وحدت نیوز(گلگت ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان نے جشن آزادی گلگت بلتستان کو دفاع وطن کنونشن کے نام منانے کا عہد کیا ہے اس کنونشن میں ملک بھر سے علماء کرام، دانشور حضرات اور سیاسی قائدین کی شرکت متوقع ہے۔ یہ کنونشن گلگت بلتستان میں امن و امان کے قیام کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا اور ظالموں، ستمگروں اور مظلوموں کے حقوق غصب کرنے والوں کی نیندیں حرام کرے گا۔یہ کنونشن آزادی کے متوالوں کو مسرو ر و شادمانی اور انقلاب گلگت بلتستان میں اپنے خون کا نذرانہ پیش کرنے والے شہیدوں، غازیوں اور مرحومین کی ارواح مقدسہ کیلئے تسکین کا باعث ہوگا۔یہ کنونشن ملک عزیز پاکستان میں جاری فرقہ واریت کے خاتمے میں ممدو معاون ہوگا۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل شیخ نیئر عباس مصطفوی نے گلگت کے مختلف علاقوں میں اپنے تنظیمی دوروں کے دوران عوامی اجتماعات میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ڈوگرہ راج سے آزادی دلوانے والے ہیروز، مجاہدین اور سپہ سالاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی غرض سے ان شہیدوں، غازیوں اور مجاہدوں کے خانوادوں اور وارثین کو اس کنونشن میں مدعو کیا جائے گااور گلگت بلتستان کے ان محسنوں کو تاریخ میں ہمیشہ زندہ و تابندہ رکھنے کی غرض سے ہر سال یکم نومبر کو انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ جشن آزادی گلگت بلتستان کو منایا جائے گا ۔