وحدت نیوز (ساہیوال) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ مبارک موسوی نے ساہیوال میں ڈاکٹر قاسم شہید کی رسم قل کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال میں پے درپے ملت جعفریہ کی ٹارگٹ کلنگ پر حکومت پنجاب اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے، نیشنل ایکشن پلان کے نام پر سیاسی حریفوں کو انتقامی کارروائی کا سامنا ہے، پنجاب میں کالعدم تکفیری دہشتگرد گروہ صوبہ بھر میں مکمل آزاد ہیں، پنجاب میں دہشتگردوں اور سی ٹی ڈی کا ہدف ہمیں ایک ہی نظر آتا ہے، دہشتگرد ہمیں قتل کرتے ہیں اور سی ٹی ڈی بھی ہمارے ہی پُرامن علماء اور کارکنوں کو غائب کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مزید ایسے مظالم پر خاموش نہیں رہیں گے، ساہیوال میں 2 ماہ کے اندر ہم 3 جنازے اُٹھا چکے ہیں، ڈاکٹر خالد بٹ اور ان کے بیٹے کے قاتلوں کا ابھی سراغ نہیں لگا تھا کہ ڈاکٹر قاسم کو سربازار شہید کر دیا گیا، کیا پنجاب میں میں جنگل کا قانون ہے؟ آخر ہمارے شہداء کے ورثا انصاف کیلئے کہاں جائیں؟ علامہ مبارک موسوی نے 9 فروری کو علماء اور عمائدین کے اجلاس کے بعد صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں پنجاب میں جاری ٹارگٹ کلنگ اور بے گناہ ملت جعفریہ کے افراد کی گمشدگی پر پریس کانفرنس کا بھی اعلان کیا۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے صوبائی سیکرٹریٹ سولجربازار میں جنرل ورکر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے زمہ داران اور کارکنان تمام مکاتب فکر کے امن پسند اور محب وطن علماء عمائدین اور دانشوروں سے مل کر ملک دشمنوں کی سازشوں کیخلاف جدوجہد کریں، پاکستان میں شیعہ سنی متحد ہیں، تخریب کاروں اور انتہاپسندوں کا اسلام تو کیا انسانیت سے بھی کوئی تعلق نہیں، حکومت دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور سیاسی سرپرستوں کیخلاف ایکشن لے۔ انہوں نے پاناما کرپشن کیس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاناما کرپشن کیس کے حوالے سے شریف خاندان والے عدالت میں ابھی تک کوئی منی ٹریل نہیں دے سکے بلکہ جب بھی منی ٹریل کی بات کی جاتی ہے کوئی نہ کوئی قطری سامنے آ جاتا ہے، قطری خطوط ہماری قوم اور عدلیہ کی توہین ہیں۔ علامہ مختار امامی نے کہا کہ ملکی تاریخ میں کرپشن کا سب سے بڑا کیس عدالت میں زیر سماعت ہے اور حکومتی نمائندوں کا ایک ٹولہ روزانہ کی بنیاد پر عوام کو گمراہ کن باتوں سے مایوس کر رہا ہے، قوم کی قسمت کا فیصلہ اب سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ کے ہاتھوں میں ہے۔
وحدت نیوز (ٹنڈومحمد خان) مجلس وحدت مسلمین کے ٹنڈو محمد خان کے تحت مجلس وحدت مسلمین کے سابقہ سیکریٹری جنرل محب بھٹو کے بھانجے صابر بھٹو کے بہیمانہ قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا احتجاجی مظاہرے میں شھر کی سیاسی سماجی اور مذھبی تنظیموں کے رہنماٶں نے شرکت کی اور خطاب کیا جس میں مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل محمودالحسن، محب بھٹو ،پی ٹی آئی کے سعود فاروقی، شہری اتحاد کے نور حسن کھوکھر ،ساتھی فلاحی تنظیم کے پپو بلوچ،نادر کولاچی، پیپلز لیبر بیورو کے خالد بھٹو ،پیپلز پارٹی کے کاٶنسلر جمن کیھر سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے شاہد اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم صابر بھٹو کے قتل کو ١٠ دن گذر چکے ہیں لیکن پولیس نے ابھی تک قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار نہیں کیا، پولیس کی سست روی ملزمان کو بچانے کے مترادف ہے جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ قتل میں ملوث ملزمان کو فالفور گرفتار کر کے منظر عام پر لایا جائے اور انہیں عبرتناک سزا دی جائے انکا مزید کہنا تھا کہ اگر تین دن میں ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو جمعہ کے دن شٹر ڈاون ہڑتال کی جائیگی اور احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائیگا۔
