وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان کے حدود میں غیر مقامیوں کی مداخلت ہرگز قبول نہیں۔داریل کے جنگلات پر مقامی لوگوں کا حق ہے جسے ہتھیانے کی کسی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔اپنی زمین کی حفاظت گلگت بلتستان کے ہر شہری کا فرض بنتا ہے ،ہم داریل کے عوام کا اپنے حقوق کیلئے احتجاج کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے رہنما شیخ نیئر عباس مصطفوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عوامی ملکیتی زمینوں اور جنگلات پر قبضے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔داریل کھنبری کے عوام استقامت دکھائیں اور اپنے حق سے ایک انچ انحراف نہ کریں بلتستان سے خنجراب تک عوام آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں زمینوں پر قبضے کا معاملہ پہلے ہی شدت اختیار کرچکا ہے اور ہم اپنی ملکیتی اراضی پر غیروں کا قبضہ قطعاً برداشت نہیں کرینگے۔دیامر کے جنگلات وہاں کے مقامی عوام کی ملکیت ہیں جنہیں سازش یا جبر کے ذریعے ہتھیانے کی ہر اقدام کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔داریل کے عوام سے حکومت فوری مذاکرات کرے اور اس حساس مسئلے کو ختم کرکے عوام کو مطمئن کریںبصورت دیگر شاہ قراقرم صرف دیامر میں بند نہیں ہوگا بلکہ پورے جی بی میں شاہراہ قراقرم پر دھرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ خو اب خرگوش سے بیدارہوں اور گلگت بلتستان کے عوامی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے ۔ گلگت بلتستان کے حدود شندور، تھور کوہستان اور اب داریل جنگل پر قبضہ کی کوشش صوبائی حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔اگر حکومت جی بی کے جغرافیے اور یہاں کے قدرتی وسائل کا تحفظ نہیں کرسکتی تو مستعفی ہوجائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) لاپتہ افراد کے مسئلے پرحکومتی بے حسی لمحہ فکریہ ہے۔گمشدہ افراد کے لواحقین کی تشویش بڑھتی جارہی ہے، بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جمہوری حکمرانوں اور انسانی حقوق علمبردار تنظیموں کی خاموشی افسوسناک ہے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ مختاراحمد امامی نے لاپتہ افراد کے ورثاء سے ایک ملاقات میں کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر فورم پر لاپتہ افراد کے مسئلے کو اٹھایا ہے ہماری جماعت اور قیادت ان بے گناہ افراد کے لواحقین کیساتھ ہیں ہم کسی مجرم یاملک دشمن کی حمایت نہیں کرتے لیکن اس ساتھ ساتھ ملک میں کسی غیر آئینی و قانونی اقدام کی بھی تائید نہیں کریں گےحکومت ملک میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف فوری موثر اقدامات اٹھائے بصورت دیگر گمشدہ افراد کے لواحقین ہر قسم کے جمہوری و آئینی احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
علامہ مختار امامی نے کہا کہ ظالم اور مظلوم کو ایک ہی لاٹھی سےہانکنے کا عمل بند کیا جائے،ملت جعفریہ کے پچیس ہز ار سے زائد شہدا کے لواحقین اب بھی انصاف کے منتظر ہیں، یاد رکھیں حکومتیں کفر سے تو باقی رہ سکتی ہیں مگر ظلم سے نہیں،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے گمشدہ افراد کو بازیاب کرایا جائے اگر ان میں سے کوئی کسی بھی جرم میں ملوث ہیں تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے الحمداللہ ہماری عدالتیں آزاد ہیں،سزا و جزا کا حق صرف عدالتوں کو ہے ہم اس ملک کے محب وطن اور باوفا بیٹے ہیں وطن عزیز کو ہم بنانا ریپبلک نہیں بننے دینگےہم گم شدہ افراد کے لواحقین کے ہر قسم کے آئینی و قانونی اقدامات کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے دو روزہ صوبائی کنونشن کا حیدریہ مسجد میں آغاز ہوگیا، کل انٹرا پارٹی الیکشن ہوں گے، نئے سیکرٹری جنرل کا انتخاب بھی ہوگا، کنونشن کے پہلے دن خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں اتحاد کی عملی مثال ہے، ہم نے اپنے عمل کے ذریعے پاکستان میں موجود کمزور طبقات کو مضبوط کیا ہے، اس وقت عالم اسلام کے متحد ہونے کی ضرورت ہے، اغیار ہمیں تقسیم کرکے حکومت کرنا چاہتا ہے، وزیراعظم پاکستان کا دورہ ایران مثبت رہا ہے، دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے۔
