وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے کونسلرحلقہ ۱۲کوئٹہ کربلائی رجب علی نے اپنے ایم بیان میں کہا ہے کہ سنجیدہ اور اصولی سیاست ہی مہذب قوموں کی پہچان ہے۔ قیام امن کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو خود احتسابی کے عمل سے گزرنا ہوگا۔ قومی سطح کی پالیسوں کو نہ صرف معاشرتی ضروریات اور موجودہ صورتحال کا عکاس ہونا چاہیے، بلکہ عوام کے حقیقی مسائل و مشکلات کے پائیدار حل کا ضامن ہونا چاہیے۔ یہ پالیسیاں محض فائلوں تک محدود نہیں ہونی چاہیں بلکہ ان پر عمل درآمد کرکے ان کے ثمرات عوام تک پہنچانا ضروری ہے۔ حقیقی جمہوریت کا مطلب عوام کے یکساں حقوق اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہوتا ہے، تاکہ معاشرے میں نابرابری کی صورتحال ہی پیدا نہ ہو۔ ہمارا محور امن پسندی، بھائی چارگی اور رواداری ہونا چاہیے۔ محاذ آرائی اور مفادات کی سیاست نے ہمیں پسماندگی میں دھکیل دیا ہے۔ ہمیں اپنے ماضی سے سبق لیتے ہوئے اپنے مستقبل کا ازسر نو تعین کرنا ہوگا۔ مفاہمتی سیاسی عمل کا تسلسل ترقی و خوشحالی کی کنجی ہے۔ سیاست میں مثبت فیصلے آنے والے وقتوں میں یاد رکھے جائیں گے۔ غربت، پسماندگی اور جہالت کی وجہ سے عوام معاشرتی بُرائیوں کا شکار ہوجاتے ہیں۔ فکری بے چینی کے اصل اسباب اور محرکات کو نظر انداز کرکے محض اپنے بیانات اور تقریروں کو رنگین بنانے کے لیے عوام کے مسائل اور ان کے درمیان اتحاد و اتفاق کی باتوں کا سہارا لینے سے عوام متحد نہیں ہونگے۔ تقسیم در تقسیم کے عمل کے اصل اسباب کو بے نقاب کرنا ہوگا۔ استحکام مادر وطن ہو یا بقاء جمہوریت ہو، ہمیں ہر کٹھن گھڑی میں اپنا کلیدی کردار بطریق احسن ادا کرنا چاہیے۔