وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے بدنام زمانہ دھشت گردملک اسحاق کی۱۳ ساتھیوں سمیت ہلاکت پر پنجاب پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں ، جنہوں نے معصوم انسانوں کا خون بہایااور ریاستی اداروں پر حملے کئے، اعلیٰ عدالتوں کے ججز کو دھمکیاں دیں۔ ان مجرموں کے خلاف آپریشن پوری قوم کا متفقہ مطالبہ ہے۔ آپریشن ضرب عضب کا آغاز کرکے جنرل راحیل شریف نے ملک و قوم کو فتنہ خوارج سے بچالیا ہے۔ قومی تنصیبات اور بچوں کے اسکولوں پر حملہ کرنے والے دھشت گردوں کے خلاف آپریشن پرآج پوری قوم متحد ہے۔ مجرموں کا عبرتناک انجام دیکھ کر یہ ثابت ہو گیا کہ خدا کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دھشت گردوں کے ٹریننگ کیمپس اور محفوظ ٹھکانے موجود ہیں جبکہ دھشت گردوں کے وکیل اور حامی سر عام نفرت انگیز سرگرمیوں میں مصروف ہیں ،ان کے خلاف بھی فوری ایکشن کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں شیعہ ہزارہ نسل کشی میں ملوث کرداروں کو بے نقاب کرتے ہوئے ان کے خلاف بھرپور فوجی آپریشن کیا جائے۔ ملک کو دھشت گردی اور منافرت سے پاک کرنے کی مہم میں پوری قوم ،حکومت اور ریاستی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انہی دھشت گردوں کے ہاتھوں اب تلک ستر ہزار معصوم شہری قتل ہوچکے ہیں، جن کا قصاص لئے بغیر ملک میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