وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین، گلگت بلتستان کے زیراہتمام جشن آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر 3 نومبر کو گلگت شہر میں "دفاع وطن کنونشن" کا انعقاد کیا جا رہا ہے اس سلسلہ میں مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے جنرل سیکرٹری شیخ نئیرعباس نے مساجد بورڈ کے اراکین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کو منانے کا مقصد اپنے اسلاف کی یاد تازہ کرنے اور نئی نسل میں اپنے ہیروز کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے اس دن کو بہتر انداز میں منایا جا رہا ہے۔ مساجد بورڈ کے اراکین کے ہمراہ بیٹھنے کا مقصد علاقے میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے کی کوششوں کو تقویت فراہم کرنا ہے اور محرم الحرام سے قبل عوام میں محبت و اخوت کے پیغام کو عام کرنا ہے تاکہ وہ آپس میں رواداری کے ساتھ رہیں۔ اس موقع پر مساجد بورڈ کے اراکین نے مجلس وحدت مسلمین کی کاوش کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں وہ قومیں کامیاب ہوتی ہیں جو اپنے ہیروز کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی گلگت بلتستان کے دن شایان شان انداز میں منانے کے لیے ایم ڈبلو ایم کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا اور اس پروگرام کے ذریعے سے یہ پیغام عام کیا جائے گا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے اسلاف کی قربانیوں کو نہیں بھولے ہیں اور اتحاد و اتفاق سے رہتے ہیں۔ مساجد بورڈ کے اراکین نے پروگرام کی کامیابی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ دوسری جانب پروگرام کی تیاریاں عروج پر ہیں۔