ناصر عباس شیرازی نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے کہنا پڑتا ہے کہ مسلمان ممالک اس وقت یہودیوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں، امریکی اور اسرائیلی اشاروں پر ناچنے والے عیاش حکمران اسلامی تہذیب کو فراموش کرچکے ہیں، کنونشن سے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، سلیم عباس صدیقی، مہر سخاوت علی، ثقلین نقوی، سفیر حسین شہانی، قیصر عباس ڈب، ساجد حسین گشکوری، محمد اصغر تقی اور دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا۔ واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام وحدت اسلامی کانفرنس کل منعقد ہوگی، کانفرنس سے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، صاحبزادہ حامد سعید کاظمی، ملک عامر ڈوگر، رانا محمودالحسن، رائو عارف رضوی، ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع لاھور کی جانب سے دختر شھید ڈاکٹر محمد علی نقوی مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین اور ممبر پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زھرا نقوی کی صحت و سلامتی کے لیے وحدت ہاوس لاھور میں خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع بھر سے خواتین نے شرکت کی،اس موقع پر زیارت عاشورا پڑھی گئ جسکے بعد تمام شرکاۓ محفل نے آیة شفا کا مخصوص عمل انجام دیا بعد ازیں محترمہ سیدہ زھرا نقوی اور سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجا ناصر عباس جعفری کی صحت و سلامتی کے لیے بالخصوص اور تمام بیماروں کی شفایابی کے لیے بالعموم دعا کی گئی، پروگرام کے اختتام پر ضلعی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمی نقوی نے تمام یونٹس کے نمائندہ شرکاء سے خطاب کیا اور ماہ مبارک رمضان میں اعتکاف اور یوم القدس کی ریلی کے حوالے بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لیے ھدایات کیں۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع لاھور کی جانب سے گرین ٹاون لاھور میں خواتین کا یونٹ قائم کیا گیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین ضلع لاھور کی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی نے خواتین سے خطاب میں کہا کہ منتظرین امام زمانہ ع کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہیں ہمارے افعال و کردار سے یہ ظاہر ہونا چاہئے کہ ہم امام مھدی ع کے حقیقی منتظر ہیں فقط زبانی جمع خرچ سے ہم اس ذمہ داری سے عہدہ بر آ نہیں ہوسکتے۔ سری لنکا میں ہونے والے دہشت گردی کے اندوہناک سانحوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا انھوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان دنیا میں جہاں کہیں ظلم کا بازار گرم ہے بلا تفریق مسلک و مذہب اس بربریت اور دھشت گردی کے خلاف آواز بلند کرتی ہے ایم ڈبلیو ایم اس وقت ملک میں استعماری و استکباری طاقتوں کے خلاف مسلسل جدوجہد کر رہی ہے جو کہ ظہور امام ع کے زمینہ سازی کا ایک مرحلہ ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع لاھور کی جانب سے لاھور بھر میں یونٹ سازی کا سلسلہ جاری ہے ،ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین ضلع لاھور کی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمی نقوی نے نشمین اقبال کا دورہ کیا جہاں خواتین کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ عظمی نقوی نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا تعارف اور مقاصد بیان کیے اور کہا اس وقت ہم جس دور میں جی رہے ہیں اس میں ہاتھ پر ہاتھ دھر کر بیٹھنا ممکن نہیں ،ہمارے لوگ ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہو رہے ہیں ، بم دھماکوں میں شیعہ مسلک کو نشانہ بنایا جاتا ہے اور اسی پر اکتفا نہیں بلکہ پاکستان کے محب وطن اور قابل شیعہ شہریوں کو جبری طور پر اغوا کر لیا جاتا ہے ، جس مکتب و درسگاہ کے ہم پیروکار ہیں وہاں ایسے ظلم پر خاموش رہنا ظالم کی مدد کرنے کے مترادف سمجھا جاتا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ کربلا کو اپنا مرکز و محور ماننے والی قوم کبھی غیر متحرک نہیں رہ سکتی، بعد ازاںعلاقے کی خواتین کی بھرپور آمادگی سے نشمین اقبال لاھور یونٹ تشکیل دیا گیا۔ اور تمام یونٹ ممبران کی حلف برداری بھی کی گئی۔