عمران خان کا بیرونی مداخلت سے پاک پاکستان بنانے کا خواب چکنا چور ہوتا دکھائی دے رہا ہے، ڈاکٹر افتخارنقوی

06 January 2020

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین نقوی نے کہا ہے کہ ایران امریکہ تنازعے میں پاک فوج کا ردعمل متوازن اور حالات کے عین متقاضی ہے۔پاکستان کی زمین کو ایران کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کا عسکری اعلان نہ صرف عوامی امنگوں کا عکاس ہے بلکہ خطے کی سالمیت اور استحکام کی ضمانت بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاک افغان جنگ سے ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے۔اسی ہزار افراد امریکہ کی بھڑکائی ہوئی دہشت گردی کی آگ میں جل کر راکھ ہو گئے۔پاکستانی معیشت کو تباہی کے دھانے پر پہنچانے کی ذمہ دار وہ عالمی قوتیں ہیں جن نے پاکستان میں بدامنی پیدا کر کے یہاں بیرون سرمایہ کاری کے راستے مسدود کیے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے بھیانک کردار ادا کر رہا ہے۔ایران کے جنرل قاسم سلیمانی پر حملہ امریکی بربریت کی بدترین مثال ہے جس پر پوری دنیا  سراپا احتجاج ہے۔ دنیا کے متعدد ممالک ایران کے جنرل کی شہادت کے المناک واقعہ پر دکھ کا اظہار کر چکے ہیں لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ پاکستان کی جمہوری حکومت اپنے پڑوسی ملک سے تعزیت کرتے ہوئے شش و پنج کا شکار ہے۔خود انحصاری اور داخلی خودمختاری کا دعوی کرنے والے وزیر اعظم عمران خان ”امریکی ڈکٹیشن“ کے تابع نظر آتے ہیں۔

ڈاکٹر افتخار نقوی نے کہا کہ بیرونی مداخلت سے پاک بنانے کا خواب چکنا چور ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔عوام نے تحریک انصاف کی حکومت سے جو امیدیں وابستہ کر رکھی تھیں وہ ساری سمندر کے جھاگ کی طرح ماند پڑتی جا رہی ہیں۔عمران خان کے اعلانات محض زبانی دعووں تک محدود ہو کررہ گئے ہیں۔ جو حکمران اپنی مرضی سے اپنے کسی برادر اسلامی ملک سے اظہار افسوس کرنے کا بھی حق نہیں رکھتا وہ عالمی سطح پر مسلمانوں کی نمائندگی کیسے کر سکتاہے۔

ان کا مزیدکہناتھاکہ ایران کے معاملے میں سفارتی و خارجی سطح جو کردار حکومت کو ادا کرنا چاہیے تھا وہ ادا نہیں کیا گیا۔یہود و نصاری کی خوشنودی کے لیے مخلص برادر ممالک کی ناراضگی مول لینا غیر دانشمندانہ فعل ہے۔حکومت یہ بات ذہن نشین کر لے کہ بصیرت سے عاری فیصلے مقبولیت کے مینار کو زمین بوس کر دیا کرتے ہیں ۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree