وحدت نیوز(مشہد) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے دورہ ایران کے دوران ایم ڈبلیو ایم مشہد مقدس کے دفتر کا دورہ کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ سابق صوبائی رہنما سید فرخ مہدی اور دیگر شامل تھے۔ ایم ڈبلیو ایم مشہد مقدس کے سیکرٹری جنرل حجتہ الاسلام مولانا عقیل حسین خان نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا، اس موقع پر مولانا ہادی حسین، مولانا وزیرحسین اور دیگر بھی موجود تھے۔ مولانا اقتدار حسین نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان حکومت زائرین کے مسئلے کو حل کرنے میں بُری طرح ناکام ہوچکی ہے، زائرین ہفتوں ہفتوں بارڈر پر کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، وزارت مذہبی اُمور صرف حج اور عمرہ کے زائرین کو سہولیات دے کر اپنے آپ کو بری الذمہ سمجھتی ہے، اُنہوں نے آئی ایس پی آر کی جانب سے زائرین کے مسئلے پر بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج زائرین کے اس مسئلے کو حل کرنے میں کردار ادا کرے، علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ بحران کے کھُرے ریاض سے ملتے ہیں جہاں ایک بار پھر پاکستان کے کرپٹ حکمرانوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ امریکہ اس وقت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، ایران میں سازش کے تحت مظاہرین کو اُکسانا مہنگا پڑگیا ہے، آج ایرانی عوامی لاکھوں کی تعداد میں سڑکوں پر نکل مرگ بر امریکہ اور مرگ براسرائیل کے نعرے لگا رہے ہیں، امریکہ شاید نظام ولایت کی طاقت سے بے خبر ہے، ایرانی قوم نے ایک بار پھر امریکی و استعماری عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