وحدت نیوز(پشاور) صوبائی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین خیبر پی کے علامہ سبطین حسینی نے کہا ہے کہ دشمن کی بزدلانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور وہ اپنے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہو گا۔ شہیدوں کے لہو کی بدولت اور غیور عوام کی وحدت اور وطن دوستی کی بدولت ہم نے کل بھی وطن کا دفاع کیا تھا اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ پارا چنار کے علاقہ علی زئی میں خودکش دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے رہنما ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ جنگ زدہ سرزمین پر کھیلوں کی سرگرمیاں ایک کامیاب اور سرفراز قوم کی علامت ہیں۔ لیکن اس طرح کے اجتماعات کو نشانہ بنانا جہاں حماقت کی دلالت ہے وہاں دہشت گردوں کی شکست کا شاخسانہ بھی ہے کہ اب وہ مکمل مایوس ہو کر اس طرح کے اجتماعات کو نشانہ بناتے ہیں۔ لیکن سیکیورٹی اداروں کے اقدامات پر بھی سوالیہ نشان ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں ان کا موجود ہونا اور جگہ جگہ چیک پوسٹیں ہونے کے باوجود دہشت گرد کس طرح اس حساس علاقہ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ کرم لیویز کے شہید اہلکار بھی لائق تحسین ہیں جنہوں نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینکڑوں انسانوں کی جان بچائی۔