ گرفتاریاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک حق اور سچ پر مبنی ہے، اور یہی سچ ظالم حکمرانوں کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔میں مطالبہ کرتا ہوں کہ گرفتار رہنماؤں کو فی الفور رہا کیا جائے اور عوام کے آئینی و بنیادی حقوق کا احترام کیا جائے۔ بصورت دیگر عوامی مزاحمت کی لہر اب ناقابلِ روک تھام ہوگی۔
وحدت نیوز(لاہور)تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، مشائخ عظام، ممتاز وکلا، انجمن تاجران اور مختلف سماجی و مذہبی انجمنوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک اعلی سطحی وفد نے آج جمہوری اسلامی ایران کے قونصل جنرل لاہور مہران موحد، اور خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اصغر مسعودی سے خصوصی ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد پاکستان پر موجودہ نازک حالات کے دوران ایران کی جانب سے بھرپور سفارتی اور اخلاقی حمایت پر اظہار تشکر کرنا تھا۔ وفد نے خاص طور پر ایرانی حکومت کے سینئر نمائندے جناب ڈاکٹر عراقچی کو فی الفور پاکستان بھیجنے اور مکمل تعاون کی پیشکش کرنے پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران باہمی تعلقات، مذہبی ہم آہنگی، ثقافتی تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں فریقین نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات صرف حکومتی سطح تک محدود نہیں بلکہ عوامی و مذہبی روابط بھی دونوں ممالک کے درمیان گہرے رشتے کا ثبوت ہیں۔ ایرانی حکام نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایران ہمیشہ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب جناب علامہ علی اکبر کاظمی، مرکزی کوارڈینیٹر خطبا ذاکرین ونگ علامہ حسن رضا ہمدانی، مذہبی سیاسی رہنما امیر عباس مرزا، پیر عثمان نوری، علامہ وقارالحسنین نقوی، ظہیر کربلائی، سید وجاہت نقوی و دیگر بھی وفد میں شامل تھے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ آل سعود کی جانب سے امریکی صدر کا شاندار استقبال مظلوم فلسطینیوں کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔ پچاس ہزار مظلوم فلسطینیوں کے قاتل مجرم کو شاہانہ پروٹوکول دینا امت مسلمہ کے خون سے غداری ہے۔ اپنے بیان میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ امریکی صدر کے حالیہ دورۂ سعودی عرب کے دوران جس انداز سے ان کا استقبال کیا گیا، وہ مظلوم فلسطینی عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ پوری دنیا کے باشعور مسلمانوں اور بالخصوص فلسطینی مظلوم عوام کی نظر میں امریکہ اور اس کے صدر ٹرمپ نہ صرف شریکِ جرم ہیں بلکہ ہزاروں فلسطینیوں کے قتل عام میں براہ راست ملوث رہے ہیں۔ ایسے قاتل مجرم کو شاہانہ پروٹوکول دینا امت مسلمہ کے جذبات سے کھلا مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعجب ہے کہ عرب حکمران غزہ اور فلسطین کے مظلوم عوام کے لئے خوراک، پانی اور علاج کی فراہمی میں تساہل برتتے ہیں، مگر امریکی صدر کو اربوں ڈالر بھتہ دینے کے لئے تیار ہیں۔ آل سعود کی یہ پالیسی امت کے دلوں کو زخمی کرنے والی ہے۔
علامہ ڈومکی نے کہا کہ شام کے نام نہاد صدر نے بھی سعودی عرب میں "شیطان بزرگ" امریکہ کی خدمت میں حاضری دے کر ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ شام کی نام نہاد تبدیلی دراصل شیطان بزرگ امریکہ اور اسرائیل کا مشترکہ منصوبہ تھا، جس میں ترکی اور سعودی عرب نے سہولت کار کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے سعودی عرب سمیت مسلم ممالک پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے دباؤ بڑھایا جا رہا ہے۔ ایسے وقت میں جب دنیا بھر میں باشعور اور غیرت مند عوام لاکھوں کی تعداد میں غاصب اسرائیل کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں، اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کو رد کر رہے ہیں، اس وقت سعودی عرب، بن سلمان، قطر، متحدہ عرب امارات اور دیگر عرب حکمرانوں کی جانب سے غاصب اسرائیل کی بلاواسطہ یا بالواسطہ حمایت انتہائی شرمناک اور قابل نفرت عمل ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسلم حکمران اسرائیل سے ہر قسم کے روابط منقطع کریں، فلسطینی عوام کی عملی مدد کریں۔ غزہ کے مظلوم عوام پر بمباری کو رکوائیں۔ اور امریکہ و اسرائیل کی گود میں بیٹھنے کے بجائے مظلومین کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلوچستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مرکزی رہنما و نصاب تعلیم کمیٹی کے کنوینیئر علامہ مقصود علی ڈومکی اور صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، کی قیادت میں گورنر بلوچستان جناب شیخ جعفر خان مندوخیل سے ملاقات کی۔ وفد میں ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی اور ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے ضلعی قائم مقام صدر حاجی الطاف حسین ہزارہ بھی شامل تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حال ہی میں کوئٹہ میں ایک صوبائی تعلیمی نصاب کانفرنس منعقد ہوئی جس میں علمائے کرام، ماہرین تعلیم، اسکول، کالج، یونیورسٹی اور مدارس سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس میں متفقہ طور پر موجودہ متنازعہ نصاب تعلیم کو مسترد کیا گیا اور 1975 کا متفقہ قومی نصاب بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ گزارش ہے کہ اس عوامی مسئلے پر وفاق سے بات کریں اور نصاب تعلیم کی اصلاح کے لئے فوری اقدامات کیے جائیں۔
علامہ ڈومکی نے کہا کہ ہر سال ہزاروں زائرین ایران اور عراق میں مقدس مقامات کی زیارت کے لیے رمدان اور تفتان بارڈر سے سفر کرتے ہیں۔ لیکن بدقسمتی سے رمدان اور تفتان زائرین ہاؤس میں صفائی، پانی، خوراک اور آرام دہ جگہوں کی شدید کمی ہے، جبکہ سیکیورٹی کے نام پر کئی روز انہیں غیر ضروری طور پر روکے رکھا جاتا ہے، جس سے خواتین، بزرگوں اور مریضوں کو شدید مشکلات پیش آتی ہیں۔ گزارش ہے کہ:تفتان بارڈر پر سہولیات میں فوری بہتری لائی جائے۔زائرین کو بلا وجہ روکنے کے بجائے مؤثر اور تیز تر کلیئرنس کا نظام متعارف کرایا جائے۔خوراک، صحت، اور قیام کی بنیادی ضروریات کا بندوبست کیا جائے۔تفتان میں بعض سرکاری اھلکار انتہائی متصب ہوتے ہیں جو زائرین کے ساتھ بداخلاقی سے پیش آتے ہیں۔ ان کی جگہ خوش اخلاق عملہ تعینات کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ممتاز شیعہ عالم دین علامہ غلام حسنین وجدانی کو عمرہ سے واپسی کے دوران سعودی عرب میں ایئرپورٹ پر سعودی حکام نے حراست میں لیا ہے۔ تقریباً ایک مہینہ گزرنے کے باوجود ان کی گرفتاری کی وجوہات نہیں بتائی گئیں اور نہ ہی ان سے متعلق کوئی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ گزارش ہے کہ حکومتِ پاکستان، خاص طور پر آپ کی توسط سے، سعودی سفیر اور متعلقہ حکام سے فوری طور پر رابطہ کرے تاکہ علامہ صاحب کی رہائی ممکن بنائی جا سکے اور ان کے اہل خانہ کی پریشانی کا ازالہ ہو۔
وفد نے گورنر بلوچستان کو صوبائی نصاب کانفرنس کی متفقہ قرارداد بھی پیش کی اور مطالبہ کیا کہ 1975 کا متفقہ قومی نصاب بحال کیا جائے۔
اس موقع پر گورنر بلوچستان جناب شیخ جعفر خان مندوخیل نے مجلس وحدت مسلمین کے وفد کی باتوں کو بغور سنا اور یقین دہانی کرائی کہ ان تمام مسائل کے حل کے لیے وہ بھرپور تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دینی طبقات، مدارس اور زائرین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی جائیں گی۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے اس موقع پر گورنر بلوچستان کو عالم اسلام کے جید عالم دین علامہ جلال الدین سیوطی کی کتاب احیاء المیت فی فضائل اہل البیتؑ اور ہزارہ قوم کی تاریخ پر مبنی کتاب کا تحفہ بھی پیش کیا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین ہزارہ ٹاؤن کی نظارت کمیٹی کا مشاورتی اجلاس، تنظیمی فعالیت کا جائزہ منشیات، بدامنی اور عوامی مسائل پر شدید تشویش کا اظہار۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان ہزارہ ٹاؤن کی نظارت کمیٹی کا ایک اہم مشاورتی اجلاس ضلعی آفس ہزارہ ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ضلعی صدر سید مہدی ابراہیمی نے کی۔
