وحدت نیوز (جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع جیکب آباد کے مختلف یونٹس کا تنظیمی دورہ کیا ۔اس موقع پر ضلعی سیکریٹری جنرل علامہ سیف علی ڈومکی ،ضلعی سیکڑیٹری تبلیغات مولانا عبد الخالق و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر دائو ،جہانپور،دوداپور میں تنظیمی اجلاس اور گڑھی خیرو میں مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ داعش جیسی دہشت گرد تنظیم کی تشکیل آمریکہ اور سامراجی قوتوں کا کارنامہ ہے،شیطان بزرگ آمریکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں جاری دہشت گردی میں ملوث ہے۔سامراجی قوتوں کی مداخلت روکے بغیر پاکستان میں قیام امن ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم آپریشن رد الفساد کی حمایت کرتے ہیں مگر قوم کو بتایا جائے کہ آپریشن ضرب عضب کے باوجود ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیوں نہ ہو سکا ،نیشنل ایکشن پلان کے باوجود ملک کے چپے چپے پر کالعدم جماعتوں کے جھنڈے سوالیہ نشان ہیں؟
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے آئندہ انتخاب کے سلسلے میںمشاورت کا آغاز کر دیا ہے سندہ بھر میں سیاسی حکمت عملی سے متعلق وسیع تر مشاورت کریں گے سندہ سطح پر دہشت گردی کے خلا ف امن پسند قوتوں کا الائنس جلد تشکیل دیا جائے گا۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری سیاسیات علی حسین نقوی نے کہا ہے کہ باہمی اتفاق و اتحاد اور خوف کی فضاء توڑنے سے دہشتگردی کو شکست دی جا سکتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی پولٹیکل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علی حسین نقوی نے کہا کہ اس وقت دشمن مختلف طریقوں سے قوم کو تقسیم کرنے پر تلا ہوا ہے، کبھی فرقہ واریت کے ذریعے اور کبھی لسانیت کی بنیاد پر، ہمیں ان تمام چیزوں کا ادراک کرنا ہوگا اور دشمن کو پہچاننا ہوگا۔ آپریشن ردالفساد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم اس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، اس کے ذریعے دہشتگردی اور تکفریت کو منطقی انجام تک پہنچانے کی امید رکھتے ہیں، یہ بھی امید کرتے ہیں کہ اچھے اور برے دہشتگردوں کی تمیز کو بالائے طاق رکھ کر آپریشن کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت دہشتگرد عناصر کو جڑ سے اکھاڑنے کا وقت ہے، ملکی حالات اس وقت اختلافات کے متقاضی نہیں ہیں، سیاسی اختلافات اپنی جگہ قائم دائم رہیں گے، لیکن ہم آپریشن ردالفساد، فوجی عدالتوں کی بحالی اور فاٹا ریفارمز کے حوالے سے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہیں۔
وحدت نیوز (لاہور) مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت کی رہائشگاہ پر 4 جماعتی اتحاد کے اجلاس نے فوجی عدالتوں کے حوالے سے 9 نکات پیش کر دئیے ہیں۔ لاہور میں ہونیوالے اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کےہنما علامہ سید احمد اقبال رضوی ، ناصر شیرازی ، اسد عباس نقوی ،(ق) لیگ کے رہنما چودھری پرویزالٰہی، عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈاپور، سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا کے علاوہ دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ بعد ازیں میڈیا بریفنگ میں ان 9 نکات کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں 2 سال کی توسیع کی جائے، دہشتگردی کی تعریف و تشریح کیلئے پارلیمنٹ میں بحث کی جائے، قانون میں وضاحت کی جائے کہ کوئی سیاسی جماعت اور اسکا کارکن مجوزہ ترمیم کی روشنی میں انتقامی کارروائی کا نشانہ نہیں بنے گا، مہنگائی، گورننس، لوڈشیڈنگ، لا اینڈ آرڈر، بے روزگاری اور حکومت کے ماورائے جمہوریت اقدام کیخلاف عوامی احتجاج اور سیاسی جماعتوں کا اختلاف رائے نیز مقامی انتظامیہ کیخلاف احتجاج دہشتگردی یا اینٹی سٹیٹ اقدام تصور نہیں ہوگا، فوجی عدالتوں کے فیصلوں سے لیکر اپیلوں کے فیصلہ تک تمام مراحل مختصر ترین معینہ مدت میں مکمل کئے جائیں، مجوزہ ترمیم سے حکومت کیخلاف سیاسی کارکنوں کا اظہار رائے اور میڈیا کی آزادی متاثر نہ ہو، ملزموں کو اپنی مرضی کا وکیل کرنے کا حق حاصل ہونا چاہئے، دہشتگردی کے بڑے واقعات، جن میں سانحہ ماڈل ٹاؤن، سیہون شریف، کوئٹہ ہائیکورٹ، گلشن اقبال پارک لاہور، داتا دربار، جامعہ نعیمیہ، علمدار روڈ کوئٹہ اور شکار پور جیسے سانحات، جہاں عوام الناس نشانہ بنے، کو ٹیسٹ کیس کے طور پر فوجی عدالتوں میں پہلے ٹرائل کیا جائے، فوجی عدالتوں میں بھیجے گئے کیسز پر چیک اینڈ بیلنس کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی قائم کی جائے، جس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کی نمائندگی ہو۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات و رکن شوریٰ عالی سید اسد عباس نقوی نے ایم ڈبلیو ایم میڈیا سیل کے ممبران سے ایک نشست میں ایک سوال کہ چار جماعتی اتحاد کے اغراض و مقاصد اور اہداف کیا ہیں؟آیا یہ آنے والے الیکشن میں بھی چار جماعتی اتحادکے پلیٹ فارم سے حصہ لینے جار ہے ہیں؟ان سوالات کے جواب میں اسد عباس نقوی کا کہنا تھا کہ یہ ایک غیر انتخابی اتحاد ہے،پاکستان پیپلز پارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے قبل مجلس وحدت مسلمین کی تجویز پر پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے رہائشگاہ اسلام آباد میں ان چار جماعتوں ایم ڈبلیو ایم ،ق لیگ،سنی اتحاد کونسل اور پاکستان عوامی تحریک کے قائدین کا اجلاس ہوا اور اس میں یہ بات طے پائی کہ آئندہ قومی ایشوز پر تمام جماعتوں کا جو بھی انفرادی موقف ہوگا چاروں جماعت کے قائدین مل بیٹھ کراپنے اپنے موقف اور تجاویز کااظہار کریں گے بعدازاں باہمی مشاورت کے بعد ایک متفقہ مشترکہ موقف تشکیل دیاجائے گاجسے پاکستان مسلم لیگ ق کے پارلیمانی کمیٹی سینٹ اور قومی اسمبلی میں چار جماعتی اتحاد کی جانب سے پیش کریگی،اس اتحاد میں ہمارا اصل ہدف ہمارے قومی ایشوز کو اس چار جماعتی اتحاد کے ذریعے قومی سطح و پارلیمانی سطح تک پہنچانا ہے جس میں الحمداللہ ہم کامیاب رہے ہیں اور یہی ایک مقصد ہے اس غیر انتخابی چار جماعتی اتحاد کا۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندہ کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے جیکب آباد، کرمپور اور خانپور کا دورہ کیا اس موقع پر ضلعی سیکریٹری جنرل علامہ سیف علی ڈومکی، ڈپٹی سیکریٹری نورحسن حیدری و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر کرم پور میں مومنین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراء ؑ کی حیات طیبہ نہ فقط صنف نسواں بلکہ عالم انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے، آپ ؑ کے دامن عصمت میں جن ہستیوں نے تربیت پائی وہ عالم انسانیت کے لئے اسوہ حسنہ ہیں۔ مسلم خواتین کو چاہئے کہ وہ مغربی ثقافتی یلغار کے مقابلے میں سیدۃ النساء العالمین ؑ کو اپنے لئے نمونہ عمل قرار دیں۔
