وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کی ریاستی کابینہ کا علامہ سید تصور حسین الجوادی کی زیر صدارت اجلاس۔ ہفتہ وحدت بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ تصور جوادی نے کہا کہ حضور نبی کریم تمام جہانوں کے لیے رحمت بن کر آئے ، حضور صرف شیعہ سنی کی ہی نہیں بلکہ انسانیت کی میراث ہیں ، آپ نے جہالت کی غلاظت سے نکال کر ہدایت کے نور کی جانب پناہ دی، زندگی جینے کا سلیقہ و حوصلہ دیا، معاشرے کو قوانین و انصاف کا مجموعہ بنایا، حقوق اولاد ، والدین ، بہن ، بیوی بیٹا و بیٹی سے آشنا کیا، فضائل و مناقب میں آںحضرت کا کون ثانی ہو سکتا ہے کہ جب زمین کا فرش آپ کے قدموں کی زینت و آسماں کا سائباں آپ کے استقبال کے لیے شامیانہ قرار پایا ، خلق کر کے باری تعالی نے فرما دیا میرا حبیب اگر آپ نہ ہوتے تو یہ کائنات نہ ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین جملہ اہل اسلام کو عید میلاد مصطفی ص کی مناسبت سے ہدیہ تبریک پیش کرتی ہے۔ بارہ تا سترہ ربیع الاول بفرمان امام خمینی و بہدایت قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری بھرپور انداز میں منائیں گے۔ تمام اضلاع میں شیعہ سنی مشترکہ میلاد کانفرنسز کا انعقاد ہو گا جبکہ مرکزی پروگرام دارالحکومت مظفرآباد میں منعقد ہو گا۔ علامہ تصور جوادی نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین مجلس وحدت کا بنیادی و اہم ترین مقصد ہے ، ہم یہ سمجھتے ہیں کہ شیعہ و سنی نے جسطرح ملکر پاکستان بنایا اسی طرح ملکر اس مملکت خداداد پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی حدود کی محافظت یقینی بنائیں۔ تکفیریت ملک کے لیے زہر قاتل ملکر اسے شکست سے دوچار کریں۔ اجلاس میں مولانا سید طالب ہمدانی ، مولانا سید حمید نقوی ، عابد علی قریشی ، سید حسین سبزواری ، سید غفران علی کاظمی و دیگر شریک تھے۔ اجلاس کا اختتام ملک پاکستان و آزادکشمیر کی سلامتی و مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کی دعا کے ساتھ کیا گیا۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) کراچی میں چائنیز قونصل خانےاور لوئر اورکزئی (کلایہ) میں حملہ کرنے والے ایک ہی مائنڈسیٹ کے پیروکار ہیں،دونوں سانحات میں ملوث دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کی بزدلانہ کاروائی کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان کی شدید مذمت کرتے ہیں،افغانستان میں انڈیا امریکہ گٹھ جوڑ خطے کی امن کے لئے خطرناک ہے،دشمن ملک میں دہشتگردی کے ذریعے سی پیک منصوبے میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتاہے ، قوم متحد ہو کر ملک دشمنوں کی سازش کو ناکام بنائیں،اس المناک سانحے پر ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے مرکزی سیکریٹریٹ سے میڈیاکوجاری اپنے مذمتی بیان میں کیا۔
انہوںنے کہاکہ حکومت ان دہشتگردوں کیخلاف عملی اقدامات کرتےہوئے ان ملک دشمنوں کو نشان عبرت بنائے،دہشت گرد بی ایل اے ہو یا داعش پاک وطن کے دشمن ہیں، ان کیخلاف فیصلہ کن اقدامات ناگزیر ہو چکےہیں،ملک میں جب تک دہشتگردوں کے سیاسی سرپرست آزاد ہیں اس ناسور سے نجات ملنا ممکن نہیں،علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اورکزئی کلایہ بازاراور چائنیز قونصلیٹ کراچی میں دہشت گردحملوں میں شہید ہونے والوں کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے، انہوں نے کہاکہ مجلس وحدت مسلمین غم کی اس گھڑی میں شہداء کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