اجلاس میں مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، اور صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اجلاس میں ضلعی نائب صدر آغا سید ضیاء، کابینہ کے دیگر اراکین ٹھیکیدار حسن علی، ناصر علی، اور وحدت یوتھ ونگ کوئٹہ ڈویژن کے صدر حیدر علی ہزارہ سمیت دیگر ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔
اجلاس میں تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ہزارہ ٹاؤن کے سنگین عوامی مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ خاص طور پر منشیات کی بڑھتی ہوئی لعنت، بدامنی، اور مہاجرین کے گھروں پر رات گئے چھاپوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا:"منشیات کا بڑھتا ہوا استعمال ہماری نوجوان نسل کو تباہی کی طرف لے جا رہا ہے۔ یہ ایک معاشرتی ناسور ہے جس کے خلاف اجتماعی جدوجہد ناگزیر ہے۔ کوئٹہ میں رات کے وقت مہاجرین کے گھروں پر بغیر وارنٹ چھاپے انسانی وقار اور آئینی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔"انہوں نے مزید کہا کہ منشیات کے سوداگر دراصل نسلوں کے قاتل ہیں۔ یہ بااثر عناصر تعلیمی اداروں، بازاروں اور گلی محلوں میں زہر بیچ رہے ہیں، اور بدقسمتی سے بعض اوقات انہیں حکومتی اداروں کی خاموش حمایت بھی حاصل ہوتی ہے۔
وحدت نیوز(گلگت) اپوزیشن لیڈر کاظم میثم نے کہا ہے کہ وزیراعلٰی گلگت بلتستان کی چیف ایگزیکٹیو کے طور پر اختیارات کے استعمال میں ضابطے کی عدولی جگ ہنسائی کا سبب ہے۔ چیف سیکرٹری اور چیف ایگزیکٹیوکے مابین تصادم کے بابت پیدا ہونے کے تاثر کو ختم کرانا اداروں کی ذمہ داری ہے۔ صوبائی حکومت کے ذمہ داران وزیراعلٰی سے لایعنی قسم کی حرکتیں سرزد کرانے والے عوامل کا سدباب کرائیں اور اختیارات کے درست و ضابطے کے تحت استعمال کو رائج کرائیں۔
رجیم چینج کے بعد موجودہ حکومت میں یہ تیسرا واقعہ ہے کہ منسٹر یا چیف منسٹر نے حکم نامے پر اپنے دستخط سے جاری کیا ہو۔ بیوروکریسی اور حکومت کے درمیان دوری مجموعی طور پر ڈیلورنس اور گورننس کو متاثر کرے گا۔ دونوں کی دوریاں ختم کرانے کے لیے اپوزیشن مذاکرات کے ثالثی کرنے کو تیار ہے۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ پر لیکن دونوں شخصیات اہم ترین مناصب پر فائز ہیں اور دونوں قابل احترام شخصیات ہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر و رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین طوری کا قومی اسمبلی میں خطاب، بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج اور پاکستان ائیر فورس کی شاندار کامیابی پر پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، ضلع کرم کی آٹھ ماہ سے بند ٹل پارہ چنار روڈ کو محفوظ بنانے کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات اُٹھانے کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ عوام کو درپیش خطرات اور مشکلات کا خاتمہ ہو سکے، ایمبولینسز کو چیک پوسٹوں پر روکنا غیر اخلاقی اور غیر انسانی عمل قرار ہے، یہ اقدام نہ صرف مریضوں کی جانوں کے لیے خطرے گا باعث ہے بلکہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی بھی ہے۔
وحدت نیوز(لاہور)مرکزی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین، جناب سید اسد عباس نقوی نے صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پنجاب، لاہور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صوبائی کابینہ کے اراکین کے ساتھ ایک صمیمی نشست میں شرکت کی، جس میں تنظیمی امور اور ملکی حالاتِ حاضرہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔مرکزی سیکرٹری سیاسیات کا نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد یہ پہلا دورہ تھا۔
صوبائی سیکرٹریٹ آمد پر ان کا استقبال صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب، حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی، صوبائی سیکرٹری سیاسیات جناب سید حسین زیدی، صوبائی سیکرٹری فلاح و بہبود جناب شیخ عمران علی، اور صوبائی آفس سیکرٹری جناب ظہیر کربلائی نے کیا۔
اس ملاقات کا مقصد صوبائی و مرکزی سطح پر رابطوں کو مؤثر بنانا اور تنظیمی پالیسیوں کے نفاذ میں ہم آہنگی پیدا کرنا تھا۔ نشست میں مختلف تجاویز پر غور کیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