وحدت نیوز(گلگت) شہید اسلام و قرآن، داعی اتحاد بین المسلمین اور گلگت بلتستان کے لاکھوں عوام کے ہر دلعزیز راہنما شہید ولایت علامہ سید ضیاءالدین رضوی اور انکے باوفا جانثاروں کی نویں برسی کے سلسلے میں مرکزی اجتماع مرقد شہید، بمقام مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت میں "سوگواران ملت تشیع" کے عنوان سے منعقد ہوا۔ اجتماع میں علاقہ بھر سے ہزاروں کی تعداد میں شہید کے پیروکاروں کے علاوہ کثیر تعداد میں خانوادہ شہداء ملت جعفریہ اور علماء کرام نے شرکت کی۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں امام جمعہ والجماعت مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت علامہ سید راحت حسین الحسینی، صوبائی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین مولانا شیخ نیئر عباس مصطفوی ، ڈویژنل سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم بلتستان علامہ سید علی رضوی اور دیگر علماء کرام و مقررین نے شہید رضوی (رہ) کی ہمہ جہت شخصیت اور انکی شجاع قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہید ضیاءالدین رضوی (رہ) کے مشن کی تکمیل اور انکی فکر کی ترویج و احیاء کیلئے بھرپور جدوجہد جاری رکھی جائیگی۔ اس موقع پر علامہ سید راحت حسین الحسینی نے ملت جعفریہ کے تمام مسائل کا حل داخلی اتحاد میں مضمر قرار دیتے ہوئے تمام علماء کرام اور تنظیموں کو دعوت اتحاد دی۔ برسی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، جبکہ مختلف تنظیموں اور اداروں کی جانب سے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے۔