وحدت نیوز(ملتان) ہفتہ وحدت بمناسبت جشن میلادالنبی حضرت محمد مصطفی بفرمان امام خمینی اورقائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی ہدایت پر جنوبی پنجاب بھر میں عید میلادالنبی کے موقع پر استقبالیہ کیمپ، چائے اور شربت کی سبیلوں کا اہتمام کیا گیا، ملتان میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے سیکرٹری جنرل مرزا وجاہت علی کی زیر نگرانی قدیمی ومرکزی امام بارگاہ حسین آباد دولت گیٹ کے سامنے مرکزی استقبالیہ کیمپ کااہتمام، جس میں مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل جناب علامہ اقتدار نقوی, سیکرٹری سیاسیات انجینئر مہر سخاوت علی , ندیم عباس نے شرکت اور خطاب کیا۔ استقبالیہ کیمپ میں مشیر وزیراعلی پنجاب MPA حاجی جاوید اختر انصاری، مخدوم مرید حسین قریشی اور ملک عدنان ڈوگر،سجادہ نشین بری امام سرکار مخدوم حسن رضا مشہدی سمیت مختلف سیاسی اور مذہبی رہنماں نے شرکت کی اور اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کے وحدت امت کے لیے ہمیشہ مجلس وحدت مسلمین نے اپنا بہترین کردار ادا کیا ہے جو لائق تحسین ہے۔
اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اس وقت پاکستان میں شیعہ سنی وحدت کے حوالے سے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں، ملک اس وقت کسی بھی خلفشار کا متحمل نہیں ہے، ہمیں اپنی صفوں سے ملک دشمن عناصر کو باہر کرنا ہوگا اسی میں ہم سب کی بھلائی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر جاوید اختر انصاری نے کہا کہ شیعہ سنی وحدت کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین کا کردار لائق تحسین ہے، گزشتہ کئی سالوں سے اس جماعت کی کوششوں کے ثمر آج نظر آرہے ہیں، تشیع کے علمائے اور عوام کی جانب سے میلاد کے جلوسوں کا استقبال لائق صداحترام ہے ، ایم ڈبلیو ایم کے اس اقدام پر ان کی قیادت اور مقامی ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ بہاولپور میں فرید گیٹ پر مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے دیگر تنظیموں کے تعاون سے استقبالیہ کیمپ لگایا گیا، جس میں ایم ڈبلیو ایم بہاولپور کے سیکرٹری جنرل سید اظہر حسین نقوی سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی، اس موقع پر شہر بھر سے نکلنے والے جلوسوں کو خوش آمدید کہا گیا اور پھولوں کے ہار بھی پہنائے گئے، لیہ میں بھی مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے عید میلادالنبی کے موقع پر استقبالیہ کیمپ لگایا گیا، کیمپ میں ایم ڈبلیو ایم کے مقامی قائدین ضلعی سیکرٹری جنرل ساجد حسین گشکوری، سید اجمل حسین شاہ سمیت دیگر رہنماموجود تھے۔ اس موقع پر جلوسوں کے قائدین پر پھول نچھاور کیے گئے اور ہار بھی پہنائے گئے، شرکائے جلوس کے لیے پانی کی سبیل کا اہتمام کیا گیا، ڈیرہ غازیخان اور جام پور میں بھی عید میلادالنبی کے موقع پر استقبالیہ کیمپ لگایا گیا، بھکر اور میانوالی میں بھی استقبالیہ کیمپ لگائے گئے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی نے اسلام آباد کے جلوس میلاد النبیؐ میں خصوصی شرکت کی، جبکہ شہریار آفریدی نے مرکزی امام بارگاہ اثناءعشری جی سکس ٹو کے باہر مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد کی جانب سے لگائے گئے استقبالیہ کیمپ کا بھی دورہ کیا اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے رہنما ڈاکٹر یونس حیدری،مولانا علی شیر انصاری ، ظہیر الحسن کربلائی و دیگر نے انکا استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنچائے ، اس موقع پر اہل سنت علمائے