وحدت نیوز (جامشورو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان حیدرآباد ڈویژن کی سیاسی کونسل کا اہم اجلاس مرکز تحقیقات و تبلیغات جامشورو میں منعقد ہوا، اس اہم اجلاس میں حیدرآباد ڈویژن کے مختلف اضلاع کے سیکریٹری جنرلز اور سیکریٹری امور سیاسیات کے علاوہ ایم ڈبلیو ایم کے سابقہ امیدواربھی شریک تھے، اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی اورکوآرڈینیٹرمرکزی سیاسی سیل آصف رضا ایڈووکیٹ نے خصوصی طور پر شرکت کی، اجلاس میں ڈویژن حیدرآباد کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، جن حلقوں سے مجلس وحدت مسلمین آئندہ انتخابات 2018 میں حصہ لے سکتی ہے ترجیحی بنیادوں پر ان حلقوں کا تعین کرنےاور جلد از جلد ان حلقوں میں عوامی مسائل کے حل کیلئے حکمت عملی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ 5 مارچ کوسندھ بھر کے شیعہ سیاسی شخصیات کا ایک اہم مشاورتی اجلاس حیدرآباد میں منعقد کیا جائے گا، اس اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری سیاسیات خصوصی طور پر شریک ہونگےاور سندھ کےسیاسی امور پر وسیع تر مشاورت کا آغاز کریں گے۔
وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع ملتان کی جانب سے 92 نیوز کی دوسری سالگرہ کے موقع پر وفد نے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی کی قیادت میں بیورو آفس ملتان کا دورہ کیا.اس موقع پر صوبائی ترجمان ثقلین نقوی. ضلعی سیکرٹری جنرل سید ندیم عباس کاظمی اور وسیم زیدی بھی ہمراہ تھے.وفد نے دوسری سالگرہ کے موقع پر 92 نیوز کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور سالگرہ کا کیک بھی پیش کیا.تقریب کے آخر میں صوبائی ترجمان ثقلین نقوی نے ملکی سلامتی اور عالم اسلام کے اتحاد کے حوالے سے خصوصی دعا کرائی.
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں ایم ڈبلیو ایم کے اعلیٰ سطحی وفد کی وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے ملاقات،ایم ڈبلیوایم کے وفد میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی،مرکزسیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ مبارک موسوی ،سیکرٹری جنرل خیبر پختونخواہ علامہ اقبال بہشتی،شریک تھے،ملاقات میں موجودہ ملکی صورت حال اور خصوصاََ ملت جعفریہ کو درپیش مشکلات پر تفصیلی گفتگو ہوئی،علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وفاقی وزیر داخلہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں بے گناہ لوگوں کو ملک بھر میں ہراساں کیا جارہا ہے،شیعہ مسنگ پرسنز پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے علماء اور پڑھے لکھے پرامن نوجوانان گذشتہ کئی مہینوں سے لاپتہ ہیں،ان کے خلاف کوئی ثبوت ہے تو عدالتوں میں پیش کیا جائے،انہوں نے پاراچنار اور پنجاب میں دہشتگردی کی تازہ لہر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاراچنار کے محب وطن عوام نے ہمیشہ ملک و قوم کے لئے قربانیاں دیں افسوس ہے کہ اس محب وطن قوم کو الٹا ہراساں کیا جا رہا ہے،پاراچنار ،ہنگو ،کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے مسائل پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی،بلوچستان خصوصاََ تفتان بارڈر پر زائرین کو درپیش مشکلات سے بھی وفاقی وزیرداخلہ کو آگاہ کیا گیا،وفد سے ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ نے تمام مسائل پر جلد پیش رفت کی یقین دہانی کی۔