وحدت نیوز(خوشاب) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع خوشاب کی ضلعی کابینہ کا اجلاس جمعہ 25 اپریل 2014ء کو امام بارگاہ قصر زینب سلام اللہ علیہا خوشاب میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ضلعی سیکرٹری جنرل مولانا ظہور الحسن نے کی، جبکہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل راجہ غلام شبیر جنجوعہ نے ایجنڈے پر گفتگو کی۔ اس اہم اجلاس میں مرکز اور صوبے سے سید مسرت حسین کاظمی اور استاد ذوالفقار علی اسدی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی مالیات ممبر سید مسرت حسین کاظمی اور استاد ذوالفقار علی اسدی نے کہا کہ مرکز کی طرف سے دیا گیا مالیاتی پروگرام انشاءاللہ کامیابی سے چلایا جائے گا۔ اس پروگرام سے ملت کی اقتصادی صورتحال بہتر ہوگی۔
سید مسرت حسین کاظمی نے مالیاتی نظام کے خدوخال اور مجلس وحدت مسلمین کے تمام ذیلی شعبہ جات کو مالیاتی حوالے سے مضبوط تر کرنے کے لیے مالیاتی لائحہ عمل پر خصوصی روشنی ڈالی۔ استاد ذوالفقار اسدی نے کابینہ کے تمام افراد کو اس پروگرام پر بھرپور کام کرنے کی تاکید کی۔ اجلاس کے شرکاء کی کافی تعداد نے ڈونر فارم پر کئے۔ آخر میں ضلعی سیکرٹری جنرل نے پروگرام کی کامیابی اور دیگر موضوعات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ جس میں شعبہ روابط کو مضبوط تر کرنے اور اپنے دیگر پروگراموں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کابینہ کو کام کی رفتار بڑھانے کی تاکید کی۔ علاوہ ازیں کابینہ کے اراکین نے اپنے اپنے شعبہ جات کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