وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ شیخ نیئر عباس مصطفوی نے آج صوبائی سیکرٹریٹ گلگت میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پنجاب حکومت سازش کے تحت پنڈی سانحہ کے اصل مجرموں کو بچانے کیلئے نہتے عزاداروں کے خلاف غلیظ پروپیگنڈا مہم چلا رہی ہے۔ اس سانحہ کو جواز بنا کر کالعدم دہشت گرد ٹولہ نے پنڈی سمیت پورے ملک میں امام بارگاہوں، مساجد علم و تبرکات اور لوگوں کی ذاتی املاک کو شہید اور جلانے کی ناپاک جسارت کی ہے۔ ایک منظم سازش کے تحت پورے ملک میں فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش ہو رہی ہے جس کو اس ملک کے خیر خواہ شیعہ اور سنی عوام ملکر ناکام بنائینگے۔ جلوس عاشورہ کے روٹ میں پہلے سے موجود تکفیریوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے اکھٹا کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ اس سانحہ سے عزاداروں کا کوئی تعلق نہیں۔ رانا ثناء اللہ جیسے دہشت گردوں کے پشت پناہ کی موجودگی میں انصاف ملنا محال ہے۔ گلگت بلتستان کے طالب علموں کو ہراساں کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ اگر یہ سلسلہ نہ رکا تو پورے گلگت بلتستان کرگل تا چائینہ بارڈر تک بھرپور احتجاج کرینگے۔