وحدت نیوز (پارا چنار) سابق سینیٹر اور تحریک حسینی پارا چنار کے سرپرست اعلیٰ علامہ سید عابد حسین الحسینی نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کی ملت تشیع کیلئے خدمات لائق تحسین ہیں، تاہم کامیابی کیلئے مزید کوششیں کرنا ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارا چنار میں ان سے ملاقات کرنے والے ایم ڈبلیوایم خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات سید عدیل عباس زیدی کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارا چنار میں غیر منصفانہ آبادکاری اس وقت بہت اہم مسئلہ بن چکا ہے، اور حکومت کا اہل تشیع کیساتھ غیر مناسب رویہ ناقابل برداشت ہے۔ اہل تشیع کو ان کی آبائی زمینوں سے محروم رکھا جارہا ہے جبکہ دوسرے فریق کو سہولیات فراہم کرتے ہوئے اہل تشیع کی زمینوں پر آباد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ پارا چنار میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرسکتا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا سید عدیل عباس زیدی کا کہنا تھا کہ ایم ڈبلیو ایم کی قیادت نے ہمیشہ پارا چنار کے مسائل کو اہمیت دی ہے، چار سالہ محاصرہ کے موقع پر بھی ایم ڈبلیو ایم نے یہاں کے عوام کی آواز کو نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح تک پہنچایا، انہوں نے مزید کہا کہ پارا چنار میں غیر منصفانہ بنیادوں پر ہونے والی آبادکاری پر ہمیں بھی تشویش ہے اور ہم مسئلہ بھی انشاء اللہ ہر فورم پر اٹھائیں گے، جبکہ حکومت متنبہ کرتے ہیں کہ وہ پارا چنار میں اہل تشیع کے حقوق پامال کرنے کی کوشش نہ کرے، اور غیر منصفانہ آبادکاری کے سلسلے کو روکا جائے۔