وحدت نیوز(بلتستان) امام حسین (ع) کی قربانی نے دینی اور اخلاقی اقدار کو زندگی بخشی ہے، انسانیت کو دوام دی ہے اور ایثار کو معراج عطا کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے امام بارگاہ حسینیہ نیورنگاہ کے مرکزی مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ کربلا میں امام حسین (ع) اور امام (ع) کے اعوان و انصار کی قربانیوں نے انسانیت کو زندگی بخشی ہیں اور اسلام حقیقی کو دوام عطا کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین (ع) محسن اسلام ہی نہیں بلکہ محسن انسایت و محسن ادیان الہیٰ ہیں۔ انہوں نے اپنی قربانی سے عنوان فتح و ظفر بدل کے رکھ دیا ہے۔ علامہ آغا علی رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قیام امام حسین (ع) نے پائمال شدہ انسانی و اخلاقی اقدار کو زندہ کر دیا گیا ہے۔ آج اگر دنیا میں عدل، انصاف، حق، سچائی جیسے مفاہیم موجود ہیں تو معرکہ کربلا کے مرہون منت ہے، دنیا میں موجود تمام انسانی اقدار پائمال ہوتے اگر کربلا نہ ہوتا۔