کرام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، بعد ازاں شہریارآفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہاکہ رسول خداؐ کی ولادت باسعادت کے موقع پر بلاتفریق رنگ و مسلک شیعہ سنی علمائے کرام کی جانب سےنکالےگئے جلوس میں شرکت کی، یہ وہ دن میں جو ہمیں آپس میں دوبارہ متحد کردیتے ہیں،جس طرح خداوند تعالیٰ نے بنی نو انسان کو 14 سو سال قبل رسول اللہ ؐ کی ذات اقدس کے سائے میں متحد کیا تھا۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نےجلوس ہائے میلاد النبیؐ نے کہاکہ ایک مرتبہ پھر شیعہ سنی مسلمانوں نےعظیم الشان جشن میلاد النبیؐ مناکر دشمنان اسلام کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیاہے، نواسہ رسول ؐ امام حسین ؑ کا غم اور رسول خداؐ کی ولادت کا جشن امت مسلمہ کی مشترکہ میراث ہے، مملکت خداداد پاکستان کے حکمران اور سیاست دان اگر رسول کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کریں تو ملک کو درپیش مشکلات اور دہشت گردی جیسے عفریت سے مکمل چھٹکارہ ممکن ہے، ان خیالات کا اظہارانہوںنے جشن عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر کراچی کے مختلف مقامات ملیر ،بن قاسم ٹائون، لانڈھی ،کورنگی،محمودآباد اورسولجر بازارسمیت دیگر علاقوں میں ایم ڈبلیوایم کی جانب سے قائم استقبالیہ کیمپوں، سبیلوں اور جلوس ہائے میلاد النبیؐ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پیغمبر اعظم ﷺ کی یوم ولادت کے مناسبت سے ملک بھر میں۱۲ تا۱۷ ربیع الاول تک ہفتہ وحدت منانے کا اعلان بھی کیا ہے جس کی پر نور محافلوں کا آغاز کر دیا گیاہے، سرورکائنات رحمت للعالمین کی ذات اقدس ہی مسلم امہ کے درمیان مرکزِوحدت ہے۔ عید میلادالنبی ﷺ کے جلوسوں میں جس اتحاد و یگانگت کے ساتھ شیعہ سنی عوام شریک ہوئے اس سے بخوبی اس بات کا انداز لگا یا جا سکتا ہے کہ پاکستان میں شیعہ سنی یک جان اور متحد ہیں،نفرت اور دہشت گردی پھیلانے والوں کا دونوں مکتب سے کوئی تعلق نہیں،ماہ ربیع الاول کے ان بابرکت ایام میں جس عملی وحدت کا مظاہرہ دیکھنےمیں آیا یہ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ فرقہ پرستوں کو اپنے مذموم عزائم میں شکست ہوئی ہے،،دہشت گرد دراصل ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دے کر مسلمانوں کو آپس میں دست و گریبان کرکے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
وحدت نیوز(بہاولپور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح بہاولپور میں بھی عید میلادالنبی کے موقع پر دیگر ملی تنظیموں اور جماعتوں کے ساتھ مل کر فرید گیٹ پر استقبالیہ کیمپ لگایا گیا، استقبالیہ کیمپ میں ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل سید اظہر حسین نقوی سمیت دیگر رہنما موجود رہے۔ بہاولپور سے جاری بیان کے مطابق12 تا 17 ربیع الاول ہفتہ وحدت کے سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پروگرام کے مطابق ملی جذبہ وحدت کے فروغ کے لیے لگائے گئے استقبالی کیمپ پر مومنین کی بھرپور شرکت کی اور عیدمیلادالنبی کے جلوسوں کا استقبال کیا گیا، پھول پہنائے گئے، پتیاں نچھاور کی گئیں اور گلے مل کر مبارکبادیں دی گئیں اور پانی کی سبیل بھی لگائی گئی، سید اظہر حسین نقوی کا کہنا تھا کہ الحمداللہ ہر سال مجلس وحدت مسلمین 12ربیع الاول کے موقع پر اپنے اہلسنت بھائیوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے کیمپ لگاتی ہے، محبت کی یہی فضا قائم رکھیں گے۔ اس موقع پر اہلسنت علمائے کرام اور عمائدین نے مجلس وحدت مسلمین کی اس کاوش کا سراہا۔