وحدت نیوز (گلگت) گلگت بلتستان جیسے ہارڈ ایریا میں کام کرنے والے ڈاکٹرز کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرکے علاقے کے پریشان حال عوام پر رحم کیا جائے۔ حکومت گلگت بلتستان کی طرف سے ڈاکٹرز کے ہڑتال کا نوٹس نہ لینا اور ان کے جائز مطالبات کو تسلیم نہ کرنا اس علاقے کے عوام کے ساتھ انتہائی زیادتی ہے۔ موجودہ حکومت اپنی عیاشیوں پر تو اربوں روپے خرچ کررہی ہے لیکن عوام کے بنیادی مسائل کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔بیورکریٹس پہلے سے ہی 80 فیصد الاؤنسز سے لطف اندوز ہیں جبکہ مقامی ملازمین خاص کر قیمتی انسانوں کی زندگی کو بچانے والوں کو جائز مراعات سے محروم رکھنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئرعباس مصطفوی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ڈاکٹروں سے ملاقات کے دوران کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں ڈاکٹرز کو مراعات نہ ملنے کی وجہ سے اپنی تعلیم مکمل کرنے والے ڈاکٹرز اس علاقے میں اپنی خدمات سرانجام دینے سے کترارہے ہیں۔ بیشتر قابل اور ہونہار ڈاکٹرز مراعات کی عدم فراہمی کی وجہ سے علاقہ چھوڑ چکے ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کے غریب عوام پر رحم کرتے ہوئے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں۔