انہوں نے سندہ کے مختلف شہروں میں مجالس عزا پر پابندی کے حکومتی احکامات کو افسوس ناک اور قابل مذمت قرار دیا۔ کنب، گھوٹکی ، خانپور، گڑہی خیرو، شہداد کوٹ ، نصیر آباد میں مجالس عزا کو روکنے کے حکومتی احکامات کو غیر قانونی عمل قرار دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ شیعہ دشمنی پر مبنی اپنے روئیے میں تبدیلی لائے۔ اور بانیان مجالس پر دبائو ڈال کر مجالس عزا رکوانے کا سلسلہ فوری بند کیا جائے،انہوں نے کہا کہ یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ شیعہ قوم طویل عرصہ سے دھشت گردوں کے نشانے پر ہے اور سب سے بڑہ کر پرامن اور محب وطن قوم ہے۔
وحدت نیوز (گلگت) حکومت جبر کے ذریعے گلگت بلتستان کے لوگوں کو اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کرنے سے روک رہی ہے یہ روش قطعاً ملک کے مفاد میں نہیں۔ حکمران عدل و انصاف سے کام کرینگے تو ان کے خلاف کوئی آواز نہیں اٹھے گی۔فورس کمانڈر حکومت کے جابرانہ اقدامات کے خلاف نوٹس لیں۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل سید علی رضوی نے رکن صوبائی اسمبلی محمد علی شیخ مرحوم کے گھر تعزیت کے بعد ضلع نگر کے پارٹی رہنمائوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کے خالصہ سرکار کے نام پر قبضے کررہی ہے اور علاقے کے شریف النفس افراد کو شیڈول فور میں ڈال کر علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پید کررہی ہے۔گلگت بلتستان حکومت نیشنل ایکشن پلان کو اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات قائم کررہی ہے جو کہ سراسر ناانصافی اور ظلم ہے۔مجلس وحدت مسلمین ظلم و جبر پر مبنی حکمرانی کو یکسر مسترد کرتی ہے اور پاک آرمی سے اپیل کرتی ہے کہ اس حساس خطے کے عوام جو محب وطن اور سرحدوں کے محافظ ہیں اور ہمیشہ پاک آرمی کے شانہ بشانہ رہے ہیں ان کے حکومت کے معاندانہ رویے کے خلاف نوٹس لے۔
انہوں نے کہا کہ کتنے افسوس کا مقام ہے کہ حفیظ الرحمن جب اپوزیشن میں تھے تو میرٹ کی باتیں کرتے تھے لیکن جب سے اقتدار میں آئے ہیں تمام اداروں میں میرٹ کا جنازہ نکالا ہے اور خاصکر پولیس فورس کے حالیہ بھرتیوں میں تو بے شرمی کی انتہا کرتے ہوئے ایسے افراد کو بائی فورس بھرتی کروایا ہے جو فزیکل ٹیسٹ میں پاس ہی نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ انٹی کرپشن اداروں کی اس صورت حال میں خاموشی بھی لمحہ فکریہ ہے جن کا کام ہی کرپشن کو روکنا ہے۔
انہوں نے سرکاری آفیسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ کے ذاتی ملازم نہ بنیں بلکہ ریاست کے ملازم اور محافظ بنتے ہوئے حکومتی غیر قانونی احکامات کو مسترد کرتے ہوئے میرٹ کو فالو کریں۔سرکاری ملازمین صرف پانچ سال کے ملازم نہیں ،اگروہ حکومت کے جرائم میں شریک ہونگے تو آنے والے وقتوں میں کاروائی سے انہیں بچانے والا کوئی نہ ہوگا۔