وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید عباس کاظمی نے پشاور اورایبٹ آباد میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں یکسر ناکام ہے، آئے روز ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے اور دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں۔ وحدت ہاوس پشاور سے جاری اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں مجلس وحدت مسلمین کے کارکن اور معروف نوحہ خواں صباح علی کا قتل حکومت کے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے دعووں پر سوالیہ نشان ہے، پشاور ملت تشیع کیلئے قتل گاہ بن چکا ہے، لیکن صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے اس حوالے سے آج تک کوئی کارروائی نہیں کی، کسی ٹارگٹ کلر کو حراست میں لیا گیا اور نہ ہی کوئی تحقیقاتی کمیشن بنایا گیا ، انہوں نے گذشتہ دنوں ایبٹ آباد میں ذاکر اہل بیت (ع) سید وسیم عباس شیرازی کی والد کے ہمراہ شہادت کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی، اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ علامہ وحید عباس کاظمی نے پشاور کے رہائشی محمد حسینی کی بلاجواز گرفتاری کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ہمارے ہی لوگ شہید ہورہے ہیں جبکہ دوسری طرف ہمیں ہی اسیر کیا جارہا ہے، جوکہ بہت بڑی ناانصافی ہے۔